ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں جہاں مرد فنکاروں کو رول حاصل کرنے کیلئے اپنا خون پسینہ بہانا پڑتا ہے وہیں خواتین فنکاروں کیلئے بھی یہ راہ آسان نہیں۔اداکارہ ترپتی شرما پانچ سال پہلے دہلی سے ممبئی آئیں، انکے دل میں بالی ووڈ میں ایک بڑا مقام حاصل کرنے کی خواہش تھی لیکن کچھ اشتہارات اور یش راج بینر کی فلم ’’شْدھ دیسی رومانس‘‘ میں ایک چھوٹے سے رول کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا۔
بالی ووڈ سے دلبرداشتہ ترپتی کے مطابق انڈسٹری میں کئی ’’کوآرڈینیٹر‘‘ ہوتے ہیں، جن کے پاس تمام ماڈلز اور اداکاراؤں کا ڈیٹا ہوتا ہے اور اچھے رولز کیلئے ان ہی سے رابطہ کیا جاتا ہے اور پھر یہ ہمیں رول دینے کے عوض ہم سے اچھی خاصی رقم لیتے ہیں۔ نئے فنکاروں کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جاتی ہے-
ترپتی انڈسٹری کے کاسٹنگ ڈائریکٹرز پرسوال اٹھاتے ہوئے کہتی ہیں کہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ اچھے کردار کا حصول ہم نئے فنکاروں کی مجبوری ہے، اسی لیے یہ ہمیں انگلیوں پر نچاتے ہیں اور ساتھ گھومنے پھرنے کیلئے کہتے ہیں۔ ترپتی شرما کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں جگہ بنانے کیلئے بہت کچھ قربان کرنا پڑتا ہے۔