کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے نو منتخب چیئر مین نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے حلف اُٹھا لیا ۔ مرکزی آفس بلدیہ کورنگی میں ایک پر وقار تقریب میں چیئر مین اور وائس چیئر مین سے ریٹرنگ آفیسر ایڈیشنل کمشنر II ضلع کورنگی وسیم الدین نے حلف لیا۔
اس موقع پر سابق نیئر صوبائی وزیر سردار احمد ،رکن صوبائی اسمبلی سید قار شاہ ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو ،میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو ،اور بلدیہ کورنگی کے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کے تمام محکمہ جاتی سربراہان موجود تھے ۔اپنی ذمہ داریوں کا حلف اُٹھا نے کے بعد نو منتخب چیئر مین بلدیہ کورنگی نیئر رضا نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے تینوں زونز کے لوگوں کے بلدیاتی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے صحافیوں سے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے نیئر رضا نے کہاکہ بلا تفریق علاقائی ترقی اور مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کے ساتھ ادارے کو کرپشن سے پاک بنایا جائیگا۔
انہوں نے کہاکہ سرکاری افسران کی کرپشن قطعی برداشت نہیں کروں گا اور کوئی افسر عوامی خدمات کے حوالے سے غفلت ،کوتاہی اور کرپشن میں ملوث پایا گیا تو محکمانہ کاروائی کے ساتھ اس کا کیس نیب اور ایف آئی اے کو بھیجیں گیاس موقع پر نو منتخب وائس چیئر مین بلدیہ کورنگی رکن الدین تاج نے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم بلدیاتی نمائندے منتخب ہوئے ہیں اور اب کسی سیاسی وابستگی کے بغیر ضلع کورنگی میں بسنے والے لوگوں کی بلا رنگ و نسل خدمت کا فریضہ انجام دینگے۔