کراچی (اسٹاف رپورٹر) یونین کمیٹی نمبر 6 خلد آباد ضلع ملیر سے ایم کیو ایم اور پاکستان مسلم راجپوت فیڈریشن کے امیدوار چیئر مین برائے وائس چیئر مین رائو صالح محمد اور آصف قریشی نے ریٹرننگ افسر غلام حیدر چانڈیو کی جانب داری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ریٹرننگ افسر پیپلز پارٹی کے ایم پی اے غلام قادر چانڈیو کا بھائی ہے اور اس بناء پر وہ ناجائز طور پر یونین کمیٹی 6 خلد آباد سے پی پی پی امیدوار کو کامیاب قرار دے رہا ہے جوکہ مبینہ طور پر کھلی دھاندلی و جانبداری ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے غیر عوام کسی بھی صورت ریٹرننگ افسر کے جانب دارانہ فیصلے کو قبول نہیں کریں گے ، ووٹوں کی گنتی کا اختیار الیکشن ٹریبونل کے پاس ہے اور صرف الیکشن ٹریبونل ہی ووٹوں کی گنتی کراسکتا ہے
انہوں نے کہا کہ چونکہ ریٹرننگ افسر غلام حیدر چانڈیوپیپلز پارٹی کے ورکر کا کردار ادا کررہا ہے ، لہٰذا ہم سمیت تمام پینل اس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایماندار افسر سے یونین کمیٹی 6 خلد آباد میں دوبارہ صاف و شفاف ووٹوں کی گنتی کرائے۔