براہ راست عوام کی خدمت کر کے تبدیلی لائی جا سکتی ہے، اے ٹی آئی طلبہ مسائل کے حل کے لئے آگے آئے، علامہ بشیر فاروقی

کراچی ( خصوصی رپورٹ) بانی انجمن طلبہ اسلام شیخ الحدیث و تفسیر علامہ جمیل احمد نعیمی نے کہا کہ میری قائم کردہ انجمن طلبہ اسلا م کے طلبہ کو معلوم ہے کہ نظام مصطفیۖ کے عملی نفاذ اور مقام مصطفیۖ کے تحفظ کے لئے راستہ اور منزل کونسی ہے اور جدوجہد کس نہج پر کرنی ہے، مخالفین سے اپنا دامن بچا کر بغیر الجھے منزل کی طرف رواں دواں رہیں، قائد اہل سنت امام شاہ احمد نورانی کے سامنے بھی رکاوٹیں اور مصائب کا ڈھیر رکھ دیا گیا مگر حضرت قائد اہل سنت اپنی منزل کی طرف رواں دواں رہے۔

ناظم سندھ محمد زبیر ہزاروی کی زیر قیادت انجمن طلبہ اسلام کے وفد سے ملاقات میں بانی انجمن علامہ جمیل احمد نعیمی نے کہا کہ جامعہ کراچی، جامعہ ہمدرد، اور جامعہ اردو میں تنظیم سازی کا آغاز خوش آئند بات ہے، میں تمام طلبہ کو مبارک بار پیش کرتا ہوں ، رابطہ مہم کی دوسری ملاقات سیلانی ویلفیئر کے سربراہ علامہ بشیر فاروقی صاحب سے کی گئی، اس ملاقات میں علامہ بشیر فاروقی صاحب نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام طلبہ کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کرے اور طلبہ کو براہ راست مدد فراہم کریں، ان کی فیس اور ایڈمشن کے مسائل کو حل کریں، کہیں کوئی معاملہ ہوتا ہے۔

تو سیلانی ویلفیئر کے شعبہ تعلیم سے مکمل رابطے میں رہیں، علامہ بشیر فاروقی صاحب نے کہ سیلانی ویلفیئر ہمہ وقت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے گامزن ہے، اورماس ایجوکیشن کے نئے شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تا کہ تعلیم و تربیت کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں،ناظم سندھ محمد زبیر ہزاروی اور ناظم کراچی نبیل مصطفائی نے حضرت کا شکریہ ادا کیا، اس رابطہ مہم میں جامعہ کراچی سے عبداللہ نورانی، جامعہ ہمدرد سے شیراز خان، جامعہ اردو سے بابر مصطفائی، ضلع ملیر کے ناظم فراز رضا قادری اور جنرل سیکر ٹری کراچی سیف الاسلام بھی شریک تھے۔