اضلاع کی خبریں 22.7.2013

EDOایجوکیشن گوجرانوالہ نے 22اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کو تبدیل کردیا گئی
گوجرانوالہ (جی پی آئی) ای ڈی او ایجوکیشن گوجرانوالہ نے واہنڈو سمیت ضلع کے 22اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کو تبدیل کردیا ہے۔ تبدیل ہونے والوں میں 14اے ای اوز زنانہ اور 8کا مردانہ سکولوں سے تعلق ہے۔ رفعت قمر اے ای او قلعہ دیدار سنگھ مرکز سے واہنڈو، بشریٰ بیگم ڈویلپمنٹ گوجرانوالہ سے صدر غربی، زبیدہ بیگم واہنڈو سے ڈویلپمنٹ، شاہدہ احسان گرلز ہائی سکول دھونکل سے گکھڑ مرکز، کشور سلطانہ گکھڑ سے ایلیمنٹری سکول کوٹ عنایت، شاہینہ بانو گکھڑ سے اے ای او ہیڈکوارٹر نصرت افزاء ہائی سکول کیلاسکے سے اے ای او مرکز احمد نگر، رفعت ناہید کوٹ عنایت ایلیمنٹری سکول سے اے ای او وزیرآباد، نصرت بیگم اے ای او وزیرآباد سے ہای سکول دھونکل، صغیر فاطمہ اے ای او رسولنگر سے اے ای او علی پور چٹھہ، عفت طاہر اے ای او علی پور سے رسولنگر، زرینہ اختر اے ای او صدر غربی سے قلعہ دیدار سنگھ مرکز، مسرت فردوس اے ای او تتلے عالی سے اے ای او کوٹ لدھا، مقبول بیگم کوٹ لدھا سے اے ای او تتلے عالی، مردانہ سائیڈ سے جلیل احمد اے ای او ڈویلپمنٹ سے اے ای او ہیڈکوارٹر، غوث محمد ہیڈکوارٹر سے ڈویلپمنٹ، غلام مصطفےٰ ہائی سکول کھیالی سے اے ای او قلعہ دیدار سنگھ، آفتاب احمد گکھڑ سے اے ای او احمد نگر، محمد رفیق احمد نگر سے رسولنگر، محبوب حسین رسولنگر سے ایس ایس ٹی ہائی سکول سلوکے، رائو محمد اسلم ایس ایس ٹی ہائی سکول سلوکے سے اے ای او گکھڑ جبکہ عارف چیمہ کو مرکز وزیرآباد کا اے ای او تعینات کردیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، حکمران بتائیں کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ’ ڈرون حملوں کی بندش اور عوامی مسائل کا حل کب ہو گا۔ پنجاب میں کونسلر کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کروانے کی کوشش آمرانہ سوچ ہے، پیپلز پارٹی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں’ ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی اور غریب عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اقتدار میں آتے ہی ماضی کے حکمرانوں پر کرپشن کے الزامات لگانا شروع کر دیتی ہے تاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ناکامیاں عوام کی نظروں سے اوجل رہیں، لیکن اب عوام عملی اقدامات دیکھنا چاہتی ہے، اوچھے ہتھکنڈوں سے کام نہیں چلے گا،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مزدوروں کو حکومت کی نجکاری پالیسی کا ایندھن نہیں بننے دینگے’ راجہ امتیاز
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق لیبر ونگ کے مرکزی صدر راجہ امتیاز نے کہا ہے کہ حکومت کی نجکاری پالیسی کا مزدور وں کو ایندھن نہیں بننے دینگے ن لیگ کو قومی ادارے بیچنے کا نہیں ٹھیک کرنے کا مینڈیٹ ملا ۔ حکومت کی ریلوے کو پرائیوٹائز کرنے کے حوالے سے صلاح مشوروں اور منصوبہ بندی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ق لیگ لیبر ونگ کی تنظیم سازی کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وہ گزشتہ روز مسلم لیگ ہائوس میں لیبر ونگ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں فیاض تبسم ، حافظ عثمان شفیق، ناصرہ تاج، عائشہ شیخ، مرزا کاشف، عمران بیگ، واجد شاہ، وسیم رومی نے شرکت کی۔ راجہ امتیاز نے یوٹیلٹی سٹوروں اور رمضان بازاروں میں ناقص انتظامات اور ریلیف دینے میں ناکامی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری حکومت صرف بیان بازی تک محدود ہے عملاً عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں ملا ۔ انہوںنے کہا کہ اربوں روپے کے نام نہاد پیکج دینے کے باوجود آٹے کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہو چکی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حضرت بی بی زینب کے مزار پر حملہ، ق لیگ کی مذمتی قرار داد جمع
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین اسمبلی عامر سلطان چیمہ، سردار وقاص حسن موکل، سردار آصف نکئی، ثمینہ خاور حیات نے شام میں حضرت بی بی زینب کے مزار پر دہشت گردانہ حملہ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد جمع کروا دی ہے، اراکین اسمبلی نے کہا کہ واقعہ سے پورے عالم اسلام میں شدید رنج و الم پایا جاتا ہے، حملہ آوروں نے مذموم مقاصد کے لیے عالم اسلام کی عقیدت کے مقام کو نشانہ بنایا قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا، اس حملہ پر یو۔این۔ او اور او آئی سی سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر آواز بلند کی جائے، دریں اثناء ق لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی احمد شاہ کھگہ نے پیر غنی پاکپتن میں پولیس پارٹی پر حملہ کرکے مغوی خاتون سمیت اغواء کے ملزمان کو چھڑوائے جانے پر توجہ دلائو نوٹس بھی جمع کروایا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سپریم کورٹ پہلے ہی حکم دے چکی ہے ، عملدرآمد میں لیت و لعل بدانتظامی تصور کی جائے گی ۔ محتسب پنجاب جاوید محمود
لاہور(جی پی آئی)محتسب پنجاب جاوید محمودنے 1994سے 2001کے دوران ریٹائرہونے والے ایسے تمام ملازمین کا سیکریٹریٹ الاؤنس پنشن میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے جو اس عرصہ کے دوران تنخواہوں کے ساتھ پرسنل الاؤنس حاصل کررہے تھے۔ محتسب پنجاب نے محکمہ خزانہ پنجاب کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ ملازمین کا سیکریٹریٹ الاؤنس /پرسنل الاؤنس پنشن میں شامل کرکے ایک ماہ میںمحتسب پنجاب آفس کو عملدرآمد رپورٹ پیش کرے اورپنشنرز کے واجبات کی جلد ادائیگی کیلئے ہدایات جاری کرے۔محتسب پنجاب نے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی اس نوعیت کے احکامات جاری کرچکی ہے اوروفاقی حکومت سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرکے وفاقی ملازمین کو ریلیف دے رہی ہے ۔محتسب پنجاب نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد میں کسی قسم کا لیت و لعل بدانتظامی تصور کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ریٹائرڈ ڈپٹی سیکریٹری نوشاد حسین راٹھور اورمتعدد ریٹائرڈ ملازمین نے محتسب پنجاب جاوید محمود کو درخواست دی کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں 31 دسمبر 2001تک ریٹائر ہونے واالے ایسے تمام وفاقی ملازمین کی پنشن میں پرسنل الاؤنس / سیکریٹریٹ الاؤنس شامل کردیا ہے لیکن پنجاب حکومت سپریم کورٹ اوروفاقی وزارت خزانہ احکامات ماننے سے انکاری ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں ریٹائرڈ سیکریٹریٹ ملازمین ریلیف سے محروم ہیں ۔محتسب پنجا ب جاوید محمود نے ایڈوائزر اکاؤنٹس اور محتسب پنجاب پنشن سیل کے انچارج وزیر احمد قریشی کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی ۔محتسب پنجاب نے ایڈوائزر اکاؤنٹس وزیر احمد قریشی کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر1994سے 2001کے دوران ریٹائرہونے والے ایسے تمام ملازمین کا سیکریٹریٹ الاؤنس پنشن میں شامل کرنے کا حکم دیا جو اس عرصہ کے دوران تنخواہوں کے ساتھ پرسنل الاؤنس حاصل کررہے تھے ۔ محتسب پنجاب نے محکمہ خزانہ پنجاب کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ ملازمین کا سیکریٹریٹ الاؤنس /پرسنل الاؤنس پنشن میں شامل کرکے ایک ماہ میںمحتسب پنجاب آفس کو عملدرآمد رپورٹ پیش کرے۔انہوںنے محکمہ خزانہ کو پنشن کی نئی شرح کے مطابق پنشنرز کے واجبات کی جلد ادائیگی کیلئے بھی ہدایات جاری کرنے کا حکم دیاہے ۔محتسب پنجاب نے کہا کہ 1994میں سیکریٹریٹ الاؤنس کو پرسنل الاؤنس کا نام دے دیا گیا اورپرسنل الاؤنس 2001تک تنخواہوں میں شامل رہااورملازمین کو اس کی ادائیگی بھی کی جاتی رہی ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کا پرسنل الاؤنس پنشن کا بھی حصہ ہونا چاہئے تھالیکن اس وقت ملازمین کو اس سے محروم کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سپریم کورٹ اوروفاقی حکومت نے ملازمین کے پرسنل الاؤنس کو پنشن کا حصہ تسلیم کرکے وفاقی ملازمین کو عملی طور پر ریلیف بھی دے دیا ہے تو پنجاب حکومت کا محکمہ خزانہ بھی ان احکامات پر عمل کرے ۔محتسب پنجاب نے محکمہ خزانہ اوراکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کو حکم دیا کہ 2001تک پرسنل الاؤنس لینے والے گریڈ ایک سے 22تک کے تمام ملازمین کی پنشن کا ازسر نو تعین کیا جائے اورانہیں نئی شرح سے پنشن اوراب تک بننے والے واجبات ادا کئے جائیں ۔ محتسب پنجاب نے محکمہ خزانہ پر واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد میں کسی قسم کا لیت و لعل بدانتظامی تصور کی جائے گی۔انہوں نے محکمہ خزانہ پنجاب کو ہدیات کی ہے کہ ملازمین کا پرسنل الاؤنس پنشن میں شامل کرکے ایک ماہ میں عملدرآمد رپورٹ پیش کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
25 سالہ علی اکبر کے ڈینگی ٹیسٹ نیگٹو آئے تھے…ترجمان محکمہ صحت پنجاب
لاہور(جی پی آئی) محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنڈ دادن خان کے 25 سالہ نوجوان علی اکبر ڈینگی بخار سے ہلاکت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور مذکورہ نوجوان پیچیدہ قسم کے نمونیہ کی وجہ سے ہلاک ہوا تھا۔ترجمان نے مزید کہا کہ پنڈ دادن خان ضلع جہلم کا 25 سالہ علی اکبر ولد راجہ خان ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال راولپنڈی میں 19 اور 20 جولائی کی درمیانی شب انتقال کر گیا ،ڈاکٹروں نے اس کی موت کی وجہ پیچیدہ قسم کا نمونیہ (Complicated Pnuemonia)بتائی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مذکورہ نوجوان کے ڈینگی ٹیسٹIGG اور IGM نیگٹو آئے تھے اور نوجوان میں ڈینگی بخار تشخیص نہیں ہوا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے:سعدیہ سہیل رانا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، حکمران بتائیں کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ’ ڈرون حملوں کی بندش اور عوامی مسائل کا حل کب ہو گا۔ پنجاب میں کونسلر کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کروانے کی کوشش آمرانہ سوچ ہے، پیپلز پارٹی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں’ ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی اور غریب عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اقتدار میں آتے ہی ماضی کے حکمرانوں پر کرپشن کے الزامات لگانا شروع کر دیتی ہے تاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ناکامیاں عوام کی نظروں سے اوجل رہیں، لیکن اب عوام عملی اقدامات دیکھنا چاہتی ہے، اوچھے ہتھکنڈوں سے کام نہیں چلے گا،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ سے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں :راحیلہ انور
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی راحیلہ انور نے کہا ہے کہ سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ سے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں عوام کے احتجاج کے باوجود سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی اور حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ رمضان بازاروں میں ناقص اشیاء مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیںجبکہ چینی بھی دستیاب نہیںہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عام آدمی کے معیار زندگی کو مزید بدحالی کا شکار کر رہی ہے تعلیم، صحت اور امن و امان کی پست صورت حال نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگ رہی لیپ ٹاپ اور سکوٹیز جیسے منصوبے دے کر عوام کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا حکومت کو دور رس اقدامات کرنے ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تمام افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں وگرنہ گھروں میں بھیج دیا جائے گا…ملک تنویر اسلم اعوان
لاہور(جی پی آئی)صوبائی وزیر ہائوسنگ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مواصلات وتعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ ان کی نگرانی میں اس سال مکمل کی جانے والی تعمیراتی پبلک سکیمیں انشاء اللہ کرپشن سے فری ہو ں گی۔ انہوں نے کہا کہ شفاف طریقے سے سرکاری بجٹ کے استعمال کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ فرائض میں غفلت برتنے ،کرپشن کا حصہ بننے اور بوگس اعدادوشمار فراہم کرنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عوم کے مسائل حل کرنے میں رکاوٹ بننے والے اہلکاروں کو معاف نہیں کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مساجد،ہسپتالوں،سکول وکالجوں کے قریب نصب کئے گئے جانے واٹر فلٹریشن پلانٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر وقت مقررہ کے اندر مکمل کیا جائے ۔صوبائی وزیر کو آج محکمہ ہائوسنگ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران مختلف پراجیکٹس پر ہونے والے کاموں پر بریفنگ دے رہے تھے۔ تنویر اسلم اعوان نے افسران پر واضح کیا کہ موجودہ حکومت سابقہ عمدہ کارکردگی کی بناء پر برسر اقتدار آئی ہے اور وزیراعلی چاہتے ہیں کہ ان کی کابینہ ،افسران اوران کا عملہ اسی کارکردگی کو برقرار رکھے اور کسی قسم کی غفلت ،سستی وکاہلی کا مظاہرہ نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود کے لئے شروع کی گئی تمام ترقیاتی سکیموں کو وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی نے UC-77 کے صدر اور سابق نائب ناظم ملک محمد ادریس کو PP-142 سے ضمنی انتخابات کا ٹکٹ دے دیا ہے
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی نے UC-77 کے صدر اور سابق نائب ناظم ملک محمد ادریس کو PP-142 سے ضمنی انتخابات کا ٹکٹ دے دیا ہے اورعارف نسیم کشمیری کو PP-142 کی انتخابی مہم کا انچارج مقرر کر دیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کشمیر میں بھارتی فوج کی مسجد میں گھس کر نمازیوں پر تشدد کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں :سید منور حسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کشمیر میں بھارتی فوج کی مسجد میں گھس کر نمازیوں پر تشدد اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر کو فوجی چھائونی اور قتل گاہ میں بدل دیا ہے،لوگوں کی زندگیاں محفوظ ہیں نہ عزتیں،کشمیری مسلمانوں کو مسجدوںمیں بھی پناہ نہیں مل رہی، وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی جاری ہے ،کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں نہ مذہبی آزادی ،بھارتی قابض فوج نے قتل و غارت گری اور اسلامی شعائر کی بے حرمتی کو وطیرہ بنا لیا ہے ۔ایک ہفتہ کے اندر قرآن پاک کی بے حرمتی اور مسجد کے اندر گھس کر نمازیوں پر اندھا دھند فائرنگ کرکے نہتے لوگوں کو قتل کرنے کے واقعات نے کشمیر ی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے ۔مسجد میں جوتوں سمیت گھس کر نمازیوںکا قتل عام تعصب اور انتہا پسندی کی بدترین مثال ہے۔ کشمیرمیں جاری بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔بھار ت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے اوران کوحق رائے دہی کے جائز مطالبے سے روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے ۔کشمیری قیادت کو مسلسل نظر بندرکھ کراور قید و بندو ظلم وتشدد سے بھارتی غلامی قبول کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے کی پاداش میں موت کی نیند سلا دیا گیا ہے اور ہزاروں نوجوانوں کوعقوبت خانوں میںبدترین اذیت اور تشددکا نشانہ بنا یا جارہا ہے لیکن وہ پوری جرأت اور استقامت کے ساتھ بھارتی مظالم کا مقابلہ کررہے ہیںاور آزادی کے مطالبے سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کو تیارنہیں۔ پاکستان کی زندگی کشمیر سے نکلنے والے دریائوں کی مرہون منت ہے بھارتی خوشنودی کیلئے کشمیری عوام کے جائز مطالبے میں ان کا ساتھ دینے کیلئے تیار نہیں ۔کشمیری پاکستان کی بقاکی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ پاکستانی حکمران بھارتی بالادستی قبول کرنے اور اس سے تجارت کیلئے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیںاور کسی جگہ بھی بھارت کے خلاف آواز اٹھانے کو تیار نہیں۔انہوں نے ان خیالات کااظہارراولپنڈی روانگی سے قبل منصورہ سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔سید منور حسن نے کہا کہ پاکستانی حکمران عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے کشمیر کی آزادی کے حق میں آواز اٹھائیں اورکشمیر یوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ،انہوں نے کہا کہ جب سے نئی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے کشمیر کے بارے میں مسلسل چشم پوشی اور لاتعلقی کا اظہار کیا جارہا ہے اور آئے روز بھارت سے تعلقات کی بہتری کیلئے بیک ڈور ڈپلو میسی بحال کرنے کے ”عزم ”کا اظہار کیا جارہا ہے جو شرمناک اور باقابل برداشت ہے ۔ یہ بھی خبر ہے کہ بیک ڈور پالیسی میں کشمیر کا کوئی ذکر ہی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی مینڈیٹ کی توہین کررہے ہیں پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ سید منور حسن نے شام میں حضرت زینب کے روضے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام قبروں کے احترام کا درس دیتا ہے ،صحابہ کرام کے مزار اور قبریں تمام مسلمانوں کے لئے قابل احترام ہیں جن کی بے حرمتی کے متعلق کوئی مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا ۔شامی فوج عوام کے اندر نفرت اور اشتعال پھیلانے کیلئے ایسی کاروائیاں کررہی ہے جس سے عوام کے اندر بشارا لاسد حکومت کے خلاف اتحاد اور یکجہتی کو ختم کیا جاسکے اور عوام کو باہم دست و گریبان کرکے حکومت کے خلاف تحریک کو کمزور کیا جاسکے ۔انہو ں تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ اسلام دشمن قوتوں کی امت کے اندر انتشار اور انارکی پھیلانے کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے باہمی محبت اوربھائی چارے کو فروغ دیں۔