تحریر:اقبال کھوکھر قول ہے کہ”جو شخص خدا کی مخلوق سے محبت نہیں کرتا وہ کبھی بھی خداسے محبت کرنے کا دعویٰ نہیں کرسکتا”اوریہ ایک ایسی سچائی ہے جسے کرّہ ارض میں موجود ہرذی شعورنہ صرف تسلیم کرتا ہے بلکہ اس حقیقت کے ادراک سے اسے اپنی عقل وفہم سے انسانیت کے لئے کام کرنے والے اداروں کے کردار و اعمال کو بھی سمجھنے میں معاونت ملتی ہے۔بے شک علاقائی، ملکی اور عالمی سطح پر خداکی مخلوق سے محبت اور انسانیت کی بھلائی کے لئے بے شمار رفاعی و فلاحی ادارے و شخصیات مصروفِ خدمت ہیں۔
گوکہ یہ الگ بحث ہے کہ سب کی کارکردگی ایک جیسی نہیں اور سب کے خیالات ومقاصدبھی یکساں نہیں اس لئے لازم طورپر سب کے نتائج و عواقب بھی مختلف ہوتے ہیں۔حقیقی طور پر انسانیت کے لئے کام کرنے والے اداروں و شخصیات کی خدمات کوسراہنا مہذب وزندہ قوموں کی پہچان اور انسانیت کی تعریف گردانا جانا جاتا ہے۔دنیا کے منظر نامے میں جہاں کہیں بھی انسانیت،انسانی حقوق، معاشرتی بہبود وترقی اوردوسروں کی اخلاقی وقانونی معاونت کا ذکر کیا جائے تو ہمیں”سنٹر فارلیگل ایڈاسسٹنس اینڈسیٹلمنٹ”CLAAS کا نام سرفہرست دکھائی دیتا ہے اور یقینا اس سرفہرستی میں محترم ایم اے جوزف فرانسیس (نیشنل ڈائریکٹر)اور مسزایگا کینی(چیئرپرسن) کے تعمیری ومثبت خیالات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ان کی قیادت میں کارکنان کی شبانہ روز محنت اوران تھک سماجی کوششوں کا ہاتھ ہے
جو دنیا کے طول وعرض میں جاری اپنے رفاعی و فلاحی منصوبہ جات کے تحت دکھی انسانیت کی خدمت میں کوشاں رہتے ہیں۔ کارکنان کے جذبہ خدمت،انسان دوستی اور ہمدردانہ سوچ نے انہیں ایک ادارے سے”CLAASفیملی” بنادیا ہے ۔”CLAAS فیملی ”نے اب تک ان گنت پراجیکٹس کے ذریعے معاشرتی بھلائی، معاشی بہتری، مظلوموں کی دادرسی سمیت قانونی و سماجی کوششوں سے ہزاروں خواتین وحضرات کی مختلف سطح پر غلامی سے آزادی کو ممکن بنایا ہے۔ پسے طبقات، محرومیوں کے شکار خاندان، مشکلات و مسائل میں افراد، معاشرے کے ستائے لوگوں کی بلاتفریق، بلاامتیاز اور بلا رنگ ونسل و مذہب اخلاقی، مالی و سماجی مدد کرنے میں CLAAS نے مثالی کردار ادا کیا ہے۔
Humanity
دکھی انسانیت کی خدمت اوربے سہارا قیدیوںکی رہائی،نجی وسرکاری سطح پر غلامیوں کی زنجیروں میں جکڑے بے گناہ اور معصوم افراد کی رہائی کے لئے CLAAS کا لیگل ایڈ سیل تجربہ کار ومخلص وکلاء کی نگرانی میں دن رات کام کررہا ہے۔ دکھی انسانیت کی بھیگی پلکوں سے آنسو پونچھنے اوران کے غمزدہ چہروں پر خوشی کی کرن پیدا کرنے میں CLAAS نے ہمیشہ سعی کی ہے۔ ہرقسم کے خطرات کی پرواہ کئے بغیربے شمار دبائو، دھمکیوں کے باوجود اور کارکنان کے جذبہ ء خدمت کے باعث پاکستان کے تمام انسانی وسماجی ادارے وشخصیات CLAAS کی کارکردگی پر اعتماد کرتے ہیں۔ عالمی سطح پر CLAAS کو احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔اس وقت سینکڑوں بین الاقوامی وہزاروں قومی ایوارڈز، اسناد وسرٹیفکیٹس کا اعزاز رکھنے کے ساتھ ساتھ CLAAS کے مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے عالمی اداروں وشخصیات سے بھی بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے
جو کام اوراعتماد میں وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوئی ہے۔کسی بھی ناانصافی وظلم وجبر کے متاثرین کی نگاہیں اس ادارے کی طرف اٹھتی ہیں جو ان کے بھروسے اورامید کو ٹوٹنے نہیں دیتے۔شانتی نگر،باہمنی والا،جوزف کالونی آل سینٹس چرچ پشاور، گوجرہ ،کوریاں والا، کم سن رمشائ، آسیہ بی بی سمیت قومی ومذہبی سانحات ، سیلاب وزلزلہ زدگان اور قدرتی آفات میں بھیCLAAS کی انسان دوستی اورجواں عزم خدمت قابل اطمینان ہے۔
CLAAS کا دائرہ خدمت وسیع بھی ہے،موثر اور دوررس نتائج کاحامل بھی۔اس لئے کرسمس ہو،ایسٹر ہویا کوئی اور قومی تہوارضرورتمندوں،بے سہاروں،بیوائوں کی امیدوں کامرکز CLAAS ہوتا ہے۔ CLAAS کی قیادت نے انسانیت کے خلاف اٹھنے والے ہتھیاروں کومحبت کے پھولوں میں بدلنے کی بھی کوشش کی ہے۔اسی لئے انسانیت کے حقوق کی پامالی اور ظلم و ناانصافی چاہے ملک میں ہو یاملک سے باہرجرات سے آواز بلند کرنے میں پہل کی۔ CLAAS کی سماجی، قانونی واخلاقی خدمات کا قافلہ ”مسز ایگاکینی” اور” ایم اے جوزف فرانسیس ”کی قیادت میں جوان عزم سے رواں دواں ہے ہماری دعا ہے کہ خداکی مخلوق سے محبتوں کا یہ سفر ہمیشہ جاری وساری رہے۔