گندگی کے ڈھیر، مکین وبائی امراض کا شکار بننے لگے

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد: خیابان 3 میں واسا کی نااہلی، علاقہ میں جوہڑ اور گندگی کے ڈھیر، مکین وبائی امراض کا شکار بننے لگے۔ تفصیلات کے مطابق خیابان 3 ایڈن روڈ میں گندے پانی اور جوہڑ نے واسا کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ گٹروں کا گندا پانی گلیوں میں کھڑا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے خصوصاً رات کے وقت پیدل چلنا بھی محال ہے۔ بدبو اور تعفن سے علاقہ مکین موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

منظور احمد، بشیر احمد، سکندر احمد، محمد کاشف، محمد عمر، تنویر شیخ کے مطابق کئی بار واسا افسران کو درخواست دی گئی لیکن کسی بھی واسا افسر کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ علاقہ مکینوں نے ڈی سی او فیصل آباد اور ایم ڈی واسا سے مطالبہ کیا ہے کہ خیابان 3 کے باسیوں کی حالت زار پر رحم کیا جائے۔ گٹروں کی صفائی اور نکاسی آب کیلئے جلد از جلد اقدامات کئے جائیں تاکہ شہری وبائی امراض کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔