اضلاع کی خبریں 17.7.2013

ملک ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمیں اخوت و رواداری کا سبق دیتا ہے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) ملک ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمیں اخوت و رواداری کا سبق دیتا ہے اور ماہ مقدس میں ہمیں اپنے غریب بھائیوں کی دل کھول کر امداد کرنی چاہئے جس سے ہماری دنیا و آخرت دونوں سنور سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل سیکرٹری ملک ویلفیئر ٹرسٹ لیاقت علی بھٹی کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، افطار ڈنر سے حاجی ملک محمد افصل، حاجی عبدالرشید، ملک اعجاز احمد، حاجی ملک محمد اقبال، حاجی ملک محمد منیر، ملک عبدالرحمن، حاجی ملک محمد قاسم، حاجی ملک محمد الیاس، محمد راشد منہاس، حاجی ملک محمد یوسف، ملک اصغر مانسوی، حاجی ملک رمضان، ملک سیف، ملک رب نواز و دیگر نے بھی خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ رمضان المبارک کے تقدس کو داغدارکرنے والے عناصر کو سرعام سزا دے کر دوسروں کے لئے سبق آموز بنایا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کی بھی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ رمضان المبارک مصنوعی مہنگائی پیدا نہ کی جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجلی اور گیس چوروں کو کچل کر رکھ دیا جائے:ولید بٹغ
گوجرانوالہ(جی پی آئی)بجلی اور گیس چوروں کو کچل کر رکھ دیا جائے ملکی دولت کو لوٹنے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے چوری کرکے انڈسٹریاں چلانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ایسے لٹیروں کو جیل میں ڈال کر چوری کا ایک ایک پیسہ وصول کیا جائے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے سٹی صدر ولید بٹ نے یوتھ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بجلی اور گیس چوروں کیخلاف بلاتفریق آپریشن شروع کر کے درست اور انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس انقلابی قدم پر وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں اور ضلعی انتظامیہ نے جس طرح گیس چوروں کو پکڑ کر بے نقاب کیا ہے وہ بڑا کارنامہ ہے اور ہم اس آپریشن میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دوران آپریشن کوالیفائیڈ ڈاکٹر حکیم وہومیو ڈاکٹرز کو تنگ نہ کیا جائے’پروفیسر حکیم محمد نواز
گوجرانوالہ(جی پی آئی)پاکستان تحریک ایفائے حکمت کے چیئرمین پروفیسر حکیم محمد نواز’مرکزی صدر حکیم وہومیو ڈاکٹر محمد منظور مہر اور جنرل سیکرٹری حکیم طیب شاہ شیرازی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عطائیت کیخلاف بھرپور ایکشن ہونا چاہیے۔ہم انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرتے رہے ہیں اور کرتے رہینگے۔ ہم ای ڈی او ہیلتھ اور ڈائریکٹر ہیلتھ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عطائیت کیخلاف نہ صرف ایکشن لیا جائے بلکہ عطائیت کے اصل محرکات کے خلاف آپریشن کیا جائے ۔دوران آپریشن کوالیفائیڈ ڈاکٹر حکیم وہومیو ڈاکٹرز کو تنگ نہ کیا جائے۔اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے نان کوالیفائیڈ عطائیوں کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے کہ جلدازجلد پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں :میاں محمد ارقم خاں
گوجرانوالہ (جی پی آئی)پیپلزپارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد ارقم خاں نے کہا ہے کہ نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے کہ جلدازجلد پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں کیونکہ اس کے بغیر جمہو ری عمل مکمل نہیں ہو سکتا اور بلد یاتی انتخابات غیر جماعتی نہیں جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلیل ٹائون میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، افطار پارٹی سے چودھری اعظم ورک، چودھری محمد یوسف ورک، مولوی عبدالحمید، ابرار خاں، مولوی شریف، چودھری یوسف مہار و دیگر نے بھی خطاب کیا، میاں ارقم خاں نے کہا کہ جہاں حکو مت کوئی اچھا کام کریگی وہاں اسکو سپورٹ کیا جائے گا اور جہاں صوبہ اور عوام کے خلاف کوئی کام ہو گا اسکی سخت مخالفت کی جائیگی، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں اچھا رزلٹ دے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت کے رمضان المبارک میں سحری و افطاری اور نماز تراویح میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات و اعلانات ہوا میں معلق ہو گئے ہیں:رائو اکرام خاں
گوجرانوالہ (جی پی آئی) پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر پی پی 96 و سابق ٹائون ناظم رائو اکرام خاں نے کہا ہے کہ حکومت کے رمضان المبارک میں سحری و افطاری اور نماز تراویح میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات و اعلانات ہوا میں معلق ہو گئے ہیں اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں کمی کا رمضان پیکج پچک گیا ہے۔ وہ سمن آباد میں افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا احساس کرنا ہونگے، صرف بیانات سے کام نہیں چلے گا، لوڈشیڈنگ سے سحر ی، نماز فجر، افطاری اور نماز تراویح کی عبادت میں خلل پڑ رہاہے۔ رائو اکرام خاں نے کہا کہ واپڈا حکام کا دوسرا ظلم یہ ہے کہ گھروں میں بجلی کے وولٹیج انتہائی کم آرہے ہیں جس سے بجلی سے چلنے والی اشیا کے جلنے سے عوام کا بہت بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں توانائی کی کمی کو دورکرنے کیلئے سنجیدگی دیکھائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کے نتیجہ میں ملک سے لوڈشیڈنگ میں کمی کے علاوہ ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا :چوہدری شاہد اکرم بھنڈر
گوجرانوالہ (جی پی آئی) سابق وفاقی وزیر چودھری شاہد اکرم بھنڈر اور (ن) لیگ کے راہنما ولید اکرم بھنڈر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کے نتیجہ میں ملک سے لوڈشیڈنگ میں کمی کے علاوہ ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا اور کارخانے فیکٹریاں چلنے سے ملکی معیشت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ مزدور طبقہ کو بھی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی خزانے کو بھاری نقصان سے دوچار کرنیوالے یہ عناصر کسی معافی اور رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے دورہ چین کے دوران کئی کمپنیوں کے ساتھ بجلی کی پیداوار کے معاہدے کئے گئے ہیں جن پر جلد ہی عمل درآمد شروع کردیا جائے گا لیکن جب تک بجلی و گیس چوری میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹاجاتا ملکی صنعت ترقی نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر بجلی و گیس چوری کے خلاف گرینڈ آپریشن خوش آئند ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر قائم کی گئی ٹاسک فورس بہتر نتائج دے رہی ہے اس سے صوبے میں بجلی و گیس چوری کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اِقتدار کے ایوانوں میں چہروں کے سوا کچھ نہیں بدلا’مفتی لیاقت علی
اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک کے ڈویژنل صدرمفتی لیاقت علی رضوی نے کہا ہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں چہروں کے سوا کچھ نہیں بدلا۔ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے حکومتی دعوے محض لالی پاپ اور ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ بجلی کاشارٹ فال 5ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے۔ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب دن بدن کم ہونے کی بجائے بڑ ھ رہا ہے۔شہروں میں16اور دیہاتوں میں20گھنٹے بجلی دستیاب نہیں۔کارخانے بند،مزدور بے روزگار اور سرمایہ دار پاکستان آنے سے کتراتا ہے۔آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجلی پر غریب عوام کو دی جانے والی سبسڈی کو ختم کردیا گیاہے۔ایک طرف بجلی میسر نہیں تو دوسری جانب فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہر ماہ نرخ بڑھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام کی ساری توقعات پر پانی پھیر دیا ہے۔ جی ایس ٹی لگانے سے ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے۔ رمضان المبارک سستے بازار فلاپ جبکہ متعلقہ اداروں نے چشم پوشی اختیار کرلی ہے۔ غریب طبقہ بُری طرح پس رہا ہے لیکن حکمران ٹولہ سب اچھا کا ورد کیے جا رہا ہے۔ہر طرف لوٹ مار کابازار گرم ہے۔کرپشن کی وجہ سے خزانہ خالی ہے۔بھیک مانگنے والے کبھی بھی دنیا میں باعزت مقام نہیں بناسکتے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بجلی چور ی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ ملکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان پر انحصارکیلئے وفاقی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔جب تک قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے موجود رہیں گے ملک میںخوشحالی اور استحکام نہیں آسکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رمضان بازارعوام کو منافع خور مافیا سے بچا رہے ہیں :حمزہ شہباز
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے آج فاروق آباد ( شیخوپورہ ) اور ساہیوال میں قائم سستے رمضان بازاروں کا دورہ کیااور ان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے معیار ،قیمتوں اور عوام کیلئے دیگر سہولیات کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔حمزہ شہبازشریف نے فاروق آبا دمیں کینسر کے مریض نوجوان عمران کے غریب محنت کش والدین کوبچے کے علاج کیلئے امدادی رقم کاچیک بھی دیا۔فاروق آباد میں رمضان بازارکے معائنہ کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ منافع خور مافیا رمضان جیسے مقدس مہینے میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی گرانی پیدا کرکے عوام کیلئے مسائل پیدا کرنے سے باز نہیں آتا۔ حکومت پنجاب نے شہریوں کو مہنگائی اور ناقص اشیائے ضروریہ سے بچانے کیلئے صوبہ بھر میں 350سے زائد رمضان بازارقائم کئے ہیں جہاں عوام کو صاف ستھرے ماحول میں آٹا ،چینی ،گوشت اور پھل سمیت تمام اشیا ء مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ برادر اسلامی ملک ترکی میں رمضان کے موقع پر تاجر اشیائے صرف سستی کر دیتے ہیں،مگر ہمارے ہاں صورتحال بڑی افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے ساڑھے تین ارب کا رمضان پیکج دیکر کم آمدنی والے غریب طبقے کو ریلیف فراہم کیاہے ۔حمزہ شہبازشریف نے بعدا زاں فاروق آبا دکے نواحی گائوںبھنڈور میںکینسر میں مبتلا نوجوان عمران کے اہل خانہ کی مالی امدادکیلئے پہنچے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ دنیا میںسب سے بڑی عبادت دکھی انسانیت کی خدمت ہے ۔انہوں نے کہاکہ میڈیا کے ذریعے نوجوان کی بیماری کا پتہ چلنے کے بعد
حکومت پنجاب کی ہدایت پر لاہور بہترین ہسپتال میںاس کا علاج ہورہاہے ۔حمزہ شہبازشریف بعدا زاں ساہیوال پہنچے جہاں انہوںنے ماڈل بازار میںقائم رمضان بازار کا دورہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زکوةٰو عشر ملک ندیم کامران او ر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اورضلعی افسران بھی موجود تھے۔حمزہ شہبازشریف نے رمضان بازار میں فراہم کی گئی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور سٹالوں پر موجودسبزیوں اور پھلوں کے معیارکوچیک کیا ۔انہوںنے خریداری کیلئے آئے ہوئے افراد سے بھی گفتگوکی اور ان سے رمضان بازار میں فراہم کی گئی اشیاء کے بارے دریافت کیا ۔حمزہ شہبازشریف نے رمضان بازار میںپارکنگ کی سہولت ،ہیلتھ کیمپ کے قیام اور بیف او رچکن کی فروخت کیلئے علیحدہ مارکیٹ کا معائنہ کیا او رضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فراہم کی گئی سہولتوں کا اعلیٰ معیاربرقرار رکھا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستانی ٹاپ پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کا سٹاک ہام یونیورسٹی اور ٹاؤن ہال کا مطالعاتی دورہ
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر یورپ کا مطالعاتی دورہ کرنے والے ٹا پ پوزیشن ہولڈرزپاکستانی طلبا و طالبات نے اگلے مرحلے میں سٹاک ہام یونیورسٹی کا دورہ کیا ـیونیورسٹی پہنچنے پر وہاں زیر تعلیم پاکستانی طلباو طالبات اور یونیورسٹی کے سینئر سٹاف ممبران نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیاـطلباو طالبات نے قانون، سائنس ، آرٹس ،سوشل سائنسز اور دیگر مضامین سمیت یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں درس و تدریس کے عمل کا بغور جائزہ لیا اور حاصل ہونے والی معلومات کو ذہنی و تعلیمی استعداد کار میں اضافے کے لئے معاون قرار دیاـ یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ نے پاکستانی طلباو طالبات کو یونیورسٹی کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سٹاک ہام یونیورسٹی کو دنیا بھر میں نمایاں حیثیت حاصل ہے ، اس یونیورسٹی کا قیام 1868 ء میںعمل میں آیا تھا اور اسے دنیا بھر کی
یونیورسٹیوں میں 81ویں حیثیت حاصل ہے ـ یہاں زیرتعلیم65ہزار طلبا و طالبات سائنس کے مختلف شعبوں میں تحقیق کررہے ہیںـیہاں سے فارغ التحصیل 4ہونہار افراد نے نوبل انعام حاصل کئے ـانہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اس وقت مجموعی طور پر 200سٹڈی اور 76ماسٹرز پروگرام جاری ہیں جبکہ 3سال میں بیچلرڈگری کا تعلیمی سیشن پورا کیا جاتا ہے ـ انہوں نے بتایا کہ اس یونیورسٹی میں ایک اور دو سالہ ماسٹر پروگرام جبکہ پی ایچ ڈی کے لئے دوسالہ تدریسی دورانیہ پورا کیا جاتا ہےـاس موقع پر یونیورسٹی کے اساتذہ اور ماہرین نے کہا کہ ٹاپ پوزیشن ہولڈرزطلباء و طالبات کا یہ مطالعاتی دورہ انتہائی مفید ثابت ہوگا اور انہیں اس یونیورسٹی کے دورے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گاـدریں اثنا پوزیشن ہولڈرپاکستانی طلباو طالبات نے سٹاک ہام ٹاؤن ہال کا دورہ بھی کیا جہاں نوبل انعام حاصل کرنے والوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جاتی ہےـاس موقع پر پوزیشن ہولڈرز کو ایک جامع بریفنگ بھی دی گئیـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بنگلہ دیشی حکومت جماعت اسلامی کے رہنماؤں کوانتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ‘ڈاکٹر رخسانہ جبیں
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے بنگلہ دیش میں بھارت نواز حسینہ واجد حکومت کی طرف سے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے سابق امیر 92 سالہ پروفیسر غلام اعظم کو 90 سال قید کی سزا جبکہ دیگر رہنماؤں کو سزائے موت دئیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق اور انصاف کے عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے ساتھ یہ سلوک کیا جارہاہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، بنگلہ دیش کی اسلام بیزار اور بھارت نوازحکومت و عدلیہ نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے خلاف انتقامی کاروائی کرکے عدالتی دہشت گردی کا ثبوت دیا ہے ‘ انہیں پاکستان دوستی کی سزا دی جارہی ہے ‘ خود ساختہ جنگی عدالتوں کا طرز عمل نفرت پر
مبنی ہے ‘ ان عدالتوں کو عالمی سطح پر کہیں بھی تسلیم نہیں کیا گیا’اہلیان پاکستان بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پروفیسر غلام اعظم کا جرم صرف یہ ہے کہ انہوںنے بنگلہ دیش کے قیام کی مزاحمت کی اور پاکستان کو دو لخت کرنے کی کوششوں کے خلاف جدوجہد کی لیکن افسوس کہ آج پاکستان کی حکومت ‘ مقتدر حلقے اورمیڈیا خاموش ہے پاکستان سے محبت کا دم بھرنے والوں کیلئے کوئی آواز اٹھانے پر تیار نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پروفیسر غلام اعظم کی سزا سمیت جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے دیگر رہنمائوںکو دی جانے والی سزائیں کالعدم قرار دی جائیں اورجماعت اسلامی کے خلاف انتقامی کارروائیوںکا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے۔ حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ بنگلہ دیش کی حکومت پر دبائو ڈالے کہ یہ سزا واپس لی جائے اور پروفیسرغلام اعظم کو پاکستان دوستی کی سزا نہ دی جائے ۔ ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کی قیادت اورکارکنوں کے خلاف سرکاری سطح پر جاری انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کرائیں اور حکومت بنگلہ دیش کو مجبور کریں کہ انصاف کے عالمی تقاضوں کو پورا کیا جائے ۔ عدالتی عمل کے نام پرانتقامی کاروائی بند کی جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترقی اور خوشحالی کیلئے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کو ہر قیمت پر ختم کرنا ہوگا: شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کی بقاء دہشت گردی کے خاتمے میں مضمر ہے۔ ترقی اور خوشحالی کیلئے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کو ختم کرنا ہوگا اور اس مقصد کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہونا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں فاٹا سے تعلق رکھنے والے سیاسی اکابرین کے 12 رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے ڈاکٹر بشیر احمد خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ خان، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان اور رابعہ ضیاء بھی اس موقع پر موجود
تھیں۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اور اسے دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے کا سامنا ہے۔وطن عزیز میں لگی آگ پر دل خون کے آنسو روتا ہے اور ہر محب وطن شہری اس صورتحال پر دل گرفتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کی لعنت کے خاتمے کیلئے ہر ایک کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا اور ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عوام نے تاریخی مینڈیٹ سے نوازا ہے اور انشاء اللہ یہ جماعت ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ ملک امن کا گہوارہ بنے گا تومعاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا اور اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی۔ ہر شہری فاٹا سمیت ملک کے ہر حصے میں امن دیکھنا چاہتا ہے۔وفد کے سربراہ ڈاکٹر بشیر احمد خان نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ فاٹا کے عوام وزیراعظم محمد نواز شریف کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے امید کی کرن سمجھتے ہیں۔ انشاء اللہ ان کی قیادت میں نہ صرف ملک مسائل سے نکلے گا بلکہ ترقی کی راہ پر بھی گامزن ہوگا۔ فاٹا کے عوام امن چاہتے ہیں اور اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے خواہاں ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی ملاقات
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے آج یہاں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امو رپر تبادلہ خیال کیا گیا۔