ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ممتاز سیال کو تبدیل کر دیا گیا

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) طویل ترین عرصہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں تعینات انتہائی کمزور انتظامی گرفت کے حامل بااثر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ممتاز سیال کو بالآخر تبدیل کردیاگیاہے جبکہ ان کی جگہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ایم این سی ایچ محکمہ صحت جھنگ ڈاکٹر افتخار نورکو قائمقام ایم ایس مقرر کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ ڈاکٹر ممتاز سیال کو فوری طورپر تبدیل کرکے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ تعینات کیاگیاہے تاہم ان کی جگہ کوئی مستقل تعیناتی نہیں کی گئی اور ان کے عہدہ کا اضافی چارج ڈاکٹر افتخار احمد نور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ایم این سی ایچ پروگرام محکمہ صحت جھنگ کو سونپ دیاگیاہے۔

جنہوں نے ہفتہ کے روز سے اپنے عہدہ کا چارج سنبھال کرکام شروع کر دیا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر ممتاز سیال عرصہ چھ سات سال سے مسلسل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں بطور ایم ایس تعینات تھے مگر ان کا عرصہ تعیناتی انتہائی کمزور انتظامی گرفت کا حامل تھا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات و پریشانی اور شکایات کا سامنا تھاجبکہ میڈیا میں بھی موصوف کے بارے میں آئے روز نیوز رپورٹس منظرعام پر آتی رہتی تھیں جن پر بالآخر بااثر ایم ایس کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔

دریں اثناء شہرکے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے ڈاکٹر ممتاز سیال کی تبدیلی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر افتخار نور کو مستقل بنیادوںپر ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ تعینات کرنے کا مطالبہ کیاہے۔