بدین (عمران عباس) ماہ رمضان المبارک کے دوران ضلع بدین میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے بحران کی شکل اختیار کر لی ہے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ تلہار میں مکمل ہڑتال کی گئی اور تلہار میں ریلی نکالی گئی۔
ضلع بدین میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی کمی کے حکومتی دعوے ضلع بدین میں بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں اور ضلعی ہیڈ کوارٹر سمیت ضلع کے شہری علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ سولہ سے اٹھارہ گھنٹے تک جا پہنچی ہے اکثر شہروں میں سحری و افطار سمیت تراویح بھی بجلی کے بغیر کی جارہی ہے دیہی علاقوں میں کئی کئی روز بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے۔
جبکہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے تمام کاروبار ی و تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہو گئی ہیں بجلی کے اس بحران کے خلاف تاجر تنظیموں کی اپیل پر تلہار میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی گئی اس موقع پر حیدرآباد روڈ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دیا جبکہ بدین میں مہران چوک پہ شہریوں کی جانب سے احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا مظاہرین نے حیسکو کے خلاف نعرہ بازی کی دوسری جانب رابطہ کرنے پہ حیسکو ترجمان محمد صادق کا کہنا ہے کہ شیڈول کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے مگر بعض علاقوں مین فنی خرابی کے سبب بجلی معطل ہو جاتی ہے جسے خرابی دو ر کر کے بحال کر دیا جاتا ہے۔