قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد کے زیر صدارت کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی رو م میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی او سی مصدق حسین وٹو ، اسسٹنٹ کمشنر قصور وردہ مشہود شورش، اے سی پتوکی محمد نواز گوندل ، اے سی کوٹ رادھا کشن سرمد تیمور ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد شکور، ای ڈی او زراعت عبدالمقید ، ڈی ایس پی محمد سلیم ،ڈی او لائیو سٹاک ، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ، انجمن تاجران کے عہدیداران اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں کھانے پینے کی معیار ی اشیاء کی فراہمی اور ملاوٹ کے خاتمے کے حوالے سے تمام اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد نے کہا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ عوام کو ملاوٹ مافیا سے نجات دلائے گی اور کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ز ، فوڈ انسپکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ملاوٹ شدہ اشیاء تیار اور فروخت کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز کریک ڈائون کریں اور روزانہ کی بنیادوں پر رپورٹ دیں۔
غیر معیاری ، مضر صحت اور ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیاء تیار و فروخت کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور انہیں سخت سے سخت سزائیں دلوائیں گے اور ملاوٹ مافیا کو بھاری جرمانے بھی کئے جائینگے۔ملاوٹ کیخلاف مہم کو موثر بنانے کیلئے باقاعدہ طور پر ضلعی لیول پر کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور اگر کسی کو کوئی شکایت یا کوئی اطلاع دینی ہو تو ٹول فری نمبر 0800-02345پر دیں۔