فیصل آباد (جیوڈیسک) تمام آلات نصب کر دئیے گئے، بہت جلد قیدی اپنے پیاروں سے گفتگو کر سکیں گے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں قیدیوں اور حوالاتیوں کی اپنے رشتہ داروں سے فون پر بات کروانے کے لئے جیل میں 24 ٹیلی فون بوتھ قائم کر دیئے گئے جب کہ فون پر بات کروانے کا عمل عنقریب شروع کیا جارہا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سید بابر علی نے بتا یا کہ جیل میں قیدیوں اور حوالاتیوں کی اپنے عزیز رشتہ داروں سے ٹیلی فون پر بات چیت کروانے کے لئے بوتھ قائم کرتے ہوئے تمام آلات نصب کرد یئے گئے ہیں۔ ٹیلی فون بوتھ کے ساتھ کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے۔ جہاں قیدیوں اور حوالاتیوں کی جانب سے کی جانے والی تمام بات چیت کو ریکارڈ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں بند قیدیوں اور حوالاتیوں کی جانب سے اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں کے پانچ پانچ نمبر کا ڈیٹا بھی فیڈ کر لیا گیا ہے۔قیدیوں کو ٹیلی فون پر بات کرنے کا دورانیہ 15 منٹ رکھا گیا ہے تاہم بات صرف رجسٹرڈ کروائے جانے والے نمبرز پر ہی ہو سکے گی۔