ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راجن پور تندرستوں کے لئے بیمار گھر بن گیا
Posted on March 18, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
راجن پور( حنیف بلوچ سے)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راجن پور تندرستوں کے لئے بیمار گھر بن گیا صفائی کا ناقص انتظام ڈاکٹرمریضوں سے ادویات منگوا کربیچنے لگے ۔تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر راجن پور تندرستوں کے لئے بیمار گھر بن گیا ،ڈاکٹر مریضوں کے لئے باہرسے ادویات منگوا کر اسٹور پر بیچنے لگے،نرسیں ساراسارا دن موبائل پر گپیں لگانے لگیں ،تفصیل کے مطابق مٹھن کوٹ کے رہائشی حسنین اور ارشاد احمد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ راجن پور ہسپتال کا ڈے نائٹ عملہ لوٹ مارمیں مصروف ہے۔
کسی بھی مریض کو داخل کرنے سے پہلے سفارش اور چمک دکھانا ضروری ہوگیا ہے،محمد حسنین نے بتایا کہ میری بھابھی شوگر کی مریض ہے جو آخری اسٹیج پر تھی ہم اسے ہسپتال لے آئے جہاں اسے شروع میں تو داخل بھی نہیں کیا جارہا تھا سفارش اور پیسہ خرچ کرنے پر داخل تو ہوگئی مگرادویات نہیں دی گئی ،مریض کو انجکشن دو لگنے تھے تو ڈاکٹر نے چار منگوا لئے دو استعمال ہوئے دو کو فورا بھیج دیا بیچنے کے لئے ،باتھ روم انتہائی خراب ہیں ایمرجنسی وارڈ کا یہ حال ہے کہ کے کھڑکیوں کے قریب کتے مرے پڑے ہیں۔
جن کی بدبو پورے ایمرجنسی وارڈ میں پھیلی ہوئی تھی،انہوں نے کہا کہ رات کی ڈیوٹی کا یہ ھال ہے کہ ڈاکٹر بستر تان کر سویا رہا مریض ہمارا بے ہوش ہوگیا مگر اس نے اسے دیکھنے کی زحمت گوارا نہ کی نرسوں کا یہ حال ہے کہ سارا سارا دن موبائل پر گپیں لگاتی رہتی ہیں ہم نے انہیں پٹی تبدیل کرنے کو کہا توانہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا دوسری آکر لگائے گی۔
دوسری آ ئی تو اس نے کہا تیسری آکر لگائے گی ہم تنگ ہوکر مریض کوآخر کار گھر لے آئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہسپتال کا پورا نظام درہم برہم ہوچکا کوئی پرسان حال نہیں مریض کے ساتھ آنیوالے تندرست بھی یہاں آکر بیمار ہونے لگے ہیں،انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ غفلت برتنے والے ان تمام عملے سوئیپر سے لیکر ڈاکٹروں تک ان سب کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور مریضوں کے لئے سہولیات میسر کی جائیں۔