کراچی (جیوڈیسک) پی سی بی کے چیف سلیکٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر معین خان نے کہا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم ہمیشہ ہماری سخت حریف رہی ہے، ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے نتائج پرحوصلہ شکنی کے بجائے عالمی کپ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز کے اختتام پر کولمبو سے کراچی پہنچے کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے کہا کہ وہ فی الحال دورہ ٔسری لنکا کے حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر اظہار خیال نہیں کر سکتے، تاہم اس ضمن میں اپنی تفصیلی رپورٹ تیار کرکے بورڈ کو پیش کر دوں گا جس میں تمام پہلوئوں کا مکمل تجزیہ شامل ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز آسان نہ تھی، تاہم بدقسمتی پاکستان کے آڑے آگئی، انھوں نے ٹیسٹ سیریز میں نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے مشکل حالت میں اعتماد کے ساتھ وکٹ پر کھڑے ہوکر اپنی اہلیت ثابت کی، انھوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں احمد شہزاد، فواد عالم اور صہیب مقصود نے بھی اچھی بیٹنگ کرکے اپنے انتخاب کودرست ثابت کیا۔
معین خان نے کہا کہ ہمیں مثبت سوچ کا اپنانا ہوگا، منفی رویہ اختیار کرنے سے ہدف کے حصول میں دقت ہوتی ہے، اب ہماری نظریں ورلڈ کپ پر ہونی چاہیں، قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اورآفیشلز خاموشی کے ساتھ واپس وطن پہنچے، کراچی پہنچے والے کھلاڑیوں میں شاہد خان آفریدی، فواد عالم، انور علی، شرجیل خان اور صہیب مقصود بھی شامل تھے، قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق، ہیڈ کوچ و سابق ٹیسٹ کپتان وقار یونس، دیگر کھلاڑی اور آفیشلز دیگر پروازوں سے لاہور اور پشاور روانہ ہوگئے۔