اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپنی ڈوبتی ناؤ کو مولانا جیسے کردار کے ذریعے سہارا دینے کی کوششیں کر رہے ہیں ، تعصب اور سچائی سے بیزاری کے باعث وزیر اعظم کو “نیا پختونخوا” نظر نہیں آ سکتا۔
وزیر اعظم کے ڈی آئی خان میں خطاب پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ مولانا کا ساتھ نواز شریف کو تب تک حاصل ہے جب تک لوٹ مار میں سے انہیں حصہ ملتا رہے گا۔
مولانا کو شریک اقتدار کرنے والا آمر ہو یا سیاستدان، عبرتناک انجام سے دوچار ہوا ، مدارس کے معصوم طلباء مولانا کی روزی اور سیاست کا وسیلہ ہیں ،مدارس کے طلباء کو استعمال کرکے حکومتوں کے ساتھ مفادات کا لین دین کرنے میں مولانا بالکل شرم محسوس نہیں کرتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تعصب اور سچائی سے بیزاری کے باعث وزیر اعظم کو “نیا پختونخوا” نظر نہیں آسکتا ،نواز شریف کے پاکستان میں کرپشن آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے جبکہ “نئے پختونخوا” میں کرپشن دم توڑ رہی ہے۔
نواز شریف کے پاکستان میں سڑکوں اور پلوں پر سرمایہ بہایا جا رہا ہے جبکہ “نئے پختونخوا” میں انسانوں کو ترقی دی جا رہی ہے۔ عمران خان اور پختونخوا حکومت کے دباؤ کے باعث وزیر اعظم چشمہ رائیٹ بنک کینال کے اعلان پر مجبور ہوئے 2018 کے خواب دیکھنے کی بجائے وزیر اعظم پانامہ کے آئینے میں اپنا مسقبل تلاش کریں ، نواز شریف قوم کے سوالوں کا تسلی بخش جواب دیں تو شاید سیاست میں زندہ رہنے میں کامیاب ہو سکیں۔