اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی تمام درخواستیں خارج کردیں، مقدمے کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ خصوصی عدالت سنگین غداری کیس کے ملزم پرویز مشرف نے ججز کے متعصب ہونے، مقدمہ کے اندراج کے طریقہ کار، عدالت کی تشکیل اور ججز کی نامزدگی سے متعلق درخواستیں دائر کی تھیں۔
پرویز مشرف کی درخواستوں پر ان کے وکلا انور منصور خان اور خالد رانجھا نے تقریباً پونے دو ماہ تک دلائل دیے۔ اس کے جواب میں استغاثہ کے سربراہ اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔ خصوصی عدالت نے 18 فروری کو سماعت مکمل ہونے کے بعد ان درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیاتھا۔