ضلع میں واقع ٹائر شاپس ،کباڑ خانوں اور فیکٹریوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے علاقوں کا دورہ کر کے 31 ٹائر شاپس کو چیک کیا: ڈی سی او

جھنگ: وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی طر ف سے جاری انسداد ڈینگی مہم کے سلسلہ میں ڈی سی او مقبول احمد دھاولہ کے احکامات کی روشنی میں ضلعی افسر ماحولیات محمد نواز سیال کی طرف سے ضلع میں واقع ٹائر شاپس ،کباڑ خانوں اور فیکٹریوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے تشکیل دی گئی ٹیم نے گذشتہ دوروز کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے31ٹائر شاپس کو چیک کیا۔

ا س دوران صفائی کے ناقص انتظامات کی پاداش میں ایک ٹائر شاپ کو سربمہر،22ٹائر شاپس کے مالکان کو صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے نوٹس جاری کئے گئے جبکہ 8ٹائر شاپس میں موقع پر صفائی کروائی گئی۔اس دوران ٹیم کے اراکین نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے اسباب کے خاتمہ اور اس سے بچائو کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات کئے جائیںاوراپنے گھروںو کاروباری مراکز کو صاف ستھرا رکھیں۔

دکانوں اور گھروں کے صحن اور چھتوں پرہرگز پانی جمع نہ ہونے دیں۔ علاوہ ازیں خوبصورتی کیلئے بنائے گئے لان ، گملوں اور کیاریوں میں صبح او ر شام کے وقت پانی کھڑا نہ رکھیں۔اسیطرح واٹر کولر،اے سی اور فریج سے خارج ہونے والے پانی کو جمع نہ ہونے دیں کیونکہ مادہ مچھر کھڑے صاف پانی میں انڈے دیتی ہے جن سے ایک سال تک لاروا پیدا ہونے کا اندیشہ رہتا ہے ۔ انسپکشن ٹیم نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ آئندہ دوران چیکنگ اگر کوئی دکاندار غفلت ،لاپرواہی اور سستی کا مرتکب پایا گیا تو نہ صرف اس کی دکان سیل کر دی جائیگی بلکہ اس کیخلاف سخت قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائیگی۔