گجرات کی خبریں 20/12/2014

Gujarat

Gujarat

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گجرات خالد نوید ڈار اورعاصم حفیظ سول جج گجرات نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا
گجرات (جی پی آئی )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گجرات خالد نوید ڈار اورعاصم حفیظ سول جج گجرات نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوںنے معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث 12حوالاتیوں کو ذاتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دیا ۔دورہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ہال ہی میں تعمیر ہونے والی نیو جیل اور پھانسی گھاٹ کا معائنہ کیا ، فاضل سیشن جج نے کم عمر بچوں ، خواتین کی بیرک اور جیل ہسپتال کا بھی دورہ کیا ۔ اور قیدیوں سے ان کے مسائل دریافت کیے ۔ جیل کچن کے معائنہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے قیدیوں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کا معیار چیک کیا انہوں نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ زیر حراست ملزمان اور قیدیوں کو جیل مینول کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں ۔انہوںنے جیل میں صفائی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس موقع سپرنٹنڈنٹ جیل امتیاز احمد بھلی ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل طاہر بھٹی بھی ہمراہ تھے ، اس سے قبل ڈسٹرکٹ جیل آمد پر جیل پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز صنعتکار ڈائریکٹر خورشید فین میاں غلام محی الدین انگلینڈ سے گجرات واپس پہنچ گئے

گجرات ( جی پی آئی ) ممتاز صنعتکار ڈائریکٹر خورشید فین میاں غلام محی الدین انگلینڈ سے گجرات واپس پہنچ گئے ‘ آفس پہنچنے کے بعد گجرات کے صنعتکاروں تاجروں سیاسی و سماجی حلقوں سے معززین نے ان سے ملاقات کی ‘ اور ان کی ہمشیرہ صاحبہ کی اچانک وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی ‘ اس موقع پر ڈائریکٹر خورشید فین میاں سعید احمد ‘ میاں شہزاد احمد بھی موجود تھے ۔ میاں غلام محی الدین نے تمام معززین کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔
عالمی تنظیم اہلسنت کی اپیل پر ملک بھر میں ” یوم حمایت ضرب عضب ” منایا گیا
گجرات (جی پی آئی) عالمی تنظیم اہلسنت کی اپیل پر ملک بھر میں ” یوم حمایت ضرب عضب ” منایا گیا ۔شہدائِ پشاور کے ایصال ثواب کے لئے مساجد ومدارس اور گھروں میں قرآن خوانی کی گئی اور شہر شہر زبر دست احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ضرب عضب آپریشن کی بھر پور حمایت کی گئی اور اس آپریشن کو دہشت گردی میں ملوث اور تمام ذمہ داران تک پھیلانے کا مطالبہ کیا گیا ۔گجرات میں نماز ِ جمعة المبارک کے فورًا بعدجی ٹی ایس چوک گجرات میں عالمی تنظیم اہلسنت کے زیر اہتمام زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عالمی تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر پیر محمد افضل قادری نے” ضرب عضب آپریشن” کی پر زور حمایت کی اور حکومت اور فوج سے مطالبہ کیا کہ وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیا جائے اورہر جگہ سے دہشت گردوں کے حامیوں کے خلاف بھی سخت ترین کاروائیاں کی جائیں ۔جو مدارس دہشت گردتیار کرتے ہیں انہیں بند کر دیا جائے اور فوج وسول کے وہ مساجد جہاں امام وخطیب طا لبان کے حامی ہیں ایسے امام مسجدوں کو فوری طور پر فوجی وسول مساجد سے ہٹا دیا جائے کیوں کہ ایسی مساجد دہشت گردوں کی پناہ گاہ ہیں اورمنی چھائونیاں ہیں ۔انہوں نے کہا دہشت گرد طالبان ، اسلام کے نام پر خود کش حملہ آور افراد اور بے شمار فنڈز جمع کرتے ہیں ۔اگر حکومت ، میڈیا اور تعلیمی ادارے تباہ کن فحاشی بند کردیں اور وطن عزیز پاکستان میں نظام مصطفی ونظام خلافت راشدہ کا مکمل نفاذ کر دیا جائے تو دہشت گرد خود اپنی موت مر جائیں گے، اللہ تعالیٰ راضی ہو گا اور حکمران وعوام سعاداتِ داریں سے بہرہ ور ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا: دہشت گردوں کو شہید کہنے والوں اور انہیں تحفظ دینے والوں کے خلاف بھی سخت ترین کاروائی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف اپنی جماعت اور مرکزی وصوبائی حکومتوں سے دہشت گردوںکے حامیوں کو باہر نکالیں اورکسی کمیٹی ومشورے میں ایسے لوگوں کو شامل نہ کریں بلکہ ایسے لوگوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت قانونی کاروائی کریں مظاہرے کے اجتماع سے صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی ،پیر جواد الرحمن نظامی ،علامہ شاہد چشتی ،علامہ ابو تراب بلوچ ، علامہ ارشد جلالی اور دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔

پشاور آرمی سکول میں خوفناک و دہشت گردی پر ملک بھر کی طرح گجرات کی فضاء بھی تیسرے روز سوگوار رہی
گجرات (جی پی آئی )پشاور آرمی سکول میں خوفناک و دہشت گردی پر ملک بھر کی طرح گجرات کی فضاء بھی تیسرے روز سوگوار رہی ‘ ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے اس ظلم و بربریت پر سراپا احتجاج اور غم میں ڈوبے ہوئے ہیں ‘ مجموعی طور پر ماحول سوگوار رہا ہے ‘ نونہالوں کی شہادت کے غم میں ہر طرف افسردگی چھا رہی ‘ ہر شخص کی آنکھ پر نم نظر آئی ‘ سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں ۔ جہاں شہدا کے لئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی گئی ‘ شہر کے مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ہے ‘ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ‘ شہداء کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی ‘ اس موقع پر معززین خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ قوم متحد ہے ‘ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا ظلم و بربریت کی بد ترین مثال ہے ‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معصوم بچوں کو درندگی کا نشانہ بنانے والے درندوں کو عبرتناک سزا دی جائے ۔
۔۔۔

گجرات اور ملحقہ علاقوں میں سردی اور دھند کی شدت میں اضافہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے
گجرات (جی پی آئی ) گجرات اور ملحقہ علاقوں میں سردی اور دھند کی شدت میں اضافہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ‘ دھند کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم تفصیلات کے مطابق گجرات اور اس ملحقہ علاقوں میں جمعہ کے روز سردی اور دھند کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے ‘ دھند کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ‘ اور بعض مضافاتی علاقوں میں دھند کی وجہ سے ٹریفک حادثات بھی ہوئے ‘ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ‘ سردی اور دھند کی شدت میں اضافہ ہے ‘ معمولات زندگی مفلوج کر رہ گئے ‘ اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔
۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر چوہدری عمران اسلم وڑائچ ‘ سینئر راہنما چوہدری دلدار جٹ

گجرات (جی پی آئی ) پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر چوہدری عمران اسلم وڑائچ ‘ سینئر راہنما چوہدری دلدار جٹ نے سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے ‘ پاکستان میں اس خوفناک دہشت گردی کی جنتی بھی مذمت کی جائے ‘ وہ کم یہ ‘ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پاکستان کی تاریخ کا بد ترین سانحہ ثابت ہوا ہے ‘ پاکستان کے ڈیڑھ سو کے قریب بچوں اور علم کی روشنی دینے والے اساتذہ کو شہید کیا گیا ‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) اور پوری دنیا شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں کے شریک ہیں ‘ اللہ تعالیٰ شہید ہونے والوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے ۔
۔۔
چوہدری عثمان منظور دھدرا ‘ چوہدری خرم ‘ سینئر صحافی خرم شہزاد بٹ نے ٹھیکیدار ریاض بٹ کی والدہ

گجرات (جی پی آئی )چوہدری عثمان منظور دھدرا ‘ چوہدری خرم ‘ سینئر صحافی خرم شہزاد بٹ نے ٹھیکیدار ریاض بٹ کی والدہ اور ممتاز قانون دان ثاقب سیٹھی ایڈووکیٹ کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے ۔ ہم ریاض بٹ اور ثاقب سیٹھی کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔
۔۔۔
شہیدبچے پاکستان کا مستقبل اور امید تھے، فیصلہ سازوں نے عمل نہ کیا تو قوم حساب لے گی : چودھری پرویزالٰہی
گجرات (جی پی آئی )پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور میں شہید ہونیوالے معصوم نونہال پاکستان کا مستقبل اور امید تھے، پارلیمانی کمیٹی کے فیصلوں پر عمل نہ کیا گیا تو قوم ان فیصلہ سازوں سے حساب لے گی، وہ ایک طرف اور پوری قوم دوسری طرف ہو گی، بلیم گیم کی بجائے پچھلی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہئے، ماضی کی طرح دہشت گردی کیخلاف فیصلوں پر عملدرآمد میں کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں ہو گی، قوم میں موجودہ اتحاد خوش آئند ہے اور یہ برقرار رہنا چاہئے، اس قومی المیہ میں زخمی ہونیوالے بچوں کے حوصلے و جذبے پاک فوج اور چاروں صوبوں کے عوام کی طرح بلند ہیں۔ وہ مسلم لیگی رہنمائوں کے ہمراہ پشاور میں سی ایم ایچ اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویزخٹک سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنی پارٹی کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ طارق بشیر چیمہ ایم این اے، پارٹی کے صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی، مرکزی نائب صدر اجمل وزیر، محمد بشارت راجہ، میاں عمران مسعود اور دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری پرویزالٰہی کے سی ایم ایچ میں زخمی طلبہ کی عیادت کے دوران نہایت جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، وہاں زیر علاج بچوں نے چودھری پرویزالٰہی کو پہچان لیا اور زخموں سے چور طلبہ نے ہاتھ اٹھا کر اور مسکراہٹوں کے ساتھ ان کا دلی طور پر خیرمقدم کیا اور جو بول سکتے تھے انہوں نے شکریہ بھی ادا کیا جبکہ آٹھویں جماعت کے بچے نے انہیں اپنے پاس بیٹھنے کیلئے کہا اور چودھری صاحب کا ہاتھ پکڑ کر باتیں کرتا رہا، اس جذباتی منظر پر چودھری پرویزالٰہی سمیت بہت سی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ میں ہمیشہ بڑی محبت و چاہت سے پشاور آیا لیکن اس بار دل و دماغ نہایت رنجیدہ اور بوجھل ہیں، چودھری شجاعت حسین بیرون ملک طبی معائنہ کیلئے گئے ہوئے ہیں ورنہ وہ بھی یہاں پہنچتے، شہداء کے خاندانوں کے دکھ اور بچوں کے زخم دیکھ کر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں، بدترین سفاکی اور بربریت کا نشانہ بننے والے یہ بچے ہمارے بچے ہیں، ہر پاکستانی کا دل اتنا ہی دکھی، رنجیدہ اور غم سے بھرا ہوا ہے جیسے یہ اس کے اپنے بچوں ہوں، پاکستان مسلم لیگ کی طرح پوری قوم اور اقلیتوں نے بھی اس سانحہ پر یکجہتی کا اظہار کیا اور اس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی، ہماری جماعت نے فوری طور پر اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں، 21دسمبر کا چونیاں سٹیڈیم کا جلسہ 30دسمبر تک ملتوی کر دیا، لاہور میں مسلم لیگ ہائوس اور دیگر شہروں میں شہداء کیلئے تعزیتی اجلاس منعقد کیے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی، حکومت سے تمام تر اختلافات کے باوجود اس سانحہ پر بلائی گئی کانفرنس میں شرکت کی اور ایکشن پلان کمیٹی کیلئے مشاہد حسین سید کو نامزد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان معصوم طلباء اور بے گناہ اساتذہ و سٹاف کے خون ناحق کے سلسلہ میں سب سے زیادہ ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، تمام صوبوں کو سکیورٹی اور امن و امان کے مسئلہ کو اوّلیت دے کر زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کرنے چائیں تاکہ ایسے کسی سانحہ کا اعادہ نہ ہو ورنہ آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم متحد ہو کر عزائم طے کرے تو کچھ ناممکن نہیں رہتا، تاریخ گواہ ہے کہ اپنے مختصر دور اقتدار کے باوجود ہماری جماعت نے پنجاب میں اسلامی فلاحی معاشرہ کی تشکیل کیلئے کتنے انقلابی اقدامات کیے۔ لیکن کسی سے زیادتی، ناانصافی نہیں کی بلکہ عوام کو انصاف کی فراہمی، ظلم کے خاتمہ اور عوام کے دکھوں کے مداوا کیلئے تاریخی اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ان مائوں، بہنوں، بھائیوں کے بارے میں سوچنا ہے جن کی آنکھیں اپنے جگر گوشوں، بھائیوں کی راہ تکتی رہیں گی، جن کے اپنے اب انہیں کبھی نہیں مل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان سے دہشت گردی، ظلم کو ختم کر کے محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے تاکہ مثالی اسلامی فلاحی معاشرہ قائم ہو سکے، بیگناہوں کی خونریزی اسلام یا معاشرہ کی کوئی خدمت نہیں۔ قبل ازیں انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔
۔۔۔

صدر پاکستان مسلم لیگ ق سٹی گجرات محمد حنیف حیدری نے اپنے بیان میں کہا ہے
گجرات(جی پی آئی) صدر پاکستان مسلم لیگ ق سٹی گجرات محمد حنیف حیدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پورا ملک مسائل سے گھرا ہوا ہے۔ دہشت گردی ہو یا کوئی عوامی مسائل حکومت ان پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ ناتجربہ کار لوگوں نے ملک کا دیوالیہ کردیا ہے۔آج پوری قوم اسی وجہ سے سراپا احتجاج ہے ۔ ۔لوگوں کے مسائل حل کرنے کے دعویداروں نے لوٹ مار اور کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔ پینے کے لئے صاف پانی بھی میسر نہیں ،جلانے کے لئے گیس نہیں ،ضروریات زندگی کی تمام اشیاء پٹرول سستا ہونے کے باوجود مہنگی ہیں۔ حکومتی رٹ نامی کوئی چیز نہیں آرہی ۔ ملک کی بھاگ دوڑ بزنس مینوں نے ہائی جیک کر رکھی ہے جو کہ سیاست دانوں کا کام تھا۔ کیونکہ ملک تو ہمیشہ سیاست دان چلاتے ہیں یہ کاروباری خاندان کو صرف اپنے کاروبار کی فکر ہے نہ کہ ملک۔ اس لئے اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو مسائل سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومتی مسندوں میں بیٹھے افراد کا زیادہ تر دھیان دوسرے ممالک میں کاروبار کی ترقی پر ہوگا تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ اس لئے انہیں چاہیے کہ یا تو اپنے کاروبار کو سنبھالیں یا پھر اپنے ملک کی ترقی کی طرف توجہ دیں ۔دوہری پالیسیاں اب نہیں چلے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کے بھارت میں کاروبار ہیں صرف اسی وجہ سے وہ ملک میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارتی ہاتھ ملوث ہونے کے باوجود اس کا نا م نہیں لیتے ۔لیکن انہیں چاہیئے کہ ملکی سلامتی سے بڑھ کر کوئی شے نہیں ہوتی لہذااپنے کاروبار کی بجائے ملک پر توجہ دیں ۔
۔۔۔۔۔
تھانہ صدر لالہ موسیٰ کے علاقہ خواص پور میںدو خطر ناک دہشت گرد پولیس مقابلہ کے دوران جاں بحق ہوگئے

لالہ موسیٰ(جی پی آئی)تھانہ صدر لالہ موسیٰ کے علاقہ خواص پور میںدو خطر ناک دہشت گرد پولیس مقابلہ کے دوران جاں بحق ہوگئے ، پولیس کے مطابق مبینہ دہشت گرد افضل عرف فوجی کالعدم تنظیم کا ضلعی صدراور اس کا ساتھی قاری حافظ احمدبھی کالعد م تنظیم کا رکن بیان کیا گیا ہے۔ جوکہ مختلف سنگین گھنائونے جرائم، مقدمات جن میں قتل اقدام قتل پولیس اور حساس افسران پر حملہ میں ملوث بیان کئے گئے۔گذشتہ روز پولیس وین خواص پور کے قریب پہنچی تو مبینہ دہشت گرد وں کے 7ساتھی اچانک مسلح ہوکر انہیں پولیس حراست سے چھڑا نے کیلئے آگئے اور انہوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی ۔اس دوران دونوں دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے ۔پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس پر حملہ آور ملزمان فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے مبینہ دہشت گرد افضل فوجی نے کٹھالہ پھاٹک پر چار پولیس ملازمین کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا ۔دوسرے مقدمہ میں کانسٹیبل سرفراز کوسول لائن تھانہ گجرات کے قریب2013میں فائرنگ سے شہید کیا جبکہ لالہ موسیٰ سے ایک اہل تشیعہ اورایک قادیانی کو اغواء کرنے کے بعد ان کے سر قلم کرنے کے بعد ان کی نعشوں کو دفن کر دیا ۔اسی طرح قاری حافظ احمد بھی متعد دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھا ۔صدرپولیس لالہ موسیٰ ان ملزمان کو قتل کئے گئے افراد کی قبروں کی نشاندہی کیلئے لے جارہے تھے کہ پولیس پر حملہ ہوگیا جس کے دوران دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے یہ ملزمان حساص اداروں اور فوجی جوانوں پر بھی حملہ میں ملوث بیان کیا گیا ہے۔پولیس کے ساتھ مقابلہ میں دونوں دہشت گرد وں کی ہلاکت پر علاقہ بھر میں لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔عوامی حلقوں نے پولیس پارٹی اور دہشت گرد وں کے خلاف کاروائی پر پولیس افسران کو خراج تحسین کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔

سوشل میڈیا لالہ موسیٰ عوامی شہری اتحاد،شہر ی جمہوری اتحاد لالہ موسیٰ کے صحافیوں اور کاروباری ،سیاسی ،سماجی
لالہ موسیٰ(جی پی آئی) سوشل میڈیا لالہ موسیٰ عوامی شہری اتحاد،شہر ی جمہوری اتحاد لالہ موسیٰ کے صحافیوں اور کاروباری ،سیاسی ،سماجی ،مذہبی تنظیموں کی جانب سے سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کو شہید کئے جانے پر ایک احتجاجی جلوس مین بازار لالہ موسیٰ جس میں لالہ موسیٰ شہر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔جلو س اور احتجاجی ریلیوں میں نوجوانوں اوربچوں نے کتبے بینرزاٹھا رکھے تھے ۔جسمیں دہشت گردی کے واقعہ کی بھرمذمت اور دہشت گردوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا گیا ۔احتجاجی ریلی مین بازار ،گوروارہ سکول سے شروع ہوکر میلاد چوک پر احتتام پذیر ہوئی اس موقع پر معززین میں شہری جمہوری اتحاد لالہ موسیٰ کے صدر شیخ حفیظ اللہ صدیقی جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ ،پی پی پی لالہ موسیٰ کے صدر ملک شفیق امجد شہر ی اتحاد کے صدر ملک ناصر علی،ڈاکٹر عرفان احمد صفی،سید مدد علی شاہ کلیوال سیداں ،پی ٹی آئی ،انجمن طلباء اسلام کے رہنمائوں کے علاوہ اہل تشیعہ کے ذاکر علامہ سید حسنین کاظمی اور کاروباری تجارتی تنظیموں اورصحافتی عہداروں نے بھی خطاب کرتے ہوئے پشاور سانحہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کے سرغنہ سر پرستوں سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کاروائی کا بھی مطالبہ کیا اور ملک سے دہشت گردوں کے خاتمہ پر پاک فوج کے حق میں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عوام کی جانب سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔
۔۔۔۔۔۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ہدایت پر جماعت اسلامی لالہ موسیٰ کے زیر اہتمام پشاور

لالہ موسیٰ(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ہدایت پر جماعت اسلامی لالہ موسیٰ کے زیر اہتمام پشاور سانحہ کے شہید طلباء واساتذہ اور اس کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم دعا منایا گیا اس ضمن میں مقامی جماعت اسلامی کے تحت جامع مسجد تھڑے والی جامع مسجد انصار،جامع مسجد رحمان،جامع مسجد محمد پورہ ،جامع مسجد دارالارقم دھامی میں خصوصی دعائیں کیں گئیں۔اس دعائیہ محافل میں جماعت اسلامی ضلع گجرات کے امیر ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ نائب امیر ڈاکٹر عرفان احمد صفی اور حلقہ پی پی 112کے امیر احسان اللہ بٹ نے خصوصی شرکت کی دعائیہ محافل میں تمام شہید طلباء اساتذہ کے بلندی درجا ت اور مغفرت کے لئے دعا اور ورثاء کیلئے صبر وجمیل کی دعائیں کیں۔اس موقع پر شرکاء سے اس المناک واقعہ پر دکھ کا اظہار اور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں فتنہ فساد بھر پا کر کے معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے ،علم ،امن اور اسلام دشمن کے خلاف بھر پور کاروائی کرکے ان کا خاتمہ کرے ۔انہوں نے پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ان کی مکمل حمایت و سپوٹ کا بھی اعادہ کیا ۔
۔۔۔۔۔