کراچی : چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ عوام کو علاج و معالجے کی سہولیات مہیا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شاہد کو میٹرنٹی ہومز اور ڈسپنسریز کیلئے میڈیسن دیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر منظور حسین عباسی، ایس ای ایسٹ شفیق الرحمن و دیگر تمام محکمہ جاتی افسران و ڈاکٹرز موجود تھے ، واضح رہے کہ بلدیہ شرقی میں محکمہ ہیلتھ کو چند مہینے پہلے ہی ضم کیا گیا تھا جبکہ ان اداروں میں فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث مریضوں کو سہولیات دستیاب نہیں تھیں جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے دواؤں کا بندوبست کرکے محکمہ ہیلتھ کے حوالے کیں۔
چیئرمین معیدا نور نے اس موقع پر کہا کہ مناسب وسائل نہ ہونے کے باوجود بھی بلدیہ شرقی کے افسران نے فنڈز کا بندوبست کرکے دوائیں خریدیں ، میری بس یہی خواہش ہے کہ عوام کا علاج و معالجہ بہتر طریقے سے ہوسکے اور انہیں بنیادی سہولیات میسر آسکیں ،دریں اثناء ادویات کی شفاف فراہمی کیلئے “NOT FOR SALE DMC EAST” کی مہر لگادی گئی ہیں اور محکمہ ہیلتھ کو دوائیوں کا اسٹاک رجسٹر بنانے کی ہدایات دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میٹرنٹی ہومز اور ڈسپنسیز کو بہتر کرنے کیلئے مزید اقدامات کیئے جائیں گے جس میں لیبارٹری کا قیام ، بلڈنگ و فرنیچر کی بہتری و دیگر اقدامات شامل ہیں۔
چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شاہد نے اس موقع پر چیئرمین معید انور اور تمام بلدیاتی افسران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ عوام کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کیلئے تمام اقدامات یقینی بنائیں گے۔