پسماندہ آبادیاں دل کے قریب تر ہیں، خرم دستگیر خان

Khurram Dastgir Khan

Khurram Dastgir Khan

گوجرانوالہ: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پسماندہ آبادیاں دل کے قریب تر ہیں، سہولتیں فراہم کرکے ترقی یافتہ علاقوں کی صف میں لائیں گے، مسلم لیگ ن کی حکومت مخالفین کی تنقید کا جواب ترقی کی شکل میں دے رہی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی جی ٹائون میں مسیحی قبرستان کی چار دیواری کے افتتاح کے موقع پر اہل علاقہ کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت دستیاب وسائل کو پوری دیانتداری سے عوام پر نچھاور کر رہی ہے اور آنے والی نسلوں کا مستقبل سنوارنے کے لئے سچی لگن کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہے،حکومت کی ٹانگیں کھینچنے والوں کو بہترین جواب ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی شکل میں دیا جا رہا ہے۔عوام کی تجاویز اور تعاون کی مدد سے گوجرانوالہ کی ترقی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ایم پی اے چوہدری اشرف علی انصاری نے کہا کہ گوجرانوالہ میں سینئر راہنما غلام دستگیر خان کی قیادت میں خدمت کے سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں،عام انتخابات میں عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے،اس موقع پر ٹریذہ مختار،یوسف کمال ،آصف چیدہ،وقاص گل،فیصل بھٹی،مدثر بھٹی اور اقبال سہوترا نے بھی خطاب کیا۔