اضلاع کی خبریں 03.04.2013
Posted on April 4, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
الیکشن کمیشن آئین شکن جنرل پرویز مشرف کے کاغذات ِ نامزدگی مسترد کردے: احسن اقبال
اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے مطالبہ کیاہے کہ الیکشن کمیشن آئین شکن جنرل پرویز مشرف کے کاغذات ِ نامزدگی مسترد کردے۔ انھوں نے کہا آرٹیکل 62اور 63 سے بھی بڑی نا اہلیت آرٹیکل 6کے اطلاق کی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن جعلی ڈگری کے ساتھ جعلی آئین بنانے والے کا بھی احتساب کرے۔انھوں نے کہا کہ آئین سے کھیل کھیلنے اور اس میں جعل سازی کے ذریعے من پسند تبدیلیاں کرنے سے کوئی بڑا جرم نہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ جنرل مشرف کا 3نومبر کے اقدامات کو پہلے ہی ماورا ئے آئین اقدام قرار دے چکی ہے۔ اب قوم یہ امید کرتی ہے کہ آزادعدلیہ ، آئین ، میڈیا اور پارلیمنٹ کے ساتھ کھیل رچانے کی پاداش میں آمر کے خلاف سو موٹو ایکشن لے کر کارروائی کرے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ووٹ تقسیم کر کے زرداری حکومت کے دوبارہ قیام کی سازشیں ناکام ہونگی۔انہو ںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی اہل اور قابل افراد پر مشتمل معاشی ٹیم نے معیشت کی مضبوطی کے لئے بہترین پروگرام اور لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ جسے اندررونِ ملک و بیرون ِ ملک سراہا جا رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عوام معاشی طور پر مستحکم ، خوشحال ، خود مختار ، اور خوددار پاکستان کے قیام کے خواب کو شرمندہ ء تعبیر کرنے کے لئے مسلم لیگ (ن) کو واضح اکثریت سے کامیاب کروائیں تاکہ معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو بغیر کسی بلیک میلنگ کے نافذ کیا جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بیرسٹر سیف اللہ خان کی برسی 4اپریل کو غزنی ہائوس لکی مروت میںمنعقد ہوگی
اسلام آباد(جی پی آئی)ہمایوں سیف اللہ خان، سلیم سیف اللہ خان اور انور سیف اللہ خان کے والد مرحوم بیرسٹر سیف اللہ خان کی برسی کل4اپریل 9:00 بجے صبح بروز جمعرات غزنی ہا ئوس لکی مروت میں منعقد کی جائے گی۔برسی میں نامور دانشور،سیاسی سماجی شخصیات کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرینگے۔برسی میں بیرسٹر سیف اللہ خان کی سیاسی اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالی جائے گی۔پریس ریلیز میں جاری ایک بیا ن میں سیف اللہ برادران نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت کرناہے اور ہم نے لکی مروت میں جتنی ترقیاتی کام کیے ہیں ان کی نظیر کہی بھی نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مروت ایک ہوشیار اورغیرت مند قوم ہے اوران کو پتہ ہے کہ مروت قوم کے ساتھ کون مخلص ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مروت قوم کو کوئی استعمال نہیں کر سکتا اور آئندہ انتخابات میں انہوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ سیف اللہ برادران کو ہی کامیابی دلائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ن لیگ نے 5 سال خزانہ برباد کیا ، شاہانہ فاروقی
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب کی صدر شاہانہ فاروقی نے کہا کہ پی پی 110 گجرات میں ن لیگ کے امیدوار کی دستبرداری بارش کا پہلا قطرہ ہے ۔ آنے والے دنوں میں تکبر اور غرور کے بت انتخابی میدان میں اوندھے منہ گرے ملیں گے ، گزشتہ روز شعبہ خواتین کی راہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہانہ فاروقی نے کہا کہ ن لیگ کی سابق حکومت نے 5 سال خزانہ برباد کرنے میں صرف کیے ، مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کو لیپ ٹاپ اور جنگلہ بس جیسے ذاتی تشہیر کاذریعہ منصوبوں سے کوئی دلچسپی نہیں ، سابق رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ عوام کا موڈ ن لیگ کو اقتدار دلانا نہیں بلکہ اقتدار سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے محروم کردینا ہے ، تمام تر وفاداریوں کی خریدوفروخت کے باوجود ن لیگ کو اقتدار نہیں ملے گا ۔ کیونکہ پنجا ب میں عوام کی محرومیوں اور مایوسیوں میں صرف اضافہ ہوا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ نے سکولوں کی درسی کتب کی قلت فوری طور پر دور کرنے کا حکم دے دیا
لاہور(جی پی آئی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھینے صوبے میں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی درسی کتابوں کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سکولوں کے طلبا و طالبات کے لئے درسی کتابوں کی قلت کو فوری دور کیا جائےـایوان وزیراعلیٰ میں ایک اجلاس کے دوران نگران وزیراعلی نے سیکرٹری سکولز کو ہدایت کی کہ سکولوں کے طلبا وطالبات کے لئے درسی کتب کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائےـ سکولوں کے طلبا و طالبات کے لئے درسی کتب کی قلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گاـ سیکرٹری سکولز نے وزیراعلیٰ کو بتایاکہ سکولوں کے طلبا وطالبات کے لئے 84فیصددرسی کتب فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ باقی درسی کتب جلد فراہم کرنے کے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام میں کتب بینی کے شوق کو اجاگر کرنے میں لائبریریاں اہم کردارادا کرتی ہیں، نجم سیٹھی
لاہور (جی پی آئی) وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب میں لائبریریوں اور آرکائیوز سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں سیکرٹریز آرکائیوز، ہائر ایجوکیشن اور سکولز ایجوکیشن، ڈی جی لائبریریزاور ڈائریکٹر آرکائیوز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔یہ پہلا موقع ہے کہ کسی وزیراعلیٰ نے لائبریریوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا۔سیکرٹری آرکائیوز اوریا مقبول جان نے وزیراعلیٰ کو آرکائیوز اور لائبریریوں سے متعلق بریفنگ دیـوزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام میں کتب بینی کے شوق کو اجاگر کرنے میں لائبریریاں اہم کردارادا کرتی ہیں۔لائبریریو ںکی دیکھ بھال اور نایاب کتب کی حفاظت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ آثارقدیمہ اور نادر اشیاء ہمارا تاریخی ورثہ ہے۔تاریخی ورثے کی حفاظت اور دیکھ بھال ہماری معاشرتی اور قومی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہاکہ اپنی ثقافت کو بھلا دینے والے معاشرے پنپ نہیں سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ کتابیں علم کا خزانہ ہوتی ہیںجن سے بھر پور فائدہ اٹھایا جانا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آر کائیوز مواد کو ویب سائٹ پر ڈالنے کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ لوگوں اور محققین کو با آسانی رسائی حاصل ہو سکے۔پبلک سیکٹر کی لائبریریوں کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب لائبریری فائونڈیشن کو فعال کیا جائے اور لائبریریوں کے بورڈ آف گورنرز ازسر نو تشکیل دینے کا جائزہ لیا جائے۔ اجلاس میں انٹرنیٹ سے منسلک کرنے کے لئے پبلک سیکٹر لائبریریوں کو لیپ ٹاپ دینے کی تجویز پر بھی غور کیاگیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت نے ڈینگی کی ممکنہ وباء سے نمٹنے کے لئے مربوط ایکشن پلان وضع کر لیا ہے ، نجم سیٹھی
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ڈینگی کی ممکنہ وباء کی روک تھام کے لئے تمام انتظامات کئے ہیں، متعلقہ اداروں نے ڈینگی کی کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے مربوط حکمت عملی بنائی ہےـمعاشرے کے تمام طبقات کو انسداد ڈینگی کی مہم میں شامل کر کے ڈینگی مچھر کا مکمل خاتمہ کیا جاسکتاہے اس لئے معاشرے کے ہر فرد کو انسداد ڈینگی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئیے ـ ڈینگی کے خاتمے کی مہم میں عوام کی نچلی سطح تک شمولیت انتہائی ضروری ہےـڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لئے مرتب کردہ ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیںـوہ آج ایوان وزیراعلی میں انسداد ڈینگی انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھےـ اجلاس میں صوبائی وزیرصحت سلیمہ ہاشمی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہیلتھ ،سیکرٹری انفارمیشن ، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے شرکت کیـوزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ڈینگی مچھر سے بچائو کی احتیاطی تدابیر اور صحت و صفائی کی اہمیت سے آگاہ کرنا بے حد ضروری ہے، اس مقصد کے لئے بھر پور آگاہی مہم شروع کی جائے گی اور لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں ڈینگی سے بچائو کے بارے میں سیمینارزمنعقد کئے جائیںـ ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر پر مبنی لٹریچر کے ذریعے بھی شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائےـ انہوںنے کہاکہ شہریوں کی سماجی عادات بدلنے کے لئے بھی بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے اور ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیںـ انہوںنے کہاکہ علماء اپنی تقریروں اور خطابات کے ذریعے عوام کوصفائی و ستھرائی کی اہمیت سے آگاہی دینے میں موثر کردار ادا کرسکتے ہیں اس لئے انسداد ڈینگی انتظامات کے سلسلے میں علمائے کرام کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی وزراء انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا خود موقع پر جاکر جائزہ لیں اور مانیٹرنگ کا موثر نظام اپنایا جائے۔ انہوںنے کہا کہ انسداد ڈینگی انتظامات کاجائزہ لینے کے سلسلے میں لاہور کے 9ٹائونزکی نگرانی سیکرٹری صاحبان کریں گےـ اسی طرح فیصل آباد ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں بھی سیکرٹری صاحبان انسداد ڈینگی مہم پر نظر رکھیں گے ـاجلاس میں ڈینگی کی کسی بھی ممکنہ وباء سے نمٹنے کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے میںبریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ڈینگی کے حوالے سے صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور ابھی تک اﷲتعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومتی اقدامات کی بدولت ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیدمنورحسن نے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے جماعت اسلامی کے راہنماامیربلال قدرت بٹ کی عیادت کی
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں تحریک انصاف ، مسلم لیگ ن اور جے یوآئی سے ہونے والے مذاکرات کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ۔جماعت اسلامی اپنے منشور اور اپنے انتخابی نشان ”ترازو” کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی ۔ عوام نے پہلے جن پارٹیوں کو ووٹ دیے تھے انہوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا ۔چار کا ٹولہ پانچ سال تک برسراقتدار رہاہے انہو ں نے عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ اب وہ دوبارہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ان کا منشور وہ نہیں ہے جو چھپا ہوا ہے بلکہ ان کا منشور قومی وسائل کی لوٹ مار اور ذاتی مفادات حاصل کرناہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال گوجرانوالہ میں صحافیوں سے گفتگو اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سید منورحسن گزشتہ دنوں فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ بلال قدرت بٹ کی عیادت کے لیے گوجرانوالہ پہنچے تھے ۔ سید منورحسن نے بلال قدرت بٹ سے ملاقات کی اور ان کی صحت یابی کی دعا کی ۔ جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے نائب امیر ڈاکٹر عبیداللہ گوہر ، سیکرٹر جنرل جماعت اسلامی پنجاب نذیر احمد جنجوعہ ، نائب امیر ضلع گوجرانوالہ صدیق احسن بٹ ، محمد اسلم لون اور فرقان عزیز بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔سید منورحسن گوجرانوالہ پہنچے تو جماعت اسلامی اور شباب ملی کے کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔سید منورحسن نے کہاکہ ہم غنڈہ گردی کا جواب غنڈہ گردی سے نہیں دیں گے ۔سیاسی لوگوں کی پشتیبانی کے نتیجے میں یہ واقعہ ہواہے ۔ ہمارے کارکنوں نے صبر سے کام لیا ہے جس پر میں انہیں تحسین پیش کرتاہوں۔ الیکشن کمیشن کو اس سنگین واقعہ کا فوری نوٹس لیناچاہیے تھا تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کے دلوں پر دستک دی جائے اور ان کو یہ بات باور کرائی جائے کہ برسراقتدار رہنے والی پارٹیاں نئے وعدے لے کر میدان میں نکل آئی ہیں ۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ پیار کی پینگیں بڑھائی ہیں اور اسے انتہائی پسندیدہ ملک قرار دینے کی سنجیدہ کوشش کی ہے جبکہ جماعت اسلامی نے ملک میں بھارت کی بڑھتی ہوئی مداخلت کے خلاف مہم چلائی ۔ ہم نے سیلاب اور قدرتی آفات کے موقع پر عوام کی بھر پور خدمت کی ہے ۔ہم پر کرپشن اور لوٹ مار کا کوئی الزام نہیں ، ہمارا پورا ماضی بے داغ ہے ۔ ہمارے قومی اسمبلی ، سینیٹ اور بلدیات میں ایک ہزار کے قریب نمائندے رہے ہیں ، لیکن کسی پر بددیانتی کا کوئی الزام نہیں ہے ۔ عوام ہمارے ماضی کو سامنے رکھ کر ہمارے نمائندوں کو ووٹ دیں ۔ ایک سوال کے جواب میں سید منورحسن نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے اعلانات کی بڑی اہمیت ہے ۔ سپریم کورٹ نے کراچی کی نئی حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے بارے میں جو فیصلہ دیا تھا ، اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ۔ ایم کیو ایم نے اپنا کام دکھایا اور یہ دونو ں کام نہیں ہو سکے جن لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں لکھے گئے تھے وہ دوبارہ غائب ہیں ۔ ضلع وسطی کراچی کے 65 ہزار ووٹ غائب ہیں۔ ایسا انتظام ہوناچاہیے کہ لوگ بے دھڑک اور بے خوف ہو کر ووٹ ڈال سکیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سید منورحسن نے کہاکہ انتخابات کی کسی بھی معاشرے میں اہمیت ہوتی ہے ، ہمارے ملک میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ۔ امریکہ 2014 ء میں افغانستان سے نکل رہاہے ایسے موقع پر پاکستان میں ایک ایسی حکومت ہونی چاہیے جو اس خطے میں قومی مفادات کا تحفظ کر سکے ، ڈرون حملوں اور ملٹری آپریشنز سے نجات دلاسکے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سید منورحسن نے کہاکہ ہمارے سابق وزیر داخلہ یہ بیان دے چکے ہیں کہ آنے والے الیکشن خونی ہوں گے ، حالانکہ وزیر داخلہ کا کام عوام کو تحفظ دینا اور خرابی کی اصلا ح کرنا ہوتاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
معصوم جانوں سے کھیلنے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں’نجم سیٹھی
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کراچی میں رینجرز ہیڈکوارٹر کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت پردلی دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شرپسندوں کی اس بزدالانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ رینجرز اہلکاروں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان بزنس فورم پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں منصوبہ عمل2013کی منظوری دیدی گئی
لاہور(جی پی آئی)پاکستان بزنس فورم پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کا ایک اہم اجلاس بزنس فورم پنجاب کے صدر سمیع اللہ بٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔جس میں فورم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نیز سال 2013ئ کے منصوبہ عمل تیار کرکے اس کی منظوری دی گئی۔سمیع اللہ بٹ نے ملک کی معاشی صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے ملک و قوم دونوں کے لئے اسے تباہ کن قرار دیا۔بالخصوص توانائی کی بحران کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر اسے کنٹرول نہ کیا گیا تو ملک دیوالیہ ہوکر رہ جائے گا اور دنیاہمیںمہذب قوموں میں شمار نہ کرے گی۔آخر میں ادارہ معارف اسلامی کے ڈائریکٹر حافظ محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان بحیثیت امت وہ آخری امت ہے جسے اللہ تعالیٰ نے نیکی کی دعوت اور بھلائیوں کے فروغ کے لئے اور بدی و برائیوں کے خاتمے کے لئے پیداکیا ہے۔لہٰذا ہم کو اپنے معاشرے کو ہر قسم کے جرائم اور برائیوں سے پاک صاف معاشرہ قائم کرنے کے لئے اس میں نیکی و بھلائی کے غلبے کے لئے ہر قسم کے طاغوت کو زیر کرنے کے لئے ایک طویل اور انتھک جدو جہد کرنی پڑے گی اور یہ جدوجہد بالآخر ثمر آور ہوکررہے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ ذمہ داری ملک کے تاجر طبقہ پر بھی اسی طرح عائد ہوتی جس قدر کہ کسی اور طبقے پر عائد ہوتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگی کارکن بھر پور تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ لینگے،میاں کامران سیف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وجوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کے 5سالہ دور کی شاندار کارکردگی اور ترقیاتی کاموں کی بناء پرمسلم لیگی کارکن بھر پور تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ لینگے اور مسلم لیگی امیدوار کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ لاہور کے عہدیداران وسیم رومی، حافظ عثمان شفیق، سردارانجم بھٹی اور ارشد شاہ کی قیادت میں آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی نے کارکنوں کو جو عزت و وقار دیا اس کی مثال نہیں ملتی، مسلم لیگ ق کو چھوڑنے والے آج اپنی غلطی پر پشیمان ہیں ،دوسری جماعتوں نے انہیں ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا جبکہ مسلم لیگ میں انہیں عزت و وقار حاصل تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق اپنے محنتی اور محب وطن امیدواروں کو ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی ،انتخابات کے بعد آئندہ مستقبل مسلم لیگ ق اور اس کی اتحادی جماعتوں کا ہے ۔کامیابی کے بعد چودھری پرویز الہٰی دور کے رکے ہوئے ترقیاتی کاموں کو مکمل کرواکر پنجاب کو خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام تباہ حال ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں:ڈاکٹر سید وسیم اختر
لاہور(جی پی آئی)پانچ سال تک عوام کا خون چوسنے اور نام نہاد جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹنے والے حکمرانوں نے اداروں کو تہس نہس کرکے رکھ دیا ہے۔عوام ان کے چہروں کو نہ دیکھیں اور نہ ہی ان کے وعدوں پر اعتبار کریں۔عوام پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے ووٹ کی پرچی سے انہیں شکست فاش دیں۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترامید وار جماعت اسلامی این اے185اور پی پی271نے انتخابی مہم کے دوران جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں تبدیلی لاسکتی ہے۔اس کے لئے عوام کو اپنافرض اداکرنے کے لئے جذبات اور اقربا پروری کی بجائے عقل و دانش سے کام لیتے ہوئے برادری ازم،جاگیردارانہ اور وڈیرہ شاہی سے اجتناب کرنا ہوگا۔معیار زندگی بلند کرنے کا دعویٰ ایک وقت کی روٹی کے سامنے شرمندہ ہوچکا ہے۔روٹی،کپڑا اور مکان دینے والوں نے اپنے پیٹ بھرے جس کے نتیجے میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے جس سے عوامی زندگی وبال جان بن گئی۔انہوں نے کہاکہ ملک کی تباہ حال معیشت کو سنبھالا دینے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔سابقہ غلطیوں کا ازالہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ جماعت اسلامی کے نامزد کردہ افراد کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں تاکہ ایماندار اور نیک لوگ اس ملک کے نظام کو چلائیں۔اس مملکت خداداد میں اسلامی طرز زندگی گزارنے کے لئے لاکھوں مردوں،عورتوں،بہنوں،بھائیوں اور بچوں کی قربانی دے کر اسے حاصل کیا تھا لیکن آفرین ہے ان نام نہاد عوامی نمائندوں اور حکمرانوں پر جنہوں نے ہماری قربانیوں کے عوض اسلامی طرز زندگی کی بجائے مغربی طرز زندگی کو رائج کیا۔اسی وجہ سے پاکستان مسائل میں گھرا ہو اہے۔جماعت اسلامی پاکستان میں اللہ کا نظام رائج کرنا چاہتی ہے۔جب اللہ کا نظام نافذ ہوگا تو ملک میں خوشحالی آئے گی۔اس کے لئے عوام کو ووٹ جماعت اسلامی کو دینا ہوگا۔ووٹ ترازو کو دے کر پاکستان کو بچائیں۔یہی ترازو ملک میں امن و امان قائم کرکے خوشحالی لائے گا۔ملک میں امن وامان قائم ہوگا اور لوگ سکون کی نیند سوسکیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے ننکانہ صاحب میں 8سالہ بچی سے زیادتی کا نوٹس لے لیا
لاہور (جی پی آئی)وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے ننکانہ صاحب میں8سالہ بچی سے زیادتی کے واقعہ کا فوری نوٹس لے لیا ہے اور وزیراعلیٰ کے حکم پر ننکانہ صاحب پولیس نے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو فوری گرفتار کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بچی سے زیادتی کا ملزم قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکے گا اور متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیاجائے گا۔ انہوںنے کہا کہ ایسے گھنائونے واقعات ناقابل برداشت ہیں اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ بچی کو لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور اس کی مکمل دیکھ بھال کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی نجم سیٹھی سے ڈیفڈ کے نمائندے کی ملاقات،تعلیمی منصوبوں پر تبادلہ خیال
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ نجم سیٹھی سے ایوان وزیراعلیٰ میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے ڈیفڈ(DFID ) پنجاب کے نمائندے ٹام اوون ایڈمونڈز (Tom Owen- Edmunds Mr.) نے ملاقات کیـملاقات کے دوران ڈیفڈ (DFID ) کے تعاون سے صوبے میں شعبہ تعلیم کے جار ی منصوبو ںپر بات چیت ہوئیـوزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے ڈیفڈ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں تعلیم بالخصوص فنی تعلیم کے فروغ میں ڈیفڈ کا تعاون لائق تحسین ہےـمسٹر ٹام اوون ایڈمونڈزپنجاب حکومت اور ڈیفڈ کے تعلیم کے شعبے میں اشتراک کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیںـانہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت او رڈیفڈ کے مابین تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پرویز مشرف نے اپنے جو اثاثے ظاہر کئے وہ سب ٹیکس پیڈ ہیں۔ ترجمان اے پی ایم ایل
لاہور (جی پی آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق نے میڈیا میں جاری ہونے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ اے پی ایم ایل کے قائد پرویز مشرف نے جو اثاثے ظاہر کئے ہیں گزشتہ تین سال سے ان کاٹیکس جمع نہیں کرایا۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اپنے جو اثاثے ظاہر کئے ہیں وہ سب ٹیکس پیڈ ہیں اورمخالفین اس طرح کے پروپیگنڈے اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے پر ویز مشرف کی شہرت کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے قانون کے مطابق جس شخص کی بیرون ملک پراپرٹی ہو اور وہ شخص 180دن تک ملک سے باہر رہا ہو تو وہ اس پراپرٹی کا ٹیکس پاکستان میں جمع کرانے کا مجاز نہیں ہوتا۔آسیہ اسحاق نے کہا کہ میڈیا میں کچھ عناصر پرویز مشرف کے اثاثوں کے حوالے غلط اور حقائق سے منافی خبریں چلا رہے ہیں جنہیں ان خبروں کی پہلے تصدیق کر لینی
چاہئے۔پرویز مشرف نہ ہی معاہدہ کرکے ملک سے باہر گئے اور نہ ہی کسی معاہدے کے تحت وطن واپس آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف متعدد بار اس چیز کی وضاحت کر چکے ہیں کہ وہ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے وطن واپس آئے ہیں لہٰذا کسی بھی شخص کو اس بات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ پرویز مشرف پاکستان میں ہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے آخری حد تک جائیںگے،نجم سیٹھی
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہاہے کہ عام انتخابات کا شفاف ، غیر جانبدار اور آزادانہ انعقاد یقینی بنایا جائے گااور اس مقصد کیلئے نگران حکومت ہرممکن اقدام اٹھائے گیـ شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کیلئے آخری حد تک جائیںگے۔وزیر اعلی نے یہ بات آج ایوان وزیراعلیٰ میں پاکستان مسلم لیگ(فنکشنل) پنجاب کے صدر ملک غلام مصطفٰی کھر سے ملاقات کے دوران کہیـ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص پنجاب میں عام انتخابات کے شفاف انعقاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔غلام مصطفٰی کھر نے نجم سیٹھی کو نگران وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہاکہ شفاف اور منصفانہ الیکشن کرانا نگران سیٹ اپ کی قومی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے سے نبھائیںگے۔ مختلف جماعتوں کے سربراہوں اور سیاسی رہنمائوںکے ساتھ عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت انتہائی مثبت رہی ہے۔ کسی بھی سیاسی رہنما نے اپنی پسند کے کسی افسر کی تعیناتی کا نہیں کہا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں افسروں کے تبادلے جلد عمل میں لائے جائیںگے۔پنجاب میں بیوروکریسی کی غیرجانبدار ٹیم تشکیل دے رہے ہیں تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھاسکے۔ نگران صوبائی کابینہ میں مکمل طو رپر غیر جانبدار اور غیر سیاسی وزرأ شامل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کے روز ووٹروں کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے جامع اور مئوثر پلان مرتب کیا جارہا ہے کیونکہ شفاف انتخابات کرانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ملک غلام مصطفٰی کھر
نے ملاقات کے دوران کہا کہ نجم سیٹھی کی بطور وزیراعلیٰ تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہیںـ پوری توقع ہے کہ وہ پنجاب میں غیر جانبدار اورشفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیںگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ میں دو گروپوں میں تصادم کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کا نوٹس لے لیا
لاہور (جی پی آئی)وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے گوجرانوالہ کے ایک علاقہ میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو صورتحال پرفوری قابو پانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دو گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو مناسب طریقے سے کنٹرول کیاجائے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لئے تمام ضروری احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس حوالے سے غفلت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس عملے کے خلاف بھی ایکشن لیاجائے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دین اسلام عفو ودرگزر ، رواداری اور اخوت و بھائی چارہ کا درس دیتا ہے او رتمام مذاہب کو اس امر کی آزادی دیتا ہے کہ وہ اپنے مذاہب کی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کریں تاہم چند شرپسند عناصر ملک کا امن و امان خراب کرنے کے لئے مذہب کا سہارا لے کر شر پھیلانا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کے مذموم عزائم کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے اور امن و امان کی صورتحال کو ہرصورت میں بہتر سے بہتربنایاجائے گا۔ اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موثر اقدام اٹھائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کے مسائل حل کئے ہیں :شمسہ یوسف
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی شمسہ یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کے مسائل حل کئے ہیں ،اس جماعت نے پنجاب میں پانچ سال تک گھر گھر جاکر عوام کے مسائل سنے اورانہیں حل کرنے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ،دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی نمائشی اقدامات کرتی رہی ،پیپلزپارٹی نے عوام کو جو دھوکے دئیے ہیں اس کی قیمت اسے عام انتخاب میں ادا کرنا پڑے گی ،پیپلزپارٹی لاڑکانہ سے بھی شکست کھا جائے گی ،اس جماعت کے سا تھ اب کوئی بھی نہیں ہے ،یہ جھوٹوں کی جماعت ہے ،پیپلزپارٹی کو عام انتخاب کے لئے امیدوار بھی نہیں مل رہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب کی تباہ حالی کا ذکر پورے ملک کے عوام کررہے ہیں:ثمینہ خاور حیات
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن پنجاب اسمبلی و مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ق شعبہ خواتین ثمینہ خاور حیات نے کہاہے کہ پنجاب کی تباہ حالی کا ذکر پورے ملک کے عوام کررہے ہیں ،ن لیگ نے پنجاب تباہ کردیا ہے اورمن مانیاں کرکے سرکاری امور میں مداخلت کی ہے ،ن لیگ کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے پنجاب میں رہنے والے سرکاری ملازمین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے ،ان کے ساتھ قابل افسوس سلوک کیا گیا ہے ،پانچ سال تک انہیں اذیت دی گئی ہے ،یہ کہاں کا طریقہ ہے کہ کمانڈو ایکشن کرنے کے لئے سرکاری ملازمین کو برطر ف کردیا جائے ان کے خلاف بلاجواز کروائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کچھ لوگ عام انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے پرا مید ہونے کا دعوی کررہے ہیں:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ کچھ لوگ عام انتخاب
میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے پرا مید ہونے کا دعوی کررہے ہیں مگر ان کے اپنے کارکنان ان کے ساتھ نہیں، ایسی جماعتیں انتشار کا شکار ہیں اور گروہووں میں تقسیم ہیں ،پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان اپنے قیاد ت سے مخلص ہیں ،وہ بغیر کسی مفاد کے کام کرتے ہیں ،یہ کارکنان ذوالفقارعلی بھٹوکے منشور کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں ،پاکستان پیپلزپارٹی کے پاس جو کارکنا ن ہیں وہ کسی اور جماعت کے پاس نہیںہیں،پیپلزپارٹی اپنے کارکنوں کی کارکردگی کی بنیاد پر ہی مقبول ہے ،ذوالفقارعلی بھٹو نے کارکنوں کو جو درس دیا تھا وہ ابھی تک ان کے اذہان میں محفوظ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امید وار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ کا این اے 126میں کارنر میٹنگز سے خطاب
لاہور (جی پی آئی)حلقہ این اے 126 سے امیدوار قومی اسمبلی اورسیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے خان کالونی گلبرگ، چغتائی پارک گارڈن ٹائون ، رچنا ،راوی بلاک ، ایوبیہ مارکیٹ مسلم ٹائون میں کارنر میٹنگز سے خطاب، قبائلی علاقہ جات کے وفد اور مولانا مختار سواتی کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے جمعیت اتحاد العلماکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں امانت ، دیانت اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کا نظام لائے گی ۔ اسلامی نظریہ اور نظام مصطفےٰ ہی پاکستان کو مستحکم اور خوشحال بناسکتاہے ۔ قومی انتخابات ملک کے وجود اور سلامتی کے لیے فیصلہ کن اہمیت رکھتے ہیں۔ عوام کے پاس یہ موقع ہے کہ غلط رخ پر جانے والی قومی گاڑی کو صحیح سمت پر ڈال دیں ۔ ووٹرووٹ کی اہمیت جانیں یہ شغل تفریح اور کھیل تماشا نہیں ملک بحرانوں اور خطرات میں گھرا ہوا ہے ۔ ووٹرز ذمہ داری اور شعور کا کردار ادا کریں ۔ غربت ، بے روزگاری ، افراط زر ، بجلی اور تیل کا بحران جماعت اسلامی کی امانت دار اور اہل قیادت کے ذریعے ہی حل کرناممکن ہوگا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پارلیمنٹ میں نمائندہ سیاسی جماعتوں نے قبائل کو نظر انداز کیا ہے ۔ قبائلی علاقہ جات ، فاٹا میں قیام امن کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے ۔ سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے قبائل میں مکمل سیاسی اصلاحات نہیں ہونے دیں۔ پولیٹیکل
پارٹیز آرڈر کی توسیع تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ قبائل میں حالات پرامن بنانے اور قبائل کے ووٹرز کو آزادانہ بنیادوں پر ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے ہر طرح کا فوجی آپریشن بند کیا جائے ۔لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے ۔ تمام آئی ڈی پیز اور قبائلی علاقوں سے بے گھر لوگوں کو واپس باعزت طور پر اپنے علاقوں میں رہائش دلائی جائے ۔ آمد ورفت کی تمام شاہراہیں کھول دی جائیں اور سفر کی آسانیاں پیدا کی جائیں ۔ نیا ریگولیشن پرانے ایف سی آر سے کئی گنا سخت اور ظالمانہ ہے فوری طور پر اسے ختم کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی لاہور میں پٹھان اور قبائلی علاقہ جات کے سیاسی اور سول حقوق کے تحفظ کے لیے ہر طرح کا ساتھ دے گی ۔ تمام مسالک کے علما اور دینی جماعتوں کے کارکنان مثالی یکجہتی اور درد مشترک ، قدر مشترک کی بنیاد پر مثبت اور انقلابی کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیاستدان ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں:ڈاکٹر فائزہ اصغر
لاہور( جی پی آئی)سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر فائزہ اصغرنے کہا ہے کہ سیاستدان ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں،پاکستان بہت سے مسائل سے دوچار ہے اس کو ان مسائل سے نکالنے کے لئے سیاستدانوں پر بھاری ذمہ دار عائد ہوتی ہے ،سیاستدانوں کو ایسے فیصلے کرنا ہوں گے جو مقبول ہوں ،دلیرانہ اور جرات مندانہ فیصلے ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں ،ملک کوایسی قیاد ت کی ضرورت ہے جو پاکستان کی ترقی کو اولین ترجیح دے،انہوں نے کہاکہ پاکستان کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے مگر ان وسائل کو منظم کرنے کی ضرورت ہے ،پاکستان کے پاس جتنے مسائل ہیں اگر کسی اور ملک کے پاس ہوں تو وہ نئی تاریخ رقم کردے ،ان وسائل کو استعمال کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عام انتخاب میںشیر کی گرج سے گیدڑ بھاگ جائیں گے: عبدالغفور خان
لاہور( جی پی آئی) سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ عام انتخاب میںشیر کی گرج سے گیدڑ بھاگ جائیں گے،شیر جرت اور ہمت کی علامت ہے ،عام انتخاب میں شیر ایسا شکار کرے گا سب پریشان ہوجائیں گے ،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی کارکردگی سب کے سامنے ہے اس جماعت نے مثالی انداز میں عوام کی خدمت کی ہے،مسلم لیگ ن کی پنجاب میں حکومت کے خاتمہ کو چند دن ہی گزر رہے ہیں عوام مسلم لیگ ن کی حکومت کی واپسی کی دعائیں کررہے ہیں،عوام کو علم ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہی ان کے مسائل حل کرسکتی ہے ،ان کے مسائل کا حل صرف مسلم لیگ ن کی قیادت کے پاس ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آئندہ عام انتخابات میں بھی اگر عوام کرپٹ سیاستدانوںسے نجات حاصل نہ کر سکے: میاں محمد آصف
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کے صوبائی سیکرٹری اطلا عات میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی اگر عوام کرپٹ سیاستدانوںسے نجات حاصل نہ کر سکے تو یہ ملک و قوم کی انتہا ئی بد نصیبی ہو گی’عوام کو یاد رکھنا چا ہئے کہ گذ شتہ پا نچ سال کس عذاب اور مشکل میں بسر ہوئے’عوام کو اپنا ووٹ ملک کی تر قی وخوشخالی اور کر پٹ لوگوں سے نجات کیلئے استعمال کر نا ہو گا ۔ وہ گزشتہ روز حلقہ این اے121میں انتخابی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر میاں وحید احمد ‘ملک خورشید اعوان ‘دوستی خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ میاں محمد آصف نے کہا کہ میںسیاست اقتدار اور ذاتی مفادات نہیں بلکہ عوام کی بھلائی اور مسائل کے حل کیلئے کر رہاہوں ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کو ووٹ دیتے وقت ملک کے دفاع،معا شی بد تری،مہنگائی،بے روز گاری،غیر ملکی مداخلت،کر پشن اور وڈیرہ شاہی کو مد نظر رکھ کر ہی کسی کو ووٹ دینے کا فیصلہ کر نا چا ہئے۔عوام کو آج اپنے روشن مستقبل کا فیصلہ کر تے وقت سوچنا
ہو گا کہ وہ مخلص اور محب وطن لو گو ںکو منتخب کرنا چا ہتے ہیں یا انہی لٹیروں،بد عنوانوں اور قاتلوں کو خود پر مسلط کرنا چا ہتے ہیںاور بعض سیاسی جماعتوں نے ملک کے عوام کو بے و قو ف سمجھ رکھا ہے مگر آئندہ انتخابات میں عوام اپنے حقیقی سیاسی دشمنوں کو کسی صورت مسلط نہیں ہو نے دیں گے’عوام قرباء پروری،رشوت ،سفارش ،کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کی سیاست کو ملک سے نکال دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بدعنوان اور جعلساز لوگوں کا راستہ روک کر الیکشن کمیشن جہاد کررہا ہے:سرفراز احمد تارڑ
گوجرانوالہ (جی پی آئی)بدعنوان اور جعلساز لوگوں کا راستہ روک کر الیکشن کمیشن جہاد کررہا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرامد کرانا شفاف انتخابات کے انعقاد میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ تمام جماعتوں کو الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہارسنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما الحاج سرفراز احمد تارڑ اور صوبائی اسمبلی حلقہ 103نے سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں علماء کرام، عہدیداروں اور حلقے سے آئے ہوئے سپورٹروں، ووٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی کو ووٹرز کا مثبت انقلابی فیصلہ ترقی کی شاہراہ کھوئے گا۔ سرفراز احمد تارڑ نے کہا کہ جھوٹ اور منافقت کی سیاست کے خاتمے اور حلقہ کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے عوام کی خواہش پر الیکشن لڑرہا ہوں اگر عوام نے موقع دیا تو علاقے کی تقدیر بدل دوں گا۔ انسانیت کی خدمت کا درس دین اسلام سے ملتا ہے۔ حلقہ کی نمائندگی کرنے والوں نے محرومیوں اور مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ کی طاقت سے سرمایہ داری اور جاگیرداروں کی غلامی کی زنجیریں توڑ دیں۔ پیشہ ور سیاستدانوں سے تنگ عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں۔ عوام کے ساتھ ناانصافی کے مرتکب افراد کا محاسبہ الیکشن میں ہوگا۔ گیارہ مئی کو غرور و تکبر کی سیاست ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 63-62 پر پورا نہ اترنے والوں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے تو شدید ردِعمل ہوگا۔ اِس موقع پر صاحبزادہ محمد دائود رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، مولانا علی رضا صدیقی، پیر عمار سعید سلیمانی، قاری محمد اعظم چشتی، قاری غلام سرور حیدری، محمد نعمان صدیقی بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بسنت ایک قاتل، جان لیوا، خونی کھیل اور غیر اسلامی تہوار ہے:مولانا محمد اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ (جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبرنقشبندی نے کہا ہے کہ بسنت ایک قاتل، جان لیوا، خونی کھیل اور غیر اسلامی تہوار ہے، اس کو ملکی کلچر قرار دینا جہالت، حماقت اور اسلام پاکستان کی توہین ہے۔ اس کی وجہ سے کئی قیمتیں جانیں اور اربوں روپے ضائع ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بسنت پر پابندی عدالت کے حکم پر لگائی گئی تھی۔ موجودہ پنجاب کی نگران حکومت کو عدالتی احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے بسنت منانے کا فیصلہ واپس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت کی طرف سے 13 اور 14 اپری کو بسنت منانے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے۔ حکومت غیر اسلامی بسنت کا تہوار منانے کی بجائے پنجاب میں امن و امان کے قیام اور شفاف الیکشن پر توجہ دے۔ شاتم رسول کی یاد میں منائے جانیوالے تہوار کی اجازت دینا توہین عدالت اور نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر حملہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہماری جدوجہد سوسائٹی ممبران کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد ہے:خواجہ ضیاء اللہ
گوجرانوالہ (جی پی آئی)قائداعظم کواپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے امیدوار برائے صدر خواجہ ضیاء اﷲ، نائب صدر حاجی محمد اسلم چیمہ، خزانچی رانا تنویر ضیاء ایگزیکٹو ممبران عدنان لیاقت خاں اور محمد مسعود مالک نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد سوسائٹی ممبران کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد ہے۔ سابقہ باڈی نے ممبران کو
سہولیات پہنچانے کی بجائے مشکلات پیدا کیں جس کی وجہ سے ٹائون میں خاطر خواہ ترقی نہ ہوسکی۔ صورحال کو دیکھ کر ہمارے پینل جوکہ ٹائون کے رہائشی اور موجودہ ممبران پر مشتمل ہے نے ممبران کو ان کا اصل حق دلانے کا عزم کرتے ہوئے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب ہونے کے بعد ٹائون میں فوری طور پر سوئی گیس کی فراہمی، معیاری مارکیٹیں، صاف پانی، سکیورٹی، سٹریٹ لائٹس، طبی سہولیات سمیت دیگر روزمرہ ضروریات کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کریں گے تاکہ قائداعظم ٹائون علی پور چوک شہر کا خوبصورت اور معیاری سہولتوں سے آراستہ ٹائون بن سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پانچ سال عوام پر مہنگائی و لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کرنے والا ٹولہ عوامی انتقام سے بچ نہیں سکتا:خرم دستگیر خان
گوجرانوالہ(جی پی آئی) مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن و امیدوار این اے96انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پانچ سال عوام پر مہنگائی و لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کرنے والا ٹولہ عوامی انتقام سے بچ نہیں سکتا،11مئی چور اتحادیوں کے لئے یوم حساب ثابت ہو گا،نواز شریف کی قیادت میں ترقی والے روشن پاکستان عوام کے قریب آچکا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے افضل پورہ دھلے میں تعمیر ہونے والی گلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پہلے پرویز مشرف اور پھر آصف زرداری نے غیروں کی غلامی کر کے ملک کو دہشت گردی کی آگ میں جھونک دیا،پچھلے پانچ سال میں اتحادی ٹولے نے انتہائی بے حسی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے قومی اداروں کو دس دس ہاتھوں سے لوٹا،تمام اہم اداروں کے سربراہوں کی تقرریاں کروڑوںروپے رشوت کے عوض کی جاتی رہیں،اسلام آباد کے سا بق حکمرانوں کی بدترین لوٹ مار ،عیاشیوں اور اقرباء پروری کی سزا آج عوام کو20,20گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی صورت میں بھگتنا پڑ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ زرداری ٹولے کی نیت ٹھیک ہوتی تو بجلی و گیس کے بحران پر قابو پانے کے لئے پانچ سال کا عرصہ کافی تھا، اتحادیوںکی
مایوس کن کارکردگی نے ملک بھر کے عوام پر یہ ثابت کردیاکہ ان سے عوام کی فلاح کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی امیدوار پی پی 93اشرف علی انصاری نے کہا کہ جس طرح مسلم لیگ ن نے پنجاب میں مقبول عوامی منصوبوں کے ذریعے ترقی کے جال بچھائے ہیں عام انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن ملک کا کونہ کونہ سنوار دے گی ۔تقریب سے شوکت علی بٹ ،محمد اشرف ،انوربٹ ،مولوی اعجاز،ماما اکرم بٹ،صفدر مہر،محمد ریاض ٹرالی والے،کاشف مغل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بچوں کو تعلیم دلوانا والدین کا مذہبی اورقومی فریضہ ہے:عمران خالد بٹ
گوجرانوالہ(جی پی آئی)بچوں کو تعلیم دلوانا والدین کا مذہبی اورقومی فریضہ ہے کیونکہ تعلیم حاصل کیلئے ترقی ناممکن ہے پڑھی لکھی بیٹی بہن ماں سمجھدارمعاشرہ تشکیل دیتی ہیں ان خیالات کا اظہارن لیگ کے امیدوارپی پی91عمران خالد بٹ نے عرفات کالونی کے نجی سکول کی سالانہ تقسیم انعامات کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا گزشتہ پانچ سالوں میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے ہونہارطلبای وطالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے جو اقدامات کئے لیپ ٹاپ اورسولرانرجی لیمپ کی تقسیم بیرون ملک پڑھائی کیلئے وظائف،یوتھ فیسٹول کا انعقاد غریب اورپشماندہ آدیوں میں دانش سکولوں کا قیام جیسے قابل ذکرمنصوبے ان کی علم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے دوبارہ برسراقتدارمیں آکراس سے بھی بڑھ کرتمام زیرتعلیم طلباء وطالبات کو سہولتیں فراہم کرینگے۔تقریب سے تنویرحسین،خالدرحمان بٹ،محمداقبال قمر،محمدشریف بٹ اورمحمداخترسندھو نے بھی خطاب کیا جبکہ مہمان خصوصی نے تمام پوزیشن لینے والے بچوں میں اپنے دست مبارک سے انعامات تقسیم کیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی نے عوام سے اجالے چھین کر تاریکی میں دھکیل دیا
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رہنما سابق ایم پی اے حاجی نواز چوہان نے
کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے عوام سے اجالے چھین کر تاریکی میں دھکیل دیا ، مہنگائی کا ایسا طوفان برپا کیا کہ عام لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس گئے، مسلم لیگ ن جب بھی برسراقتدار آئی عوام کو ریلیف ملا اور ملک خوشحال ہوا، میاں برادران کی کامیابی ہی ملکی مسائل کا واحد حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھیڑی سانسی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نواز چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر انگلی اٹھانے والے بتائیں انہوں نے عوام کے لئے کیا کیا؟ ۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں برادران نے ہمیشہ عوامی مفادات کو مدنظر رکھ کر کام کیا، مسلم لیگ ن کا منشور عوامی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام برادریوں کی حمایت حاصل ہے انشاء اللہ ضمنی الیکشن سے بڑی شکست مخالفین کے حصہ میں آئے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیاسی بازی گر اب پر فریب نعروں اور خوش کن وعدوں کی بنیاد پر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے:بیرسٹر عادل سلیم
گوجرانوالہ (جی پی آئی)تحریک انصاف کے سینئر رہنما حلقہ پی پی 94 بیرسٹر عادل سلیم خاں نے کہا ہے کہ سیاسی بازی گر اب پر فریب نعروں اور خوش کن وعدوں کی بنیاد پر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے، حکمرانوں اور ان کے گماشتوں کی پانچ سالہ کارکردگی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے جس میں عوام کو بنیادی سہولتیں میسر ہوں گی اور ملک خوشحال ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیٹلائیٹ ٹائون میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر عادل سلیم خاں کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس اور آٹا کی کمیابی کے باعث عوام سسک سسک کر زندگی گزار رہے ہیں، لیکن اشرافیہ کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال لوٹ مار کرنے والے اب عوام کے ہمدرد بن کر دکھ بانٹنے نکلے ہیں، ہم نے عوام کو بیدار کر دیا، انشاء اللہ اب بہروپیوں کے چہرے بے نقاب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو بے داغ ماضی اور کرپشن سے پاک قیادت ہی بحرانوں سے نکال سکتی ہے، عوام کو سوچ سمجھ کر ووٹ کا استعمال کرنا ہوگا۔ اس موقع پر شیخ محمد
عارف، حافظ لئیق خاں، ندیم خان، شیخ طارق، محمد جاوید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اتحادی ٹولے نے مسلسل پانچ سال تک عوام کا استحصال کیا ہے :افتخار احمد چیمہ
وزیرآباد(جی پی آئی)مسلم لیگ (ن) کے راہنما امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 101جسٹس(ر) افتخار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ اتحادی ٹولے نے مسلسل پانچ سال تک عوام کا استحصال کیا ہے ۔ بیرونی مفادات کی حفاظت میں مصروف صدر آصف علی زرداری کو پاکستان کی سالمیت اور عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ، تبدیلی کے حامی عوام مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہیں وہ صدر مسلم لیگ محمد نواز شریف کو تیسری مرتبہ نہیں بلکہ بار بار منتخب کریں گے۔ 11مئی کا دن احتساب کا دن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اکابرین مسلم لیگ (ن) خواجہ محمد جمیل ایڈووکیٹ، میر ایاز عامر ، رانا اختر جاوید ، ذکا اللہ ایڈووکیٹ ، محمد شیراز میر ایڈووکیٹ، میر ماجد علی سالار ، مہر طاہر جاوید مٹھو، افتخار احمد بٹ، وقاص خالد ہاشمی اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جسٹس(ر) افتخار احمد چیمہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میںملکی مسائل حل کرنے کی کوشش نہیں کی ۔ پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کاموںکی وجہ سے پورے ملک کے عوام کی نظریںمیاں برادران پر لگی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کردیا لیکن دشمنوںنے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر خود اقتدار پر غاصبانہ قبضہ کر لیا اور یہ چور لٹیرے پاکستان کو بہت پیچھے لے گئے ہیں ۔ عوام کے حصہ کی بجلی ، گیس اور روزگار زرداری کی جیب میںچلا گیا ،ملک اپنے مذید لوٹ مار کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔انہوںنے کہا کہ عوام ترقی ، روشنی اور روزگار کے لیے ظالم زرداری اور اناڑی کھلاڑی سے بچیں اور مسلم لیگ (ن) کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کریں ۔ جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان کی مٹی سے سچا پیار ہے اور ان کا عزم ہے کہ ہم آنیوالی نسلوں کے لیے ایک بہتر پاکستان چھوڑ کر جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دور حاضر کے تقاضوں سے نمٹنے کے لیے جدید نظام تعلیم اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے: ڈاکٹر عبید اللہ گوہر
وزیرآباد(جی پی آئی) جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر و امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 101ڈاکٹر عبیداللہ گوہر نے کہاہے کہ دور حاضر کے تقاضوں سے نمٹنے کے لیے جدید نظام تعلیم اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔مستقبل کی بھاگ دوڑ سنبھالنے والی نئی نسل کوجدیدسائنسی علوم کے ساتھ ساتھ قرآن وحدیث کے علم سے بہرہ مند کرنا دارارقم کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔ وہ عمر میرج ہال میں دارارقم سکولز کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی محمد مشتاق بٹ، صدر مرکزی تنظیم تاجران چوہدری ناصر محمود اللہ والے ، صدر پریس کلب افتخار احمد بٹ، ڈائریکٹر دارارقم صابر حسین بٹ ، محمد فاروق مرزا ، حافظ محمد شفیق ، امیر جماعت اسلامی عبدالوکیل علوی، ذبیح اللہ ملک ، وسیم شاہد اولکھ، بابو محمداکرم سنڈل اور وقاص خالد ہاشمی بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری سطح پر تعلیم کو ترجیح نہیں دی جارہی ہے ، سرکاری تعلیمی ادارے اپنی ذمہ داری نہیں نبھا رہے جس کی وجہ سے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے آنا پڑا ہے ۔ دارارقمکا پورا نظام بامقصد تعلیم کا حامل ہے۔ امیدوار صوبائی اسمبلی محمد مشتاق بٹ نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے منتظمین اور اساتذہ پر ذمہ داری آتی ہے کہ وہ اپنی تہذیب اور کلچر کی حفاظت کریں اور طلبہ میں کردار سازی کی طرف خصوصی توجہ دیں ۔ صدر مرکزی تنظیم تاجران چوہدری ناصر محمود اللہ والے نے کہاکہ بچے مستقبل کا سرمایہ ہیں ، انکی جدید اور بہتر انداز میں ذہنی نشوونما ضروری ہے۔ صدر پریس کلب افتخار احمد بٹ نے کہاکہ موجودہ دور میں نئی نسل کو بے راہ روی سے بچانے اور اچھی تربیت کے لیے ضروری ہے کہ جدید علوم کے ساتھ قرآن اور اسلامی تعلیمات کی ترویج کی جائے۔ مقامی صنعتکار حافظ محمد شفیق نے کہاکہ دارارقم سکولز ملک بھر جس طرح تعلیمی شعبہ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں ۔ ڈائریکٹر دار ارقم محمد فاروق مرزا نے کہا کہ ہم مسلمان اور تعلیم وتربیت کی پندرہ سو سالہ پرانی نسبت دارارقم کو
جاری رکھتے ہوئے کوشش کریں گے کہ معاشرہ کو باشعور اور جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ قیادت فراہم کرسکیں۔اس موقع پر بچوں نے ٹیبلو ، مزاحیہ خاکے اور ترانے پیش کئے ۔ بعدا زاں مہمانان گرامی نے کامیاب ہونے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عام انتخابات میں برسراقتدار آکر نئے پاکستان کی تشکیل کریں گے :چوہدری عدنان سرور چیمہ
وزیرآباد(جی پی آئی)حلقہ این اے 101تحریک انصاف کا قلعہ ہے اور عام انتخابات میں برسراقتدار آکر نئے پاکستان کی تشکیل کریں گے جہاں آئین اور قانون کو بالادستی حاصل ہوگی ، قائد تحریک عمران خان واحد سیاسی راہنما ہیں جو پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکال کر حقیقی فلاحی ریاست میں تبدیل کرسکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی چوہدری عدنان سرور چیمہ نے مقامی پارٹی سیکرٹریٹ میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرامیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 103چوہدری عثمان طالب چٹھہ، جوہر سرور چیمہ ، سابق چیئرمین یونین کونسل بھٹی کے محمد اشرف چیمہ ،محمد اشفاق چیمہ، اویس سپال،عبداللہ وڑائچ ، وجاہت وڑائچ ،طارق علی قریشی ،لیاقت راٹھ ، عرفان علی،افضل بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے فنڈ لاہور میں خرچ کرکے صوبہ کے کروڑوں عوام سے کھلا ظلم کیا ہے جس کا انہیں حساب دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ جیسے عوامی فلاحی منصوبہ کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے والوں کی کم ظرفی اور کینہ پروری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ چوہدری عدنان سرور چیمہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی اپنی عوام دشمن پالیسیوں اور بدترین کارکردگی کی وجہ سے عوام الناس کی نظروں سے گر چکی ہے اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی ضمانت بچ جائے تو سخت حیرانگی ہوگی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ11مئی کا سورج تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا اور ہمارے روایتی سیاسی خریف ہماری مقبولیت سے اس قدر خوفزدہ ہیں کہ عزت بچانے
کے لیے انتخابات سے راہ فرار حاصل کرکے خانہ پری کے طور پر بیٹوں کو آگے کر رہے ہیں ، یہ سب مکافات عمل ہے عوام اور قیادت سے بے وفائی کرنے والے آج ٹکٹ کے حصول کی خاطر دربدر خوار ہورہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اساتذہ ،والدین اور طلبہ نے مشترکہ فروغ تعلیم ریلی نکالی
وزیرآباد(جی پی آئی)اساتذہ ،والدین اور طلبہ نے مشترکہ فروغ تعلیم ریلی نکالی، جلوس کی قیادت صدر میونسپل سکولز حاجی محمد اشرف مہر ، راہنما اتحاد اساتذہ عرفان الٰہی ہیرا، منیر انجم ، محمد شعیب اوردیگر نے کی۔ ریلی میں شریک بچوں اور بڑوں نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر علم کو رستہ دو، ہر بچے کو بستہ دو ، چراغ علم جلائو ، بڑا اندھیرا ہے اور علم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے ، جیسے نعرے درج تھے ۔ ریلی کا آغاز گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ٹھٹی آرائیاں سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ شرکا ء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد اشرف مہر نے کہا کہ ہمارا مقصد ہر پانچ سالہ بچے کو سکول کا راستہ دکھانا ہے ، سرکار نے کتابیں مفت اور فیس معاف کردی ہے اب یہ اساتذہ اور والدین کافرض ہے کہ وہ نونہالان وطن کے ہاتھ میں بھاری اوزار وں کی بجائے قلم اور کتاب دیں ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں پڑھی لکھی اقوام عزت کی نگاہ سے دیکھی جاتیں ہیں اور تعلیم ایک ایسا درخت ہے جو پھل نہ بھی دے چھائوں ضرور دیتا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عرفان الٰہی ہیرا نے کہا کہ علم دوست قومیں ترقی کی منازل طے کرجاتیں اور فرد واحد ہو یا پوری قوم تعلیم کے بغیر انسان ادھورا ہے ۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ پانچ سال تک کے تمام بچے بچیوں کو حصول تعلیم کی خاطر سکول میں مفت داخل کروائیں اور ان کی ایسی عمدہ تعلیم وتربیت کو یقینی بنایا جائے کہ عالمی برادری میں پاکستان سربلند ملک بن کر جگمگاتا رہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انتخابات میں قارون کی بجائے کارکن منتخب کرائیں گے:ملک محمد شعیب
وزیرآباد(جی پی آئی) انتخابات میں قارون کی بجائے کارکن منتخب کرائیں گے ۔ غریب ہونا گناہ نہیںبلکہ امراء ، روسا اور اشرافیہ کا کاسہ لیس ٹوڈی بننا جرم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے راہنما ملک محمد شعیب نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرسابق کونسلر محمد شفیق بلا پہلوان ، مہر محمد الیاس، ملک محمود بلوچ، مختار خلجی ، شاہد خلجی اور دیگر بھی موجود دتھے ۔ انہوں نے کہاکہ سابق ناظم اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 104حفیظ خلجی غریب اور متوسط طبقہ کے حقیقی نمائندہ ہیں جن کے دامن پر لوٹ کھسوٹ اور بددیانتی کا کوئی داغ نہیں۔ پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن حفیظ خلجی کی کامیابی کے لیے تن من لٹا دیں گے اور جیت کر حلقہ کو درپیش دیرینہ مسائل حل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی خدائی قانون نہیں کہ اسمبلیوں میں صرف دولت مند لوگ ہی جاسکتے ہیں ، لوگ ہم سے پیار کرتے ہیں اور ہماری کامیابی یقینی ہے کیونکہ ہمارے قافلے میںمفاد پرستی کو عمل دخل نہیں ہے ۔ ملک شعیب نے کہاکہ پارٹی ہائی کمان کارکنوں کی آواز سنے اور سابق ناظم حفیظ خلجی سمیت تمام قومی وصوبائی حلقوں سے بھٹو ازم میں یقین رکھنے والے نظریاتی کارکنوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرے تاکہ پیپلز پارٹی کے نعرہ روٹی کپڑا اور مکان کی عملی تعبیر ڈھونڈی جاسکے۔