ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے سی ٹی سکین روم میں چوری کی دلیرانہ واردات

جھنگ:ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے سی ٹی سکین روم میں چوری کی دلیرانہ واردات کے دوران نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کی انتہائی قیمتی مشینری چوری کر کے لے گئے ہیں تاہم ہسپتال انتظامیہ مقدمہ کے اندراج سے گریز کر رہی ہے اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیا ہے کہ واقعہ کی انکوائری جاری ہے جس کے بعد کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جبکہ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ سی ٹی سکین روم اٹینڈنٹ و معاو ن عملہ کی ملی بھگت کے بغیر سی ٹی سکین روم سے قیمتی مشینری کی چوری ممکن ہی نہیں نیز انہوںنے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے شہریوں کو سی ٹی سکین کی سہولت سے محروم کرنے اور چوری کی واردات کا فوری نوٹس لینے سمیت ہسپتال کے نااہل اور فرائض میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب ذمہ دار حکام کو فوری معطل و تبدیل کرنے کامطالبہ کیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کو انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں دماغی چوٹ لگنے و دیگر نیورو پرابلمز کی تشخیص و علاج معالجہ کیلئے کروڑوں روپے مالیت کی انتہائی قیمتی سی ٹی سکین مشین فراہم کی گئی تھی مگر بد قسمتی سے نااہل ، ان ٹرینڈ سٹاف نے اس مشینر ی کو غلط استعمال سے خراب کردیا جس کی مرمت کیلئے ابھی اقدامات جاری ہی تھے کہ گزشتہ روز انکشاف ہواکہ سی ٹی سکین مشین سے منسلک انتہائی قیمتی لاکھوں روپے مالیت کی مشینری راتوں رات چوری کر لی گئی ہے ۔جب اس سلسلہ میں ایم ایس سے دریافت کیاگیا تو انہوںنے بتایاکہ ٹیکنیشنز کی ایک ٹیم مشینری کی چیکنگ کیلئے آئی تھی جس کے بعد اب اس مشینری کے غائب ہونے کاپتہ چلا ہے اس لئے انکوائری کی جارہی ہے کہ یہ قیمتی مشینری کس طرح غائب ہوئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ انکوائری مکمل ہونے پر مزید کاروائی کی جائے گی تاہم جب ان سے مقدمہ کے اندراج کے بارے میں دریافت کیاگیا تو وہ اس کا کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے کیونکہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مقدمہ درج ہی نہیں کروایا گیا۔ دوسری جانب شہریوں کا کہناہے کہ ہسپتال انتظامیہ ، سی ٹی سکین روم اٹینڈنٹ اور متعلقہ اہلکاروں کی ملی بھگت کے بغیر انتہائی قیمتی مشینری کی چوری ممکن ہی نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس واقعہ سے جہاں جھنگ کے ہزاروں شہری سی ٹی سکین کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں وہیں منظم مافیا کے ذریعے خزانہ سرکار کو کروڑوں روپے کا نقصان بھی پہنچایاگیاہے جو کسی صورت قابل برداشت اقدام نہیں ۔ انہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف سمیت تمام ارباب اختیار سے واقعہ کافوری سختی سے نوٹس لینے اور مشینری کی برآمدگی سمیت ذمہ دار نااہل حکام کو فوری معطل و تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔