کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک اہلسنت پاکستان کے چیف کنوینر سید ارشد علی قادری نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت کا فعال بلدیاتی نظام نافذ کرکے ملک بھر میں غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرایا جائے،پرانا اور فرسودہ انگریزوں کا بنایا ہوا بلدیاتی نظام ختم کیا جائے نچلی سطح سے اوپر تک بلدیاتی نظام رائج کیا جائے تاکہ ہر علاقے میں یکساں ترقیاتی کاموں کو ممکن بنا یا جاسکے
ان خیالات کا اظہار تحریک اہلسنت پاکستان سندھ کے چیف کنوینر سید ارشد علی قادری نے تحریک اہلسنت پاکستان سندھ کے تحت بلدیاتی نظام کے حوالے سے اپنے منشور کا اعلان کرتے ہوئے کیا انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے علیحدہ اور خطیر بجٹ مختص کیا جائے تاکہ گائوں اور دیہات تیزی سے ترقی کرسکیں انہوں نے کہاکہ تحریک اہلسنت پاکستان خوشحال پاکستان کی طلبگار ہے
ارشد علی قادری نے کہاکہ ملک میں فعال بلدیاتی نظام کا نفاذ ہی کرپشن فری پاکستان کا ضامن ہے اس موقع پر سندھ کے چیف کنوینر سید ارشد علی قادری نے تحریک اہلسنت پاکستان کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ تحریک اہلسنت پاکستان ایک پر امن فرقہ واریت سے بالا تر عشق رسول کے جذبوں سے مزین صحابہ کرام اور اہلبیت کی محبت سے سرشار ،امام اعظم ابو حنیفہ کے فقہی نظریات کی پاسبان ،حضور غوث اعظم کے روحانی فیضان شاہ عبد الحق محدث دہلوی کی تعلیمات پر عمل پیرا مجدددین ملت الشاہ احمد رضا خان بریلوی کے افکار کی شارح اولیاء ملت کی عقیدت کی پیکر علوم شریعت کے وارث محدث اعظم پاکستان کے اصولوں کی پابند اور عوام اہلسنت کی ترجمان جماعت ہے۔