ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں ڈمپل گرل کے نام سے مشہور اداکارہ پریتی زنٹا نے بھارتی میڈیا کو غلط افواہیں پھیلانے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بالی ووڈ اداکارہ اپنے قریبی دوست سے شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد امریکا میں خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں لیکن جب تک وہ بھارت میں تھیں تو آئے روز بنتے بگڑتے معاشقوں اور شادی سے متعلق خبروں کے باعث میڈیا کی زینت بنتی رہیں جس کے باعث انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا یہی وجہ ہے انہوں نے سوشل میڈیا پر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے مداح کے جواب میں اداکارہ پریتی زنٹا کا کہنا تھا کہ پیسے لے کر خبریں بنانا کسی بھی صورت صحافت کے لیے ٹھیک نہیں ہے جب کہ لفافا جرنلزم حقیقی معنوں میں بھارتی ذرائع ابلاغ میں کینسر کی طرح پھیل چکا ہے جس سے بھارتی میڈیا کی سالمیت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے حال ہی میں اپنے قریبی امریکی دوست سے لاس اینجلس میں شادی کی ہے۔