ضلعی انتظامیہ کے افسران تجاوزات کے خاتمہ میں قطعی طور پر ناکام ہو گئے

اٹک: ضلعی انتظامیہ کے افسرا ن تجاوزات کے خاتمہ میں قطعی طور پر ناکام ہو گئے اٹک کے گنجان آباد تجارتی مراکز مینابازار، صرافہ بازار، سول بازار اور دیگر دوکانداروں، ریڑھی بانوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے راہ گیروں کا پیدل چلنا اور گزرنا محال ہو چکا ہے ضلعی انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹک شہر مینا بازار، صرافہ بازار، صدیقی روڈ، سول بازار میں بااثر دکانداروں نے تجاوزات قائم کر رکھیں ہیں جس کے سبب راہ گیروں کا پیدل چلنا اور گزرنا مشکل ہوگیا ہے ٹی ایم اے کاعملہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ان بازاروں میں خریدار وں کو کافی مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

رہی سہی کسر ٹریفک پولیس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے گاڑی مالکان نے غلط پارکنگ کرکے پوری کر دی ہے ٹریفک کا گھنٹوں جام رہنا معمول بنا ہوا ہے کوئی پرسان حال نہیں شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات اور ٹریفک کے نظام کو اعلیٰ حکام درست کرکے شہریوں کی مشکلات کم کریں۔