براہِ راست امریکا پروازوں والے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ

Flights

Flights

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے براہ راست امریکا پروازوں والے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ شام اور یمن میں القاعدہ کے دہشت گرد وہاں سے بم بھیج سکتے ہیں۔

امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سیکریٹری کا کہنا ہے کہ ان تمام غیرملکی ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی بڑھائی جارہی ہے جہاں سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں ہوتی ہیں۔ اس سلسلے میں اتحادی ممالک کے ساتھ مصدقہ معلومات کا تبادلہ اور ایوی ایشن صنعت کے ساتھ بھی مشاورت کی جارہی ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کون کون سے ایئرپورٹ ایسے ہیں جہاں سیکیورٹی بڑھائی جارہی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شام اور یمن میں القاعدہ کے دہشت گرد بم بنارہے ہیں جو ممکنہ طور پر امریکا آنے والی پروازوں میں اسمگل کئے جا سکتے ہیں۔