لاہور (جیوڈیسک) برصغیرپاک وہند کے عظیم اداکاردلیپ کمار نے طبعیت میں بہتری کے بعد اپنے قریبی عزیزواقارب اورفلم انڈسٹری کے معروف فنکاروں سے ملاقاتیں شروع کردیں۔
دلیپ کمار کی اہلیہ اورماضی کی معروف اداکارہ سائرہ بانو نے بتایا کہ یہ سب اللہ کی خاص کرم نوازی ہے کہ دلیپ کمار ( یوسف خان ) کی طبعیت اب بہتر اچھی ہے۔ دنیا بھرمیں دلیپ کمار کے پرستاروں کی کثیر تعداد جہاں فون کالز کے ذریعے ان کے لیے نیک تمناؤں کے پیغام بھجوارہی ہیں وہیں خطوط اورخصوصی کارڈز بھی بذریعہ پوسٹ وصول ہورہے ہیں۔
وہ اپنے قریبی عزیزواقارب، دوست احباب سے ملاقات بھی کر رہے ہیں جب کہ دنیا کے بیشتر ممالک سے اپنے پرستاروں کی فون کالز کاجواب بھی دے رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے ملنے والی ہدایت کے مطابق ہم انھیں پرہیزی کھانا اور ادویات کا باقاعدگی کے ساتھ استعمال کروا رہے ہیں جس کی وجہ سے اب ان کی حالت میں سُدھارآ رہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ بالی ووڈ کے بہت سے معروف فلمی ستاروں نے بھی ان سے ملاقات کی ہے جب کہ متعدد نے فون کالز پر رابطہ کرتے ہوئے ان کی مکمل صحتیابی کی دعا کے ساتھ نیک تمناؤں کااظہارکیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سائرہ بانو نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر پشاور کا تذکرہ توہمارے گھر میں ہوتاہی رہتا ہے۔ اس لیے جب کوئی پاکستان سے فون کال آجائے تودلیپ کمار فوری طور پر پشاور کے حالات بارے ضرور معلوم کرتے ہیں۔