اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈسٹرکٹ مینجمنٹ ڈویژن کے اناسی جوائنٹ سیکرٹریوں کو رواں سال فروری میں ایڈیشنل سیکرٹریوں کے عہدوں پر ترقیاں دی گئیں۔ اوریا مقبول جان نے ان ترقیوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ عدالت عظمی نے رواں سال گیارہ، چودہ اور اٹھائیس فروری کو سنٹرل پروموشن بورڈ میں ایک ہی گروپ کے گریڈ اکیس کی تمام ترقیاں منسوخ کر دیں۔
عدالتی فیصلے کے اٹھارہ روز بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ گریڈ اکیس کے یہ افسران وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ عہدے واپس لینے کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔ دوسری جانب بیرسٹر ظفر اللہ خان کو وفاقی سیکرٹری قانون تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کی تقرری تین سالہ کنٹریکٹ پر کی گئی ہے۔
اے آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری کی خدمات پنجاب پولیس کو سونپ دی گئی ہیں۔ گریڈ اکیس کے افسر شبیر احمد کو ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ملٹری اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ حامد خان کو ایڈیشنل سیکرٹری ملٹری راولپنڈی لگا دیا گیا ہے۔