لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی تیزی سے ہورہی ہے۔ ہمارے ہاں اچھے اور مختلف موضوعات پر فلمیں بنانے کا رجحان فروغ پا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بننے والی فلموں کی وجہ سے اب سینما گھروں کی رونق بڑھنے لگی ہے، جو بہت خوش آئند ہے۔ اب پڑھے لکھے لوگ پاکستان فلم انڈسٹری کی کمانڈ سنبھال چکے ہیں اوریہی لوگ پاکستانی فلم کو انٹرنیشنل مارکیٹ تک لے کر جائینگے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اچھوتے اور منفرد کردار کرنے کو ترجیح دی ہے۔
مجھے آئے دن فلموں میں اور ڈراموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوتی رہتی ہیں لیکن مجھے تعداد پرنہیں بلکہ معیاری کام پراپنی توجہ مرکوز رکھنی ہے۔ پاکستان میں اچھے پراجیکٹ کے ساتھ بھارت میں بھی کچھ نئے اور بہترین پراجیکٹ سائن کرلیے ہیں لیکن اس حوالے سے معاہدے کے مطابق فی الحال کچھ نہیں بتاؤں گی، بس اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ فنکارکسی سرحد کا محتاج نہیں ہوتا۔ اس کی فنی صلاحیتیں اسے لوگوں کے دلوں پرراج کرنے کا حقدار ٹھہراتی ہیں۔ اس لیے جو لوگ اپنے کام میں حقیقت کے رنگ بھرتے ہیں، وہی لوگوں کے دل ودماغ پر راج کرپاتے ہیں اسی لیے میں نے پاکستان میں بھی جو پراجیکٹ سائن کیے ہیں۔
ان میں اپنے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو حقیقت کے قریب تر کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلم اسٹار شان کے ساتھ ایک فلم میں کام کیا ہے، وہ بھی میرے چاہنے والوں کے لیے ایک سرپرائز ہے مگر شان جیسے باصلاحیت اداکار کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا‘ وہ بہتر پروفیشنل اور سپورٹنگ ہے اس لیے ہم مستقبل میں بھی ایک ساتھ کام کرینگے۔
ایک سوال کے جواب میں عمائمہ ملک نے کہا کہ عیدالاضحی پر پاکستانی سینما گھروں میں بہترین فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔ خاص طور پراس مرتبہ عید کے موقع پر پاکستانی سینما گھروں میں جہاں امپورٹ قوانین کے تحت بالی ووڈ اسٹارز کی فلم نمائش کے لیے پیش کی جائے گی وہیں پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سے بننے والی فلمیں بھی سینما گھروں کی زینت بنیں گی‘ مجھے امید ہے کہ پاکستانی فلمیں اس مرتبہ بہترین پکچرائزیشن، موضوع اور فنکاروں کی جاندار اداکاری وجہ سے امپورٹڈ فلموں کی چھٹی کروادے گی۔