ضلعی ھیڈ کواٹر بدین سمیت مختلف شہروں میں بوندا باندی شروع

Rain

Rain

بدین (عمران عباس) ضلعی ھیڈ کواٹر بدین سمیت مختلف شہروں میں بوندا باندی شروع، بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیاجبکہ ہلکی بارش نے ہی میونسپل انتظامیہ کے پول کھول دیئے، جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا ، شہریوں کو راستوں پر چلنے سے دشواریوں کا سامناکرنا پڑ رہاہ ہے۔۔ضلع بدین کے مختلف شہروں ٹنڈو باگو، گولاڑچی، کڈھن ، تلہار اور بدین میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

بدین شہر میں پڑنے والی ہلکی بوندا باندی نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، جبکہ ہلکی بوندا باندی سے بھی میونسپل کمیٹی کا پول کھل گیا ہے، جگہ جگہ شہر میں پانی جمع ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو راستوں پر چلنے سے شدید دشواری کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے، بدین شہر کے مرکز سے گذرنے والے نالے کی صفائی نا ہونے سے بارشوں سے جمع شدہ پانی کا اخراج نہیں ہورہا ہے۔

جبکہ گذشتہ کئی دنوں سے لوگوں نے میونسپل کمیٹی کے دفاتر میں جاکر شکایتیں بھی کیں تھی، بارش کے ساتھ ساتھ حیسکو کی جانب سے بجلی کی سپلائی بھی معطل کردی گئی ہے ، جبکہ وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔