بیجنگ (جیوڈیسک) چین نے جنوبی سمندر کے متنازعہ پانیوں میں کارروائیاں بند کرنے کے امریکی مطالبے کو مسترد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے عالمی قوانین کی بنیاد پر سمندری تنازعات کو حل کرنے کیلئے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔
امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر موجود تناؤ کو کم کرنے کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔امریکہ نے چین پر جارحانہ اقدامات کر کے عدم استحکام کو فروغ دینے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
یہ الزام اس وقت سامنے آیا ہے جب چین نے فلپائن اور ویتنام کے ساتھ اپنے بحری تنازعات کے معاملے پر امریکی سوچ کو ہدف تنقید بنایا ہے، جس میں چین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اشتعال انگیز عمل میں رضاکارانہ طور پر کمی لائے۔ یاد رہے کہ چین کے خطے کے دیگر ممالک جاپان، فلپائن اور ویتنام کے ساتھ سمندری تنازعات موجود ہیں۔