خیرپور (جیوڈیسک) امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات میں دھاندلیوں کی شکایات کا نوٹس لیتا تو اب الیکشن میں دھاندلی کی بات نہ کی جاتی، حکومت کو ایک سال گزر چکا ہے، کیا حاصل ہوا کیا نہیں، تمام معاملات دلدل میں ہیں، مودی ہندوستا ن کے وزیر اعظم بن گئے تو پاکستان کیلئے مشکلات بڑھ سکتی ہیں، اس لئے مشکلات کا مقابلہ کرنے کیلئے پیشگی تیاری کرنی ہوگی، سندھ پنجاب کے مقابلے میں بہت پیچھے ہے، پنجاب میں ہر طرف ترقی نظر آرہی ہے، شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ 2015 تک پنجاب کے لوگ پڑھے لکھے ہونگے اور پسماندگی ختم کردی جائیگی لیکن سندھ کے وزیر اعلیٰ نے اس طر ح کا کوئی اعلان نہیں کیا، سندھ کے حالات بہت خراب ہیں، امن نہیں ہے، لوگ مایوس ہیں، 2 ہزار ڈاکٹر مایوس ہوکر سندھ سے بیرون ممالک چلے گئے ہیں، وہ دلشاد منزل خیرپور میں پیر پگارا کے صاحبزادے پیر عمر مصطفیٰ شاہ راشدی، جئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض چانڈیو اور سردار امتیاز حسین پھلپوٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ ایک پارٹی ایک سال کے بعد الیکشن میں دھاندلیوں کے الزامات لگا کر باہر نکلی ہے، الیکشن میں دھاندلیوں کے الزامات کا ذمے دار الیکشن کمیشن ہے، انہوں نے کہا کہ مودی کے بھارت کے وزیر اعظم بننے سے پاکستان کیلئے چیلنج بڑھ سکتے ہیں، اس لئے ہمیں پیشگی آنکھیں کھولنا ہوں گی جبکہ افغانستان کی صورتحال پر بھی نظر رکھنا ہو گی، انہوں نے کہا کہ افغانی سندھ میں آرہے ہیں۔
سندھ کے حالات افغانیوں نے خراب کئے ہیں، جو افغانی سندھ میں آرہے ہیں وہ واپس نہیں جائینگے، اس لئے مزید افغانیوں کو سندھ میں آنے سے روکنا ہوگا، ورنہ سندھ مزید بدامنی کا شکار ہو جائیگا، عبد اللہ حسین ہارون نے کہا کہ سندھ کے حالات بہت خراب ہیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال بھی صحیح نہیں ہے، جس سے ملک مسائل کا شکار ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی کمی کا ہے، حکومت نے بجلی کی کمی دورنہ کی تو معاملات حل نہیں ہونگے، کراچی آپریشن کے متعلق انہوں نے کہا کہ آپریشن سے کچھ علاقوں میں فرق پڑا ہے تاہم پیپلزپارٹی سندھ میں 6 سال سے حکومت کر رہی ہے لیکن صوبے کے حالات بہتر نہیں ہوئے، سڑکوں پر ڈاکو راج ہے، ہر جگہ بدامنی ہے، خیرپور میں اغوا کار گھوم رہے ہیں، حکومت کیا کر رہی ہے سمجھ میں نہیں آرہا، انہوں نے کہا کہ سیاست چھوڑ کر سندھ میں امن قائم کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ میں سندھ میں جہاں بھی جارہا ہوں لوگ بدامنی کی شکایات کر رہے ہیں اور حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔