ضلع گجرات میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) ضلع گجرات میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ‘ مساجد ‘ بازاروں ‘ گلی محلوں اور نجی عمارتوں کو سجانے کا سلسلہ تیز ہو گیا ‘ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح ضلع گجرات میں نبی آخرالزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کے دن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوشایان شان انداز میں منانے کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں ‘ مساجد ‘ بازاروں ‘ گلی ‘ محلوں سمیت نجی عمارتوں کو سجانے کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے ‘ لائٹنگ ‘ جھنڈیوں اور پرچموں سے سجاوٹ کی جار ہی ہے۔

جبکہ بعض مقامات پر کعبہ شریف اور مسجد نبوی شریف کے ماڈلز بھی تیار کئے جار ہے ہیں ‘ پہاڑیاں اور دیگر شیبیں بنانے کا کام بھی جاری ہے ‘ جبکہ مساجد میں عید امیلا النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے محافل میلاد کا سلسلہ بھی جاری ہے ‘ دریں اثناء گجرات شہر سمیت ضلع کے دیگر شہروں قصبوں اور دیہات ‘ کی میلاد کمیٹیوں نے 12ربیع الاول کے جلوسوں کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔

اس موقع پر لنگرزکا اہتمام کرنے کا بھی انتظام کیا جار ہا ہے ‘ ادھر پولیس نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں اور جلسوں کی سکیورٹی کے لئے بھی فول پروف انتظامات کئے ہیں ‘ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر متعلقہ ادارے پوری طرح چوکس رہیں گے ‘ اور جلسے جلوسوں کے پر امن انعقاد کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔