ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تحت فیملی پارکس، پلے گرائونڈ اور گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش کا آغاز

Municipal Corporation

Municipal Corporation

کراچی (خصوصی رپورٹ)حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے صاف ستھرا صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے اقدامات تیز کریں ،پارکس ،پلے گرائونڈز اور گرین بیلٹس کو صحت مند تفریحی مراکز میں تبدیل کرنے کے لئے بلدیاتی ادارے تمام تر وسائل اور محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم ،میونسپل کمشنر مسرور میمن،سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی پریم چنداور ڈائریکٹر پارکس بلدیہ کورنگی ندیم شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی افضاء الطاف فیملی پارک ،شہداء حق فیملی پارک،مثالی پارک ،قائد پارک،نذیر حسین فیملی پارک اور حسرت موہانی فیملی پارک اینڈ منی ذوو کا تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی عمران اسلم ،ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس شاہ فیصل زون عبدالکریم ،عبدالصمد ،انفارمیشن آفیسر محمد ارشد بھی موجود تھے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے دورے کے موقع پر پارکوں پر سہولیات کی فراہمی کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی فیملی پارکوں میں صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ پارکوں میں تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے حوالے سے جاری انتظامات کو ہنگامی بنیادوں پر انجام دیا جائے انہوں نے محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ فیملی پارکوں ،پلے گرائونڈز ،گرین بیلٹس اور شاہراہوں کی سنٹرل آئی لینڈ کو سرسبز بنا کر علاقائی سطح پر سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم اور میونسپل کمشنر مسرور میمن نے کہاکہ ضلع کورنگی میں صاف ستھرے سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے اس سلسلے میں فیملی پارکوں ،کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس کو سرسبز بنا نے کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے انہوں نے محکمہ باغات کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام فیملی پارکوں میں عوام کو سہولت کی فراہمی کے ساتھ تزئین و آرائش کا کام جلد اجلد مکمل کیا جائے۔