ضلعی ہسپتالوں‌ میں 10 بستروں پر مشتمل برن یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی (جیوڈیسک) حکومت پنجاب نے جھلسے مریضوں کو مناسب طبی امدادکی فراہمی کیلئے سہولیات نہ ہونے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے صوبہ بھرکے تمام ضلعی سطح کے ہسپتالوں میں برن یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ صحت کے صوبائی اورتمام ضلعی افسران سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ آگ وغیرہ سے جھلسنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کیلئے کھاریاں ،راولپنڈی، ٹیکسلا اور اسلام آباد کے پمزہسپتال لے جانے کو ترجیح دی جاتی ہے۔

دوردرازکے علاقوں سے مریضوں کی ان ہسپتالوں میں منتقلی کے دوران متعدد پیچیدگیاں پیداہونے کے ساتھ ساتھ متعدد مریض زندگی کی بازی بھی ہارجاتے ہیں اس ضمن میں شکایات میں تیزی سے اضافہ کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہ سپتالوں میں کم ازکم 7 سے 10 بستروں کا برن یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جس کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے صوبائی محکمہ صحت کے علاوہ ضلعی افسران سے رپورٹ طلب کرلی گئی جو اپنے اپنے اضلاع اور ہسپتالوں میں جھلسے مریضوں کے علاج معالجہ سے متعلق موجود سہولیات کے علاوہ اپنی اپنی ضروریات سے متعلق تفصیلی رپورٹ دیں گے تاکہ باقاعدہ برن یونٹ کے قیام کیلئے اقدامات بروئے کارلائے جاسکیں، واضح رہے کہ راولپنڈی کے صرف ہولی فیملی ہسپتال میں برن یونٹ کے نام پر دس بسترے مخصوص ہیں لیکن تربیت یافتہ عملہ اور دیگر جدید سہولیات موجود نہیں ہیں۔