اسلام آباد (جیوڈیسک) الخدمت فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ امسال بڑی آفتیں آئیں۔ زلزلہ، قحط اور سیلاب۔ حالیہ سیلاب سے 22 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، 10 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہوئی، 350 کے قریب ہلاکتیں ہوئیں، چار ہزار دیہات تباہ ہوئے، 56 ہزار مکانات زمین بوس ہوئے، عیدالفطر بھی متاثرین کے ساتھ منائی اور عیدالاضحیٰ بھی متاثرین کے ساتھ منائوں گا۔
بدھ کو ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے نیشنل پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت ایک تحریک ہے۔ یہ 1990ء سے بے سہارا اور دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے اور آج اس کا دائرہ کار آفات سے بچائو، صحت عامہ، تعلیم، کفالت یتامیٰ، صاف پانی، روزگار پروگرام اور دیگر سماجی خدمات تک پھیل چکا ہے ۔ الخدمت فائونڈیشن عیدالاضحی کے موقع پر سیلاب متاثرین سمیت شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز اور تھرپارکر کے ہزاروں متاثرہ خاندانوں میں 15 کروڑ روپے مالیت تک کا قربانی کا گوشت تقسیم کرے گی۔