گجرات : ضلع گجرات میں تین روزہ انسداد پولیو مہم 8 دسمبر سے 10 دسمبر تک جاری رہے گی اس دوران پانچ سال تک عمر کے 4لاکھ 16ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے بعد ازاں دو روزہ فالو اپ مہم بھی چلائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے جائز ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر اے ڈی سی فاروق رشید سندھو ، اے سی میاں اقبال مظہر ، اے سی افشاں رباب ، اے سی سرائے عالمگیر شعیب نسوانہ ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حیدر خاں ، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف ، ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری ، پاپولیشن آفیسر محمد عدنان ،سماجی کارکن خادم علی خادم و دیگر بھی موجود تھے ۔ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حید ر خان نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع بھر میں پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کے لئے مجموعی طور پر 822موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 31ٹرانز ٹ پوائنٹس اور 119فکس پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔
ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ عوام میں پولیو مہم کے حوالے سے شعور بید ار کرنے کے لئے تمام سکولز کے باہر بینرز لگائے جائیں، مساجد میں اعلانات کرائے جائیں علماء کرام اور میڈیا سے بھی بھر پور تعاون حاصل کیا جائے ۔ انہوںنے ہدایت کہ بھٹہ جات میں مقیم کمسن بچوں اور ہائی رسک پاپولیشن خانہ بدوشوں اور دیگر علاقوں سے ہجرت کر کے منقل ہونے والے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوںنے کہا کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پولیس کی ذمہ داری ہو گی پولیس اس مقصد کے لئے جامع پلان تشکیل دے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی وجہ سے حفاظتی قطروں سے محروم رہ جانیوالے بچوں کو ہر صورت حفاظتی قطروں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ڈی سی او نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع گجرات میں انسداد پولیو مہم ہر لحاظ سے جامع ہونی چاہیے تاکہ نہ صرف ضلع گجرات آئندہ بھی پولیو فری رہے اور پنجاب اور پاکستان سے اس خطرناک مرض کے خاتمہ کا مشن مکمل ہو سکے۔