ضلع چکوال سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد میں احتجاجی جلسہ میں شرکت
Posted on December 22, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
چکوال: ملک بھر کی طرح ضلع چکوال سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد میں احتجاجی جلسہ میں شرکت، بیسیوں کی تعداد میں گاڑیاں روانہ ہوئیں۔ چکوال سے راجہ یاسر سرفراز، ملک شاہد اقبال، چوہدری علی ناصر بھٹی جبکہ تلہ گنگ پاکستان تحریک انصاف کے تحصیل صدر حکیم نثار قافلہ میں شامل ہوئے ۔کارکنوں میں جوش و خروش اور عمران خان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہے ۔ جلوس راجہ یاسر سرفراز کے پبلک سیکرٹریٹ واقع کوٹ سرفراز خان چکوال سے شروع ہوا جوکہ شہر سے ہوتا ہوا مقامی قائدین کی قیادت میں موٹروے انٹرچینج بلکسر پہنچا جہاں پر حکیم نثار صدر تحصیل تلہ گنگ ساتھیوں سمیت قافلہ میں شامل ہوئے ۔
روانگی سے قبل راجہ یاسر سرفراز نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ہم اپنے قائد عمران خان کے ہر فیصلے پر لبیک کہنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور آج کا احتجاج ہر پاکستانی شہری کے دل کی آواز ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہمارے قائد کے تمام تر فیصلے عوامی فیصلے ہوتے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی جماعت کے ارکان ماسوائے غیر پارلیمانی گفتگو کرنے کے کسی اہلیت کے حامل نہ ہیں۔
اس موقع پر چوہدری علی ناصر بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم عوام کے حق میں احتجاج کرنے کے لئے جارہے ہیں اور اپنے قائد کی آواز پر اپنے قائد عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور قلعہ لاہور کے بادشاہوں کو مال روڈ پر ہونے والا احتجاج اپنے گھر کے صحن میں ہوتا نظر آتا ہے اور وہ تحریک انصاف کی ہر کامیابی سے خوفزدہ ہیں۔ اس موقع پر تحریک انصاف چکوال کے جنرل سیکرٹری ملک شاہد اقبال اور تحصیل صدر تلہ گنگ حکیم نثار نے کہا کہ ہم سب ایک جماعت کے کارکن ہیں اور غریب عوام کے ساتھ ظالم حکمرانوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔