امراض سے محفوظ رہنے کیلئے غذائی تدابیر اور احتیاط لازمی ہے۔ڈاکٹر سلمان فریدی
Posted on March 13, 2014 By Majid Khan کراچی
کراچی : لیاقت نیشنل ہسپتال کے ڈیپارٹمنٹ آف نیفرولوجی کے زیر اہتمام گردوں کے عالمی دن کے موقع پر عوام الناس کے لئے آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے طبی ماہرین نے کہاکہ گردے انسانی جسم کا نہایت اہم جز ہے ،بلڈ پریشر کو کنٹرول کرکے گردوں کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے ،ذیابیطس گردے خراب ہونے کی سب سے اہم وجہ ہے لہذا احتیاط اور غذائی تدابیر پر عمل کرکے ہم ایک صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہاکہ امراض سے محفوظ رہنے کے لئے آگاہی انتہائی ضروری ،امراض سے متعلق عوامی شعور کی بیداری بھی ایک عبادت ہے اور لیاقت نیشنل ہسپتال عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صحت مند زندگی کے فروغ کے لئے عوام کو امراض سے متعلق آگاہی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت نیشنل ہسپتال نیفرولوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر کنور نوید مختار نے ہائی بلڈ پریشر کے گردے پر مضر اثرات پر تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ بلڈ پریشر کا صحیح کنٹرول گردے کو محفوظ رکھ سکتا ہے۔
انہوں نے گردے کے امراض کی دیگر وجواہات سے عوام کو آگاہی فراہم کی اور اس بات پر زور دیا کہ کس طرح سادہ ٹیسٹ کر اکے گردے کی بیماری تشخیص کرسکتے ہیں اس موقع پر ڈائلیسس اور گردوں کی پیوند کاری کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی اس موقع پر کنسلٹنٹ نیفرولوجسٹ ڈاکٹر فرزانہ عدنان ذیابیطس کے گردے پر اثرات کو واضح کرتے ہوئے بتا یا کہ ذیابیطس گردے خراب ہونے کی سب سے اہم وجہ ہے ،کنسلٹنٹ نیفرولوجسٹ ڈاکٹر نائلہ آصف نے پیشاب کے انفکشن اور گردے پر اثرات کے حوالے سے عوام کو مفید معلومات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ پیشاب کے جملہ انفکشن اہم مسئلہ ہے اس کی تشخیص اور علاج بالخصوص دوران حمل بہت ضروری ہے ورنہ نو مولود اور حاملہ کی صحت و جان کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوسکتا ہے اس موقع پر انہوں نے بچوں میں پیشاب کے انفکشن کی وجوہات پر تفصیلی آگاہی فراہم کی ،اسٹاف نیفرولوجسٹ ڈاکٹر شفقت وقار خانزادہ نے گردے کی پتھری اور اس کے نقصانات کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے مرض سے بچنے کے لئے غذائی تدابیر اور احتیاط ضروری قرار دیا ۔تقریب میں شہر کے مختلف میڈیکل کالجز کے طلباء و طالبات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com