ضلع کورنگی میں شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک اور سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانے کے لئے اقدامات

DMC Korangi Karachi

DMC Korangi Karachi

کراچی : بلدیہ کورنگی کا اہم شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک اور سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنا نے کے لئے اقدامات کا آغاز ،چیئر مین سید نیئر رضا بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ میونسپل قوانین کو فعال بنا کر ضلع کورنگی میں تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات اور وال چاکنگ کا خاتمہ اور اس کی روک تھا م کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے بلدیاتی افسران و یونین کمیٹیز کے نمائندوں کے ہمراہ شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے جاری بلدیاتی انتظامات اور تجاوزات کے حوالے سے جاری مہم کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئر مین نیئر رضا نے ضلع کورنگی کے مختلف شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات اور دیواروں پر وال چاکنگ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ فوری عمل درآمد کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات اور رکاٹوں کا خاتمہ کاور دیواروں سے وال چاکنگ ریموو کیا جائے انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ تجاوزات اور وال چاکنگ کی روک تھام کے لئے نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔

اس کی روک تھام کے لئے مرتکب افراد کے خلاف میونسپل قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے چیئر مین نیئر رضا نے کہاکہ بلدیہ کورنگی اپنے زیر انتظام علاقوں میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی اقدام برداشت نہیں کرے گی عوامی سہولت کی راہ میں کسی کو بھی رکاوٹ نہیں بننے دیا جائیگا ،شاہراہوں ،فٹ پاتھوں پر تجاوزات اور دیواروں پر وال چاکنگ پرعائدپابندی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائیگا۔

چیئرمین نیئر رضا نے ضلع کورنگی کی عوام خصوصاً تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات سے اجتناب کریں اور ایسے غیر قانونی عمل کا ارتکاب کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذیعے تجاوزات ،وال چاکنگ کی بیخ کنی کی جاسکے۔

پبلک ریلیشن آفیسر ۔ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کراچی