واشنگٹن (جیوڈیسک) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دے دی ہے کہ وہ امریکا کی میکسیکو سے ملنے والی جنوبی سرحد مکمل طور پر بند کر دیں گے۔ انہوں نے یہ دھمکی امریکی کانگریس کے ارکان کی طرف سے اس سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈز مہیا نہ کرنے پر دی۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے جمعہ اٹھائیس دسمبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا، ’’اگر رکاوٹیں پیدا کرنے پر تلے ہوئے ڈیموکریٹس نے (میکسیکو کے ساتھ سرحد پر) دیوار کی تعمیر کی تکمیل کے لیے مالی وسائل مہیا نہ کیے، اور وہ مضحکہ خیز امیگریشن قوانین بھی تبدیل نہ کیے جن کا خمیازہ ہمارے ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے، تو ہم اپنی جنوبی سرحد کو قطعی طور پر بند کر دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔‘‘
ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دھمکی ایک ایسے وقت پر دی ہے، جب یہ بات تقریباﹰ یقینی نظر آنے لگی ہے کہ وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان کشیدگی کی وجہ اور سرحدی دیوار کی تعمیر کے لیے رقوم مہیا نہ کیے جانے کے باعث امریکی حکومت کا جزوی شٹ ڈاؤن طول پکڑ کے اگلے ہفتے میں داخل ہو جائے گا۔
یہ تنازعہ اب اگلے ہفتے اور اگلے سال میں اس لیے چلا جائے گا کہ اب تک ارکان کانگریس اور صدر ٹرمپ کے مابین کوئی مصالحت نہیں ہو سکی اور صدر کا مسلسل اصرار ہے کہ کانگریس کو میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کے لیے فنڈز جاری کرنا ہی پڑیں گے۔
یہ تنازعہ اس لیے بھی شدید تر ہو گیا ہے کہ اس کے فریقین ابھی تک اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ ڈیموکریٹک ارکان کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کو وہ پانچ بلین ڈالر جاری نہیں کریں گے، جو سرحدی دیوار کی تعمیر کی تکمیل کے لیے درکار ہیں۔
اس کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے بہت سخت گیر امیگریشن پالیسی کو ہی اپنے دور صدارت کا محور بنائے رکھنے کا تہیہ کیا ہوا ہے، بضد ہیں کہ کانگریس نے انہیں پانچ بلین ڈالر نہ دیے، تو وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے وہ فنڈز بھی جاری نہیں کریں گے، جو امریکا کی وفاقی حکومت کی معمول کی کارکردگی کے لیے ناگزیر ہیں۔
اس سے قبل اسی دیوار کی تعمیر کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے نومبر میں بھی واضح کر دیا تھا، ’’اگر معاملات یہاں تک خراب ہو گئے کہ حالات ہمارے قابو سے نکل جانے کا خطرہ ہو اور لوگ زخمی ہونا شروع ہو جائیں، تو ہم میکسیکو کے ساتھ اپنی پوری سرحد ہی بند کر دیں گے۔‘‘
صدر ٹرمپ کی اس دھمکی کے چند ہی روز بعد، جب ہزاروں کی تعداد میں امریکا میں غیر قانونی داخلے کے خواہش مند وسطی امریکی ممالک کے تارکین وطن نے میکسیکو کے ساتھ سرحد پر لگی باڑ توڑنے کی کوشش کی تھی، امریکی بارڈر گارڈز نے بہت ڈرامائی انداز میں ریاست کیلیفورنیا کے جنوب میں میکسیکو کے ساتھ سرحد پر ایک گزرگاہ کو بند بھی کر دیا تھا۔