نااہلی اس وقت تک ہے جب تک یہ فیصلہ دینے والے کرسیوں پر موجود ہیں۔ مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

سیالکوٹ (جیوڈیسک) مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو 4،4 بارایک ہی مقدمے میں نااہل کیا گیا، مائنس کرتے کرتے تم تھک گئے، نواز شریف پلس ہوتا جا رہا ہے، جب جب تم نے نواز شریف کو مائنس کیا، وہ زیادہ مضبوط ہوا، آج عمران خان اور زرداری مہرے بن کر کھڑے ہیں۔

مریم نواز نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کی مدت تاحیات نہیں ہے، نااہلی اس وقت تک ہے جب تک یہ فیصلے دینے والے کرسیوں پر ہیں، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا، نواز شریف کو نااہلی کے بعد پارٹی صدارت سے بھی نکال دیا گیا۔

مریم نواز نے اپنے خطاب کے دوران جارحانہ انداز اپنایا، انہوں نے کارکنوں کاجو ش بڑھانے کیلئے بارہا روک سکو تو روک لو کے نعرے لگائے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جسے اللہ نہ روکے اسے کوئی نہیں روک سکتا، نواز شریف کو مشرف نے دو بار عمر قید کی سزا سنائی، ڈکٹیٹر نے کہا تھا نوازشریف تاریخ کا حصہ بن گیا، نوازشریف کبھی واپس نہیں آئے گا، نواز شریف آج بھی کروڑوں دلوں پر راج کر رہا ہے ، پرویز مشرف ملک میں واپس نہیں آ سکتے، جنہوں نے نواز شریف کو سزائیں دیں وہ آج کہاں ہیں؟

مریم نواز نے پانامہ جے آئی ٹی پر بھی طنز کے نشتر برسائے، ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی گواہی اسی نے دی جو خلاف گواہی دینے آیا تھا، واجد ضیا نے عدالت میں کہا نوازشریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، واجد ضیا نے کہا” 40 نامعلوم افراد نوازشریف کے خلاف تحقیقات کر رہے تھے” کون تھے وہ 40 نامعلوم افراد؟ 70 سال سے عوام کے نمائندوں کے ساتھ یہی ہوتا آیا ہے.

مریم نواز نے ورکرز کنونشن میں اپنے خطاب کے دوران مخالفین کو للکارتے ہوئے کہا کہ سازشیوں نے غلط اندازہ لگایا، سازشیوں نے سوچا نواز شریف ملک چھوڑ کر چلا جائے گا ، نواز شریف سازشیوں کے سامنے کھڑے ہو گئے، نوازشریف نے کہہ دیا نہ میں جھکوں گا نہ بکوں گا، نواز شریف نے انتقام نما احتساب کو سب کے سامنے واضح کر دیا، 70 برسوں سےعوامی نمائندوں کیساتھ یہی کچھ ہوتا آیا ہے، 70 برسوں سےعوام کے ووٹوں کی توہین ہوتی رہی، اس بار قوم جاگ رہی ہے۔

مریم نواز نے دوران خطاب عمران، زرداری بھائی بھائی کے نعرے بھی لگوائے، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور زرداری مہرے بن کر کھڑے ہیں، عوام عمران خان سے پوچھے ووٹ زرداری کو کیوں بیچے؟ عوام 2018 کے الیکشن میں سازشوں کا جواب دیں گے۔