ڈھاکا (جیوڈیسک) پانچ ملکی ڈس ایبلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بھارت کو 43 رنز سے کچل کر فائنل میں رسائی پالی، لیفٹ آرم اسپنر فیاض احمد نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا، افغانستان نے میزبان بنگلہ دیش کو 3 وکٹ سے مات دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈھاکا میں جاری ایونٹ میں پاکستان کیخلاف بھارتی سائیڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس نے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹیں گنواکر 174 رنز اسکور بورڈ پر جوڑے، کپتان حسنین عالم نے ساتھی اوپنر مطلوب حسین کے ہمراہ ففٹی پلس کا آغاز فراہم کیا، حسنین عالم نے25 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے۔
ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا، مطلوب نے 13 رنز اسکور کیے، ریحان غنی مرزا نے 25 گیندوں پر 34 رنز بنائے،دانش احمد 15 بالز پر 26 رنز بنانے میں کامیاب رہے، دنیش کمار اور دیشارتھ نے 2،2 وکٹیں لیں، جواب میں لیفٹ آرم اسپنر فیاض احمد کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بھارتی ٹیم 131 رنز پر آؤٹ ہوگئی، یش ناگی 26،انسول 24 اور کرونل 20 رنز بناکر کچھ مزاحمت کرپائے، فیاض نے ہیٹ ٹرک سمیت 14 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا،یہ انٹرنیشنل ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں بھی پہلی ہیٹ ٹرک شمار ہوئی، راؤ جاوید اور نہارعالم نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
واضح رہے کہ ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی دنیا کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز پاکستان کے سابق فاسٹ بولر جلال الدین کو حاصل ہے، گذشتہ روزدوسرے میچ میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو 3 وکٹ سے ہرادیا، میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 119 رنز بنائے، افغان بولرز نے آغاز پر نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے ابتدائی 3 اوورز میں میزبان ٹیم کے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے، جس کے بعد ہر اوور کے ساتھ رنزبنانے کی رفتارکم ہوتی گئی۔
پاورپلے میں بنگلہ دیشی ٹیم محض 18 رنز اسکور کرپائی، امین الدین نے کچھ ہمت دکھاتے ہوئے 26کی اننگز کھیلی، شاہریا شمیم نے 47 گیندوں پر 56 رنزبٹورکرٹیم کو سنبھالادیا، اپربوکمار 19 رنز بناکرنمایاں رہے، محمود اللہ نے 2 کھلاڑیوں کو قابوکیا، جوابی اننگز میں افغان ٹیم جارحانہ موڈ میں دکھائی دی اور دوسرے اوورمیں 20 رنزبٹورے، حسیب اللہ متنازع انداز میں رن آؤٹ ہوئے، افغانستان نے ہدف 7 وکٹ پرحاصل کرلیا، 32 رنز اسکور کرنے والے محمود اللہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔