تحصیل میں کروڑوں روپے کی سرکاری اراضی کو قبضہ گروپوں نے کوڑیوں کے بھائو فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا
Posted on February 10, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
پیرمحل (میاں اسد حفیظ) تحصیل میں کروڑوں روپے کی سرکاری اراضی کو قبضہ گروپوں نے کوڑیوں کے بھائو فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا،، انتظامیہ کی ملی بھگت سے سرکاری املاک شدید نقصان سے دو چار،، عوام کا حکومت پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق پیرمحل کو تحصیل کا درجہ ملنے کے بعد قبضہ مافیا کے گروپوں نے سرکاری پر دھاوا بول دیا شہر کے گردو نواح میں صوبائی حکومت کی ملکیت کروڑوں روپے کی اراضی پر ڈیرے ڈال لئے ہیں جبکہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قابض ہونے کی بنا پر تحصیل انتظامیہ نے متعدد جگہوں پر 32/34کی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات بھی درج کروائے مگر پھر بھی قبضہ مافیا کے ہاتھوں سرکاری اراضی محفوظ نہیں۔
ذرائع کے مطابق شاد مان کالونی کے ملحقہ جگہ پر سپورٹس کمپلیکس کے لیے پلے گرائونڈ پر بھی قبضہ مافیا کے گروہ نے مکانات کی تعمیر شروع کر رکھی ہے مذکورہ کالونی کی کرسچین کمیونٹی نے ارباب اختیار کی خدمت میں اپنی کالونی کی اراضی کو قبضہ مافیاسے واگزار کروانے کے لئے درخواستیں بھی گزاریں مگر ضلعی مشینری قبضہ مافیا کے خلاف حرکت میں نہیں آ سکی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے قبضہ مافیا کا ناسور اس حد تک زور کر چکا ہے کہ با اثر افراد اور انتظامیہ افسران کی آشیرباد سے قبضہ مافیا نے پلاٹوں کی صورت میں اراضی پر قابض ہوتے ہوئے قبضہ مافیا کے ارکان عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کر کے سادہ لوح لوگوں کو اشٹام پیپروں پر احاطوں کی صورت میں سرکاری اراضی فروخت کر کے کروڑ پتی بن بیٹھے ہیں جبکہ حکومت پنجاب صوبہ سے قبضہ مافیا کے خاتمہ کا واویلا کر رہی ہے مگر تحصیل پیرمحل میں نشاند ہی کے باوجود سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے محفوظ نہیں ہے اور حکومت سے کاشت کے لئے لی گئی لیز پراراضی پر بھی قبضہ مافیا کے ارکان نے مبینہ طور پر اپنے ڈیرے بنا رکھے ہیں۔
عوامی شکایات پر انتظامیہ وقتی طور پر حرکت میں آتی ہے مگر بعد ازاں بااثر افراد کی طرف سے مبینہ رشوت کے عوض کاروائی کو بند کر دیا جاتا ہے اگر حکومت قبضہ مافیا کا سر کچلنے کے لئے جناح آبادیوں کے قیام کا اعلان کرتی ہے تو قبضہ مافیا کے گروہ را توں رات اپنے عزیزواقارب کے نام کی فائلیں جمع کروا ڈالتے ہیں اور بیشتر اصل مستحقین نسل در نسل بغیر چھت کے زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں اگر حکومت پنجاب کروڑوں روپے کی اراضی قبضہ مافیا سے بچانا چاہتی ہے تو سرکاری طور پر عوام کے لئے رہائشی کالونیوں کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ ملکی خزانہ کو بھی فائدہ ہو سکے۔
ورنہ قبضہ مافیا کے گروہ گدوں کی طرح للچائی نظروں سے سرکاری اراضی پر قابض ہونے کے لئے ہما وقت تیار بیٹھے ہیں شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ،کمشنر فیصل آباد ،ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا کا خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com