ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں سپرنٹنڈنٹ کی آسامی نہ ہونے سے انتظامی و مالی امور بری طرح متاثر

Jhang

Jhang

جھنگ: ضلع کے سب سے بڑے طبی ادارے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں سپرنٹنڈنٹ کی آسامی نہ ہونے سے انتظامی و مالی امور بری طرح متاثر ہونے لگے ہیں لہٰذاوزیر اعلیٰ پنجاب ، صوبائی وزیر صحت ،سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ، کمشنر فیصل آباد ڈویژن ، ڈ ی سی او جھنگ ، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ جھنگ سمیت دیگر متعلقہ حکام سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میںفوری طور پر سپرنٹنڈنٹ کی آسامی پیداکرنے اور سابق ڈی سی او کے دور میں انہیں ارسال کی گئی سمری کو سردخانہ سے نکالنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ سینکڑوں بستروں پر مشتمل ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں دیگر اضلاع کے برعکس سپرنٹنڈنٹ کی کوئی آسامی موجود نہ ہے حالانکہ دیگر اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں سپرنٹنڈنٹس کی آسامیاں موجود ہیں اس طرح ڈی ایچ کیو ہسپتال کے تمام انتظامی و مالی امور صرف ہیڈکلرک کے ذریعے چلائے جارہے ہیں جس سے مذکورہ امور میں سخت مشکلات کاسامنا ہے۔ مختلف ذرائع نے بتایاکہ قبل ازیں سابقہ ڈی سی او جھنگ کے دور میںانہیں ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے ایک سمری ارسال کی گئی تھی جس میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں دوسرے اضلاع کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی طرح سپرنٹنڈنٹ کی آسامی پیداکرنے کی استدعا کی گئی تھی مگر نامعلوم وجوہات کی بناء پر یہ سمری سردخانہ کی نذر ہو گئی۔

انہوںنے کہاکہ ہسپتال میں تعینات ہیڈکلرک پر سپرنٹنڈنٹ کی آسامی کا اضافی بوجھ بھی ہے جس سے بعض اوقات ہسپتال کے متعلقہ امور میں مشکلات درپیش آرہی ہیں۔ انہوںنے متعلقہ ارباب اختیار سے اپیل کی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میںدیگر ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی طرح فوری طور پر سپرنٹنڈنٹ کی آسامی پیدا کی جائے تاکہ ضلع جھنگ کے سب سے بڑے اور اکلوتے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے امور کو بہترین انداز میں چلاتے ہوئے مریضوں کی طبی سہولیات کو بھی مزید بہتر بنایاجاسکے۔