اضلاع کی خبریں 24.03.2013

اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پاکستان بچانے آیا ہوں ۔ پرویز مشرف

اسلام آباد(جی پی آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد پرویز مشرف نے کہا ہے کہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پاکستان بچانے آیا ہوں ۔ وطن واپس آ کر بہت زیادہ خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ عوام بتائیں 5سال پہلے جو پاکستان چھوڑ کر گیا تھا وہ پاکستان کہاں گیا، آج پاکستان کی حالت دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو روتا ہے۔جو لوگ کہتے تھے کہ میں وطن واپس نہیں آؤں گا’ آج ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں پاکستان پہنچ چکا ہوں۔مختلف لوگوں کی دھمکیوں کی وجہ سے ڈرایاجا رہا ہے لیکن میں اللہ تعالیٰ کی ذات کے علاوہ کسی سے نہیںڈرتا۔ وہ اتوار کے روز پاکستان آمد کے بعد کراچی ائیرپورٹ پر ملک بھر سے آئے ہوئے اے پی ایم ایل کے کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ پرویز مشرف کے ائیر پورٹ سے باہر آتے ہی ہزاروںکارکنان نے نعرہ بازی شروع کر دی۔ ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور اپنے قائد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ آج وہ پاکستان میں پہلے دن اپنے سیاست کا آغا ز کر رہے ہیں لیکن پہلے دن ہی رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دی گئیں اور ان کے مزار قائدپر ہونے والے جلسہ کوسبوتاژ کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حامیوں اور کارکنوں کی قدر کرتے ہیں کہ جو ملک بھر سے ان کا استقبال کرنے یہاں آئے ہیں ۔ مجھے وطن واپس آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔پرویز مشرف نے کہا کہ جب انہوں نے فوج کو جوائن کیا تو اس وقت قسم کھائی تھی کہ ملک کی حفاظت کیلئے یہاں بھی جانا پڑا جاؤں گا چاہئے میری جان کیوں نہ چلی جائے۔آج اسی قسم کے تحت اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پاکستان واپس آیا ہوں ۔آج وہ لوگ کہاں ہیں جو کہتے تھے کہ میںواپس نہیں آؤںگاان کو سبق سیکھنا چاہئے کیونکہ میں اللہ تعالیٰ کی ذات کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتا ۔ آج مجھے پاکستان کی دھرتی اور عوام نے بلایا ہے جس پر میں واپس آیا ہوں۔پرویز مشرف نے کہا کہ وہ پاکستان کی عوام کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کہاں گیا جسے میں 5سال پہلے چھوڑ کر گیا تھا۔ آج پاکستان اور غریب عوام کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہوں۔ جہاں غربت ، بے روزگاری اور مہنگائی سے غریب عوام کچلے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کو پہلے والا پاکستان بنانے واپس آیا ہوں ،جو پاکستان بیرونی طاقتوں سے فخر سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتا تھا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ وہ کراچی کو امن اور روشنی والا شہر بنانے واپس آئیں ہیں جہاں روزانہ دہشت گردی کی وجہ سے درجنوں لوگ مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی ، سندھی ، بلوچ ، پٹھان ، بہاری، بنگالی اردو بولنے والے بلکہ سب کا شہر ہے، اس کو امن کا گہوارہ بنانا ہے جس کیلئے ہمیں آپس کی لڑائیاں بند کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اے پی ایم ایل کے کارکنوں کا شکر گذار ہوں کہ وہ اتنی بڑی تعداد میں میری سپورٹس کرنے پہنچے۔ اگر آپ لوگ میرے ساتھ رہے اور آل پاکستان مسلم لیگ کو مزید مضبوط کیا تو انشاء اللہ اے پی ایم ایل ملک کو قائد کا پاکستان بنا کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب وہ پورے ملک میں جلسے کریں گے اور انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 23مارچ کو نعرہ لگایا گیا تھا کہ بنا کے رہیں گے پاکستان اور آج وہ یہ نعرہ لگاتے ہیں کہ بچا کے رہیں گے پاکستان۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انتخابا ت سے پہلے پیپلزپارٹی سے لوٹی دولت واپس لی جائے :میاں محمد آصف
لاہور(جی پی آئی)مسلم لیگ ہم خیال کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ انتخابا ت سے پہلے پیپلزپارٹی سے لوٹی دولت واپس لی جائے ‘ پانچ برس میں ملکی قرضے دوگنا اور معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا گیا ہے’عوام کو دووقت کی روٹی بھی میسر نہیں’پاکستان کو کسی بڑے سانحے سے بچانے کیلئے محب ون قیادت کی ضرورت ہے اور عوام کو آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا درست استعمال کر نا ہو گا ورنہ ملک میں مزید تباہی کر پشن اور لوٹ مار ہوگی ۔ وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں کا رکنوں کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ میاں محمد آصف نے کہا کہ اگر18کروڑ عوام نے آئندہ انتخابات میں تمام تروابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنے نمائندے منتخب نہ کیے تو یہی کرپٹ اور امریکی غلام ٹولہ پھر اقتدار پر قابض ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا آصف زرداری کی قیادت میں پانچ سال دور تاریخ کا سیاہ تر ین دور ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انتخابات سے پہلے میں احتساب کا سخت تر ین نظام لا یا جائے اور کا رکنوں سے لوٹی گئی پائی پا ئی وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کروائے جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے پانچ سال میں ملک و قوم کیلئے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس کو جواز بنا کر وہ عوام سے ووٹ مانگ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکو مت مفاہمت کے نام پر ملک اور اداروں کو تباہ کر رہی ہے اور قوم ان سے اب ہر صورت نجات چاہتی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید منور حسن اور عمران خان کی ملاقات، PTIاور جماعت اسلامی کے اتحادکیلئے کمیٹی قائم
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی سید منور حسن اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا ہے کہ تین روز کے اندر اندر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو حتمی شکل دیدی جائے گی،اور ملک بھر میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ صوبائی سطح پر بنائی گئی کمیٹیوں کی رپورٹس کو سامنے رکھ کر کی جائے گی۔جماعت اسلامی کے اعلیٰ سطح وفد نے سید منور حسن کی قیادت میں عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،وفد میں نائب امیر ڈاکٹر محمد کمال ،سیکریٹری جنرل لیا قت بلوچ ،امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر ،امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ پروفیسر محمد ابراہیم ،سیکریٹری اطلاعات محمد انور خان نیازی اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف شامل تھے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ہمراہ صدر پی ٹی آئی جاوید ہاشمی ،صدر پی ٹی آئی پنجاب اعجاز چوہدری،شفقت محمود ، علیم خان ودیگر نے مذاکرات میں حصہ لیا ۔دونوںراہنمائوں کے درمیان ملاقات قریبا ایک گھنٹہ تک جاری رہی جس کے بعد دونوں راہنمائوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی ایسی جماعت نہیں جس پر اعتماد کیا جاسکے ۔سید منور حسن اور ان کی ٹیم دیانتدار لوگوں پر مشتمل ہے جنہوں نے پانچ سال تک حکومت کے خلاف حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔زرداری کے پانچ سال پورے کروانے میں اصل کردار نوازشریف کا ہے، جنہوں نے اپنی باری کے حصول کیلئے ملکی سلامتی اور قومی خود مختاری کو دائو پر لگا دیا ۔پانچ سال تک قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں نے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے ۔ سید منور حسن نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو کرپشن فری ملک بنانے کیلئے حکمرانوں کا کرپشن فری ہونا ضروری ہے ،عمران خان نے امید کا چراغ روشن کرکے عوام کے اندر حوصلہ پیدا کیا ہے ، عمران خان اور تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ ہمارے پرانے رابطے ہیں اور ملک و قوم کی بہتری کیلئے ہم نے بار ہاایک دوسرے کے ساتھ بات چیت اور گفت و شنید کی اور مل کر ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں وقت چونکہ بہت کم رہ گیا ہے لہٰذا ہم اپنی کمیٹیوں سے کہیں گے کہ وہ جلد ازجلد سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیں ۔ نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سید منور حسن نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کا احترام اور ہزار خان کھوسو کی تقرری کا خیر مقدم کرتے ہیں ، گونگران وزیر اعظم کا سابقہ ریکارڈ زیادہ مثالی نہیں اور ان کے ٹریک ریکارڈ میں بہت سے زگ زیگ ہیں اگر انہوں نے میرٹ پر فیصلے کئے اور عوام کو مایوس نہ کیا تو قوم ان کی حمایت کریگی ۔قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر قائدین نے امیر جماعت سید منور حسن اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی سعودی عرب کے وزیر انصاف محمد عبدالکریم آل عیسی سے ملاقات
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے سعودی عرب کے وزیر انصاف محمد عبدالکریم آل عیسی سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی وزیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی تعلقات اور خادم حرمین شریفین کے پاکستان کے متعلق محبت بھرے جذبات پر مبنی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں امن ،ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔ ایک ایٹمی صلاحیت کے مالک مسلم ملک کے حوالے سے ہمیں پاکستان پر بڑا فخر ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کا استحکام عالم اسلام کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پاکستانی قوم حرمین شریفین کے تقدس اور اسکی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی کا جذبہ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں توحید وسنت کی دعوت کے پرچار اور رفاہی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہم مختلف فورمز پر متحرک ہیں اور تمام تر چیلنجز کے باوجود کام کررہے ہیں۔ سعودی وزیر انصاف نے پروفیسر ساجد میر اور انکی جماعت کی علمی، دعوتی اور سماجی خدمات کو سراہا اور یقین دلایا کہ اسلا م کی سربلندی اور امت مسلمہ کی خدمت کے لیے سعودی عرب ہروال دستے کا کردار اداکرے گا۔ ملاقات میں مولانا علی محمد ابوتراب اور مولانا عبدالمالک مجاہد بھی شریک تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ن لیگ نے کبھی جمہوری مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا، الیکشن میں مخالفین کو سرپرائز دینگے: پرویزالٰہی/ شجاعت
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹرچودھری شجا عت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و صدر مسلم لیگ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ نے کبھی جمہوری مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا، پاکستان مسلم لیگ آئندہ عام انتخابات میں مخالفین کو بہت بڑا سرپرائز دے گی، پنجاب میں ہماری صرف ایک بار 5 سال تک حکومت رہی لیکن ہم نے شریف برادران کی 3، 3 حکومتوں کے مقابلہ میں غریب اور عام آدمی کی خدمت سمیت ہر شعبہ میں کئی گنا بہتر اور مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 14 ایسے کام کیے جو نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کیے گئے، ہم نے ہمیشہ صاف گوئی سے کام لیا ظلم کا مقابلہ کیا، ماضی کی طرح اپنے وعدے پورے کرینگے، نگران وزیراعظم کے عہدہ پر جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو کا تقرر خوش آئند ہے، ہماری دعا ہے کہ پنجاب میں بھی ایسا ہی نگران وزیراعلیٰ آنا چاہئے، عوام ماضی کی کارکردگی دیکھ کر ووٹ دیں گے، میڈیا کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وہ یہاں مسلم لیگ ہائوس میں پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں دینے والے پرجوش امیدواروں کی بہت بڑی تعداد سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا کہ دوسری جماعتیں منشور میں جو وعدے کر رہی ہیں وہ کام ہم پہلے ہی کر چکے ہیں جبکہ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی دھونس، لالچ، جھوٹے مقدمات اور انتقامی کارروائیوں کے باوجود 5 سال ثابت قدم رہنے والے ساتھیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے خراب حالات کے باوجود پارٹی پرچم سربلند رکھا۔ سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم نے اور ہماری پارٹی نے ہمیشہ عوام کو حقیقت سے باخبر رکھنے اور ظلم کو روکنے کی کوشش کی ہے یہی وجہ ہے کہ بطور وزیراعظم عراق فوج بھیجنے کی کی فائل پر دستخط نہیں کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے چاروں شخصیات اچھی تھیں لیکن اللہ تعالیٰ نے میر ہزار خان کھوسو کو موقع دیا امید ہے وہ اپنی ماضی کی کارکردگی کی طرح بہترین خدمات سرانجام دیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ 2008ء کا الیکشن ہماری شاندار خدمات کے باوجود ایک خاص جذباتی ماحول کی نذر ہو گیا لیکن پھر بھی ہماری جماعت کے امیدواروں نے پنجاب میں سب سے زیادہ ووٹ لیے، ہمارے امیدوار اپنی شاندار عوامی خدمت کے باعث سر اونچا کر کے ووٹروں کے پاس جائیں گے، انہیں چاہئے کہ وہ اپنے اپنے حلقہ میں ہماری پانچ سالہ حکومت کے دوران ہونے والے ریکارڈ کاموں کی طرف عوام کی توجہ دلائیں اور یہ بتائیں کہ ہمارے بعد آنے والوں نے ہمارے سرپلس صوبہ کو 500 ارب روپے کا خسارہ دیا اور ناکام شیخ چلی منصوبوں میں پنجاب کا سارا بجٹ جھونک دیا، جاتی عمرا کی لوٹا ساز فیکٹری جمہوریت اور عوام کی دشمن ہے، عوام شریف برادران اور ہماری کارکردگی کا موازنہ کریں گے اور ہمارے امیدواروں کی انتخابی مہم کا محور ہمارے 14 بے مثال کام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور کے عوامی خدمت کے صرف ایک منصوبے 1122 کے ذریعے اب تک 14 لاکھ شہریوں کی جانیں بچیں، ہم نے 64 ہزار سکولوں میں سہولتیں دیں انہوں نے 5 ہزار بند کر دئیے، تعلیم، صحت، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں وہ اقدامات اور اصلاحات متعارف کروائیں جن سے غریبوں کو فائدہ پہنچا، ن لیگ کے دور میں ہماری پارٹی کے عہدیداروں ،کارکنوں، ٹکٹ ہولڈرز پر ہزاروں جعلی مقدمات درج کروائے گئے اس کے باوجود آج بھی یہ سارے لوگ ڈٹ کر پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارے امیدواروں کے مقابلہ میں پنجاب کو برباد کرنے والے دوسرے اور تیسرے نمبر پر بھی نظر نہیں آئیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا کہ انتخابی مہم کا آج سے لاہور میں آغاز کر دیا گیا ہے، پنجاب میں بطور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی شاندار کارکردگی اور عوامی خدمات عوام کے سامنے ہیں جبکہ مخالفین کی کارکردگی ہمیشہ صفر رہی ہے۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین کی قیادت اور بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت وفاق کی علامت ہے، ہماری ٹیم باصلاحیت اور مخلص ہے۔ اس موقع پر مونس الٰہی، چودھری ظہیر الدین خان، طارق بشیر چیمہ، سید دلاور عباس، انور بھنڈر، سردار نصر اللہ دریشک، ساجد چٹھہ، رانا زاہد توصیف، عاشق گوپانگ، ریاض اصغر چودھری، سردار طفیل، سردار طالب نکئی، نعمان لنگڑیال، مہدی حسن بھٹی، احمد یار ہراج، رضا حیات ہراج، طارق بشیر چیمہ، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، اکرم مسیح گل، میاں منیر احمد، یوسف احد ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریکِ انصاف کا سونامی تمام کرپٹ سیاستدانوں کو بہالیجائے گا۔ نوشیرمان
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و حلقہ 173سے امیدوارصوبائی اسمبلی نوشیرمان نے کہا ہے کہ مینارِ پاکستان پہ ہونے والے عالی شان جلسے اور تحریکِ پاکستان کی مقبولیت سے ملک کو لوٹنے والے سیاست دان بوکھلا گئے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ پورے ملک سے عوام کے حقیقی نمائندے جوعوام میں سے ہوںکو سامنے لایاجائے اور ملک کو غیرملکی استعماری قوتوں کے ایجنٹوں سے نجات دلائیں۔ تحریکِ انصاف انقلاب برپاکرچکی ہے، ہر نوجوان نے تحریکِ انصاف کا پیغام ملک کی گلی گلی اور کوچے کوچے تک پہنچادیاہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگرعوام نے تحریکِ انصاف کا ساتھ نہ دیا تو آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تمام امیدیں دم توڑجائیں گی۔ عوام کا مستقبل ان کے اپنے ہاتھ میںہے اور دیاندارقیادت کا چنائوان کا حق ہے، جس کو استعال کرتے ہوئے وہ ملک کو اندھیروں سے نکال کراپنی زندگیوں کو ایک خوشحال پاکستان میں گزار سکتے ہیںاور ان بدعنوان سیاست دانوں سے چھٹکارہ پاسکتے ہیں۔ نوشیرنے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ملک کو برباد کرنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی، ان لیڈران نے اپنے اثاثے بیرونِ ملک بناکرعوام کو صرف بھوک، لوڈشیڈنگ اور افلاس کے عذاب میں دھکیل دیا ہے۔ اگراس بار بھی ان کرپٹ اور بدعنوان سیاست دانوں کو منتخب ہونے دیا گیا تو خدانخواستہ یہ پاکستان کو مستقل اندھیروں میں دھکیل دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں حلقہ 173میں کسی بھی سیاست دان کویہ توفیق حاصل نہیں ہوئی کہ وہ پینے کے صاف پانی، تعلیم اور دوسری بنیادی مسائل کے حل میں دلچسپی لے ، لیکن اب تحریکِ انصاف کا سونامی آچکاہے جو ان تمام کرپٹ سیاست دانوں کو بہالے جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پرویز الہٰی نے “نصرمن اللہ و فتح قریب “کہتے ہوئے پی پی62فیصل آباد کیلئے پہلے پارٹی ٹکٹ پر دستخط
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے گزشتہ روز مسلم لیگ ہائوس میں پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے دوران “نصرمن اللہ و فتح قریب”کہتے ہوئے پی پی 62فیصل آباد کیلئے پہلے ٹکٹ پر دستخط کیے۔یہ ٹکٹ مدینہ ٹائون فیصل آباد کے سابق ناظم چودھری علی اختر کو دیا گیا جوپاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین خاں کے چھوٹے بھائی ہیں ۔چودھری علی اختر نے پارٹی ٹکٹ وصول کرنے کے بعد چودھری شجاعت حسین ،چودھری پرویز الہٰی اور مشاہد حسین سید کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زرداری ٹولے نے پانچ برس تک قوم کی خون پسینہ کی کمائی لوٹی، قومی وسائل سے جیبیں بھریں:شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہاہے کہ زرداری ٹولے نے پانچ برس تک ڈھٹائی اور بے دردی سے غریب قوم کی محنت کی کمائی لوٹی، قومی وسائل سے اپنی جیبیں بھریں اور ملک و قوم کو کنگال کیا۔ زرداری ٹولے کی لوٹ مار اور قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے کی بدترین پالیسی نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیاہے۔ قومی ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں۔ پیپلز پارٹی اوراس کے حواریوںکی سابق کرپٹ حکومت نے عوام کو غربت ، بیروز گاری اورلوڈ شیڈنگ کے ”تحفے”دئیے ہیں جنہیں عوام کبھی بھی نہیں بھلا پائیں گے۔ کرپشن کے بادشاہوں کا یوم حساب آن پہنچا ہے۔ عوام عام انتخابات میں کرپٹ ٹولے کا ایسا احتساب کریںگے کہ آئندہ کسی کو قومی خزانہ لوٹنے کی جرأت نہ ہو۔ عام انتخابات میں اگر عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کو اپنے ووٹ کے ذریعے خدمت کا موقع دیا تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے اور پاکستان کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے مضبوط ملک بنائیںگے۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج ماڈل ٹائون میںقصور،شیخوپورہ،ننکانہ صاحب اور لاہورکے اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور عہدیداروں کے الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ تبدیلی کا نعرے لگانے والے” بڑے خان صاحب” گزشتہ پانچ برس میں پنجاب میں ہونے والی بے پایاں اور بے مثال ترقی اپنی کھلی آنکھوں سے دیکھیں تو انہیں علم ہو جائے گاکہ انقلاب اور تبدیلی کسے کہتے ہیں۔ عوام کی خدمت کے لئے مٹی کے ساتھ مٹی بننا پڑتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پورا صوبہ اور اس کے 10کروڑ عوام خود گواہی دے رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ان کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی لائی ہے اوران کا معیار زندگی بلند ہو اہے۔ انقلاب اورتبد یلی کے کھوکھلے نعرے لگانے والے جان لیں کہ میرٹ ، شفافیت اورمنصوبوں کی تیز رفتاری سے معیاری تکمیل کے لحاظ سے پنجاب بدل گیاہے۔ عوام نے خدمت کا موقع دیا تو محمد نوازشریف کی قیادت میں پورے ملک میں ایسی حقیقی تبدیلی لائیں گے جہاں میرٹ کا راج ہوگا ، قانون کی بالادستی اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔ کرپشن اور غربت ختم ہو گی۔ بلا تفریق سب کو روز گار اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیںگے۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم نے میٹروبس پراجیکٹ سمیت ساڑھے 36ارب روپے کے تین منصوبے شفافیت پرکھنے کے لئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے حوالے کئے جس نے” خان صاحب” سے ثبوت مانگے تو ان کی زبان بند ہوگئی اور میٹروبس کے حوالے سے ان کا پراپیگنڈہ بھی دم توڑ گیا۔انہوں نے کہا کہ جس جماعت کے عہدیداروں میں قبضہ ما فیا اور ایسے افراد کے نام سامنے آئیں جن کے خلاف قتل کے مقدمات درج ہیں، انہیں تبدیلی یا انقلاب کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا۔ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ ا یسے لوگوں کے ساتھ کونسی تبدیلی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی اورانقلاب پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت لے کر آئی ہے اور عوام کو تبدیلی کے جھوٹے خواب دکھانے والے جان لیں کہ وہ تبدیلی جس کی ابتداء پنجاب سے ہوئی ہے اس کادائرہ کار پورے ملک میں وسیع کیاجائے گا ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ کرپشن مافیا کے پانچ سالہ راج نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کیاہے۔ زرداری ٹولے کی لوٹ مار نے ملک میں ہرطرف مایوسی اور اندھیرے پھیلا دئیے ہیں۔ امیر اور غریب کے درمیان خلیج میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گونا گوں مسائل نے عوام کی زندگیاں اجیرن کردی ہیں۔ غریب کے لئے جسم اور روح کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیاہے۔ پیپلز پارٹی کی کرپٹ سابق حکومت نے جس طرح پانچ سال تک عوام کو نظر انداز کر کے قومی وسائل کی لوٹ مار کے ذریعے اپنی ذاتی دولت میں اضافہ کیا ،عوام آئندہ عام انتخابات میں ان کی کرپشن کی سیاست کا جنازہ نکال دیں گے اور اس ٹولے کی لوٹ مارکی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کرد یں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سیاست اور اقتدار کو خدمت خلق کا ذریعہ سمجھتی ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کے ریکارڈقائم کئے ہیں۔ ملک کو آج ایسے جرأت مند اور عوام کا درد رکھنے والے لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو مشکلا ت کے بھنورسے نکا ل کرشاہراہ ترقی پر گامزن کرے۔ پاکستان کو ایٹمی قوت اور معاشی طور پر مضبوط بنانے والے نوازشریف ہی واحد لیڈر ہیں جو ملک و قوم کو موجودہ مشکل حالات سے نکالنے کی پوری ا ہلیت رکھتے ہیں۔ اگر قوم نے انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے درست فیصلہ کیا اور اہل قیادت کو اقتدار میں لائی تو انشا ء اﷲ ملک و قوم کو تمام مسائل سے چھٹکارا مل جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے گزشتہ پانچ برس میں عوام کو تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر ریکارڈ فنڈز خرچ کئے ہیں۔ عوام کی خدمت کا موقع ملاتو میٹروبس ، دانش سکول اور خود روز گار سکیم جیسے انقلابی و فلاحی پروگرام پورے ملک میں شروع کئے جائیںگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
”نجومی نہیں گویڑ لگایا سی” بڑے بڑے دعوے کرنے والوں کو الیکشن میں سمجھ آ جائے گی: چودھری شجاعت
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹرچودھری شجا عت حسین نے نگران وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سپرد ہونے کے بعد گذشتہ رات ایوان صدر میں عشائیہ کے موقع پر واضح طور پر پیشگوئی کر دی تھی کہ جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو نگران وزیراعظم ہوں گے۔ اس امر کا انکشاف پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے یہاں مسلم لیگ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو اور پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے میر ہزار خان کھوسو کے نام کے اعلان کے بعد وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے چودھری شجاعت حسین کو فون کر کے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم کے بارے میں آپ کا کہنا درست ثابت ہوا آپ نجومی تو نہیں؟ میڈیا نے جب اس بارے میں چودھری شجاعت حسین سے استفسار کیا تو انہوں نے پنجابی میں کہا کہ ”میں نجومی نہیں بلکہ میں تے گویڑ (اندازہ) لگایا سی”۔ چودھری شجاعت حسین سے جب آئندہ انتخابی نتائج کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے لوگوں کو الیکشن میں سمجھ آ جائے گی کہ کیا بنا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی پنجاب کا دسویں جماعت کے سلیبسسے اسباق حذف کئے جانے کا سخت نوٹس
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے دسویں جماعت کے سلیبس سے بعض اسباق حذف کئے جانے کا سخت نوٹس لے لیا ہے ـپنجاب حکومت کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب نے محکمہ سکولز اور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے حکام کوحذف شدہ اسباق فوری طور پر دوبارہ سلیبس میںشامل کرنے کا حکم دیا ہے ـ ترجمان نے مزیدبتایا کہ وزیر اعلی پنجاب نیسلیبس میں تبدیلی کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے 4رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے ـسینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ،چیئر مین وزیر اعلی معائنہ ٹیم ،چیئر مین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر امجد ثاقب اور پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ پر مشتمل یہ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ یہ اقدام کس اختیار کے تحت کیا گیااور اس عمل میں کون کون شامل تھےـکمیٹی 2روز میں وزیر اعلی پنجاب کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوازشریف نے تدبیرجبکہ شہبازشریف نے تعمیر سے ملک وقوم کی تقدیربدلی۔مسز ملک
لاہور( جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن)کلچرل ونگ پنجاب کی نائب صدر مسز ملک نے کہا کہ محمد نوازشریف نے تدبیرجبکہ محمد شہبازشریف نے تعمیر سے ملک وقوم کی تقدیربدلی۔”سونامی خان” نیاپاکستان بنانے کی آڑمیں نوجوانوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔کرپٹ حکمرانوں نے اپنی تجوریاں بھرتے بھرتے عوام کاپیٹ خالی کردیا۔مسلم لیگ (ن)اپنی خدمات اور کارکردگی کی طاقت سے این آراوبرانڈکرپشن مافیاکوشکست فاش دے کروفاق اورچاروںصوبوںمیں فلاحی حکومت بنائے گی۔مسلم لیگ (ن) کے قائدمیاں نوازشریف اورمیاں شہبازشریف نے دن رات عوام کی خدمت کرکے لاہورکااپناقلعہ بنایاتھا اوراب پچھلی تین دہائیوں سے اس قلعہ پرمسلم لیگ(ن) کاسبزہلالی پرچم لہرارہا ہے۔مسز ملک نے کہاکہ موجودہ نااہل حکمرانوں نے عوام کا ہی جینا محال کردیاجبکہ (ن) لیگ نے عوام کو کبھی مایوس نہ کیا۔ آئندہ دور (ن) لیگ کا ہو گا کیونکہ عوام کی طاقت ہمارے ساتھ ہے ۔ محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن)اقتدار میں آ کر ملک کی تقدیر بدل دے گی۔عوام کے مسائل کا حل صرف(ن) لیگ کے پاس ہے۔مسلم لیگ(ن) نے کبھی اصولوںپر کوئی سودے بازی نہیں کی اور یہی وجہ ہے کہ عوام آج نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے اور آج ملک کی عوام قائد پاکستان نواز شریف کی طرف دیکھ رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ پنجاب کے صدر پرویز رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب تباہ کردیا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ پنجاب کے صدر پرویز رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب تباہ کردیا اب ہم اس کی دوبارہ تعمیر کریں گے ،پنجاب کو اندھیرں میں لانے والوں کو عوام ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں گے اور آئندہ پنجاب سمیت ہر صوبہ میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہوگی ،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہود کے منصو بے بنائے ہیں اور اب عام انتخاب میں کامیاب ہوکر ایک بار پھر عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ،ذوالفقارعلی بھٹونے عوام کی خدمت کاجو درس ہمیںدیا تھا وہ ہمیں یاد ہے ،ذوالفقارعلی بھٹو کا منشور آگے لے کر چلیں گے،ہمارے مخالفین کو پہلے بھی مایوسی ہوئی اور اب پھر مایوسی ہوگی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی کی نام نہاد جمہوریت کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے دسویں جماعت کے کورس سے اسلامی تعلیمات سے متعلق اسباق کو نکالنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اس گھنائونے اقدام سے حکمرانوں کے بدنما چہرے کھل کے عوام کے سامنے آچکے ہیں۔یہ لوگ کفار کی غلامی میں مکمل طور پر اندھے ہوچکے ہیں۔کافی عرصے سے نصاب پر وار کیے جارہے ہیںمگر مجال ہے کہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک رینگ جائے۔دسویں جماعت کے نصاب سے نکالے گئے اسباق کو فوری طور پر دوبارہ شامل کیا جائے۔پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیالہٰذا اس میں انگریزوںکانہیںبلکہ اللہ اور اس کے رسولۖ کا نظام نافذ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پانچ برس میں ملکی قرضے دوگنا اور معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا گیا ہے۔عوام کو دووقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔پاکستان کو جیالوں اور متوالوں کی بجائے رکھوالوں کی ضرورت ہے۔ ڈرون حملے پاکستان کی آزادی،خودمختاری اوربقاء کے لئے سوالیہ نشان ہیں۔قوم ڈرون حملوں کی غیر اعلانیہ اجازت دینے والے حکمرانوں کو آئندہ انتخابات میں مسترد کردے۔انہوں نے کہاکہ اگر18کروڑ عوام نے تمام تروابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنے نمائندے منتخب نہ کیے تو یہی کرپٹ اور امریکی غلام ٹولہ پھر اقتدار پر قابض ہوجائے گا۔ملک میں کوئی ادارہ ایسا نہیں ہے جو منافع بخش ہو۔میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پانچ برس تک اہم پوسٹوں پر جیالوں اور متوالوں کو تعینات کیا جاتارہا ہے۔زرداری حکومت 5سال پورے ہونے پر خوشی کا اظہار کررہی ہے درحقیقت ان کا دور اقتدار دنیا میں سب سے زیادہ سیاہ دور ہے ۔نام نہاد جمہوریت کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی کے دور میں کرپشن لوٹ مار ،دھونس دھاندلی، بھتہ خوری، بور ی بند لاشیں، مہنگائی ،لوڈشیڈنگ اوراقربا ء پروری کوفروغ ملا ۔مہنگائی،بے روز گاری اور کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے۔ پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ملکی معیشت تباہ و برباد ہوچکی ہے۔ پاکستان پرچند خاندانوں کی اجارہ داری ہے۔ان کی بدترین اجارہ داری ختم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ عوام اپنی سوچ کو بدلیں اور اپنے ووٹ سے باصلاحیت ،باکردار اور صالح افراد کو منتخب کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنرسکولوں کے فارغ التحصیل ذہین طالب علم لمز یونیورسٹی کے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام میں شرکت کریں گے
لاہور(جی پی آئی)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنرسکولوں کے فارغ التحصیل ذہین طالب علم لمز یونیورسٹی کے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام میں شرکت کریں گےـاس سلسلے میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے راولپنڈی ریجنل دفتر میں آج خصوصی تقریب منعقد ہوئیـتقریب میں نارتھ ریجن کے پارٹنرسکولوں کے میٹرک کے فارغ التحصیل طالبعلموں ، اساتذہ اور پرنسپل صاحبان نے شرکت کیـریجنل ڈائریکٹر سید نوید عباس نے طالبعلموں کو نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام میں شرکت کرنے کے لئے فارم د یئے اور اعلی تعلیم کے اس مفید منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیـانہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اپنے پارٹنرسکولوں کے فارغ التحصیل طالبعلموں کو اعلی تعلیم کے مساوی مواقع مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ مستحق طالب علم مفت تعلیم کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا کر عملی زندگی میں آگے بڑھ سکےـاس موقع پر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے طالبعلموں میں خصوصی انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کی متفقہ منظوری کے لئے 11ارب روپے اپنے حصے کے چھوڑے:ڈاکٹر زمرد یاسمین
لاہور(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمردیاسمین رانا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کی متفقہ منظوری کے لئے 11ارب روپے اپنے حصے کے چھوڑے۔ وفاقی حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کے متعین کردہ حصے کے علاوہ دوسرے صوبوں کو اربوں روپے اضافی دیئے۔ ہمیں اس پر بھی کوئی اعتراض نہیں لیکن پنجاب حکومت کو ایک دھیلہ بھی اضافی نہیں دیاگیا۔ اس کے باوجود پنجاب حکومت نے گزشتہ پانچ برس میں تعلیم، صحت، زراعت اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں میںریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔ نندی پور اور چیچو کی ملیاں کے منصوبوں کو سابق حکمرانوںنے اپنے لالچ اور کرپشن کی بنا پر نہیں بننے دیا۔ ان منصوبوں کی مشینری کراچی پورٹ پر گل سڑ رہی ہے۔ چین کی کمپنی واپس جاچکی ہے۔ اب تک اس پر 60ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ نااہل سابق حکمرانوں نے رشوت کا بازار گرم کئے رکھا لیکن منصوبے نہیںبننے دیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کاغذی منشور پر یقین نہیں رکھتی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کاغذی منشور پر یقین نہیں رکھتی ،ہم جو کہتے ہیں کرتے ہیں،ذوالفقارعلی بھٹو نے اپنی جان کانذرانہ پیش کرکے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا ،وہ کہتے تھے کہ قوم کی خاطر اپنی جان قربان کردوں گا اور پھر انہوں نے ملک و قوم کی خاطر موت گلے لگالی ،پیپلزپارٹی اپنے منشور پرعمل سے ملک و قوم ترقی کریں گے اور عوام کے مسائل حل ہوں گے ،ہم ملک کی ترقی چاہتے ہیں اس لئے ایسا منشور تیار کیا ہے جس سے اس ملک کے استحکام کا باعث ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک انصاف کا سونامی اب تخت لاہور سے ٹکرا گیا ہے۔عمران شاہ’ عفت بخاری
لاہور( جی پی آئی)پاکستان تحر یک انصاف یی پی154کے سینئر صدر عمران شاہ اورصدر شعبہ خواتین عفت بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا سونامی اب تخت لاہور سے ٹکرا گیا ہے’منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کی اب آنکھیں کھل جانی چاہئیں’تحریک انصاف کے مینار پاکستان میں منعقدہ جلسہ نے ثابت کر دیا ہے کہ سونامی ختم نہیں ہوئی بلکہ مزید تیز ہوئی ہے ۔ عمران خان کی قیادت میں پوری قوم متحد ہو چکی ہے ۔ وہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔صدر یوسی133میاں سلیمان’نائب صدر زاہد رفیق اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان کے کامیاب جلسہ سے ثابت ہو ا ہے کہ قوم کرپشن ، لوڈ شیڈنگ ، بے روزگاری ، بد امنی کے خاتمہ اور ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کے لئے اکھٹی ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایک کشتی کے مسافر ہیں قوم نے ان کیخلاف ووٹ دے کر ان کے نظام کی نفی کرنی ہے ۔ آئندہ انتخابات میں قوم کی آواز عمران خان ہی اقتدار کے ایوانوں میں پہنچے گے تا کہ درپیش ملکی مسائل اپنی اولین ترجیحات میں ختم کیے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو آزما لیا ہے اب تحریک انصاف کو موقع دے کر ملک کو حقیقی ترقی پر گامزن کرنے کے لئے قوم اٹھ کھڑی ہو ۔ مینار پاکستان میں لاکھوں کا مجمع تحریک انصاف کی فتح ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ہی بین الاقوامی برادری میں آنکھ سے آنکھ ملا کر بات کرسکے گا
لاہور( جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ہی بین الاقوامی برادری میں آنکھ سے آنکھ ملا کر بات کرسکے گا جب یہ ترقی یافتہ اور خودمختار ہوگا ،خود مختاری کی بہت قیمت ادا کرنی پڑتی ہے،پاکستان کے عوام ملک کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کوتیار ہیں ،ماضی میں بھی پاکستان کے عوام نے بڑی بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن جب سے ملک پر کرپشن ٹولہ مسلط ہوا ہے عوام مایوس ہوگئے ہیں ،عوام میں جذبات کی کمی نہیں مگر وہ جب حکمرانوں کی طرف دیکھتے ہیں تو سخت مایوس ہوتے ہیں،کرپٹ ٹولے نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے ،عوام پیپلز پارٹی سے نجات حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے چیئر مین علامہ سید ساجدعلی نقوی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم ملک میں اہل تشیع کا قتل عام بندکرائیں
لاہور( جی پی آئی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے چیئر مین علامہ سید ساجدعلی نقوی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم ملک میں اہل تشیع کا قتل عام بندکرائیں ، فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق پائوں تلے روندے جارہے ہیں، ملک میں شفاف اور آزادانہ انتخاب کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے ،دہشت گردی نگران وزیراعظم کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہوگا ،اگر وہ چاہیں تو اس مختصر مدت میں بھی دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کرسکتے ہیں ،پانچ سال میں انتہاپسندوں کے خلاف موثر کاروائی نہ کی گئی ،دہشت گردوں کو حکومتی لوگ پناہ دیتے رہے ،انتہاپسندی کے خاتمہ کے لئے آپریشن بہت ضروری ہے ۔دہشت گردوں کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو ملک بدامنی کی لپیٹ میں آجائے گی ،لاہور کے صدر آصف علی زیدی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں قیام امن کے لئے تمام وسائل برو کار لائے جائیں ،امن کا قیام نگران وزیراعظم کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے،اہل تشیع کو ملک بھر میں نشانہ بنایا جارہا ہے ،ان کے اسباب لوٹے جارہے ہیں ،ان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا جارہا ہے ،مجالس عزاپر پابندی لگانے کی منصوبہ بندی قبول نہیں کی جائے گی ،ملک کے کونے کونے میں مجالس عز امنعقد کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی سابق رکن پنجاب اسمبلی و مرکزی
سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ق شعبہ خواتین ثمینہ خاور حیات نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے دور میں پنجاب میں نوے لاکھ افراد خط غربت سے بلند ہوئے ،ہم نے پنجاب سے غربت کے خاتمہ کے لئے دن رات محنت کی ،ہمارے دو ر میں پنجاب میں غربت میں 25فیصد کمی ہوئی ،چوہدری پرویزالہی کے دور حکومت میں پنجاب بیت المال نے صوبہ کے لاکھوں غریب،نادار اورمستحق افراد میں ساڑھے 6ارب سے زائد مالی امداد تقسیم کی،پاکستان مسلم لیگ ن نے عوام کو مایوسی اور غربت کے سواکچھ نہیںدیا ،اس جماعت کے اقدامات سے عوام میں مایوسی اور غربت میں اضافہ ہوا ، مسلم لیگ ن کے مستحق افراد کو دئیے گئے چیک کیش نہ ہوسکے،،ن لیگ نے ہر قدم پر غرباء سے مذاق کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ ق کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و سابق رکن پنجاب اسمبلی سید ہ ماجدہ زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے قائدین دلیر و جرت مند ہیں
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و سابق رکن پنجاب اسمبلی سید ہ ماجدہ زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے قائدین دلیر و جرت مند ہیں ۔ان کے گھروںپر فائرنگ قابل مذمت ہے ۔ پارٹی صدر چودھری شجاعت حسین اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کے گھر پر فائرنگ سے معلوم ہوگیا ہے کہ پنجاب میں امن وامان کے کیا حالات ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں اور کارکنوں کو گولیوں اور فائرنگ کے واقعات سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ہمارے قائدین نے ہر قسم کے حالات کا سامنا کیا ۔یہ ملک چھوڑ کر بھاگنے والے نہیں ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ق نے عوام کی خدمت کی ہے اور اب عام انتخاب میں یہ اپنی کارکردگی کی بنیادی پر بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے باہمی اتحاد مضبوط بنانے کیلئے ڈور ٹو ڈور عوامی رابطہ مہم شرو ع کردی
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) یونین کونسل 129لیاقت آباد ،یونین کونسل 130کوٹ لکھپت اور یونین کونسل 131پنڈی راجپوتاں کے مسلم لیگی کارکنان نے عام انتخابات کے سلسلے میں باہمی اتحاد مضبوط بنانے کیلئے ڈور ٹو ڈور عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے ۔تینوں یونین کونسلز کے مسلم لیگی کارکنان کا ایک اجلاس آج یہاں لیاقت آباد میں صدر مسلم لیگ وزیر انور کی صدارت میں منعقد ہوا ۔یہ بات مسلم لیگ (ن ) کے جنرل سیکرٹری گلریز خان نے بتائی ۔اجلاس میں مسلم لیگ کے چیف کوارڈنیٹر طارق رانجھا بھٹی ،امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 153ذیشان شیروانی ،مسلم لیگ (ن) کے سنیئر نائب صدر یعقوب اعوان ،محمد انور لطیف ،رائو اکبر چوہان سمیت دیگر مسلم لیگی کارکنان کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس کے بعدمسلم لیگی کارکنان نے متحد ہو کر دھلہ لیاقت آباد ،سالا روڈ ،کوثر کالونی ،ماڈل کالونی ،خان کالونی ،دلکشاہ روڈ اور مین بازار لیاقت آباد کا دورہ کیا اور گھر گھر جا کر میاں محمد شہباز شریف کے عوامی ویژن اور مسلم لیگ (ن ) آئندہ عوامی انتخابی منشور کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کیا اور مسلم لیگ (ن ) کو ووٹ دینے کے لئے قائل کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں تین دن سے بجلی بند ، ملازمین غائب
گوجرانوالہ (جی پی آئی)منتخب حکومت کے خاتمہ کے بعد نگران حکومت آجانے پر ممکنہ تبادلوں کے خوف سے گیپکو افسران نے عوامی مسائل میں دلچسپی لینا بند کردی۔ گیپکو سب ڈویژن شیرانوالہ باغ کے علاقہ میں اہم کاروباری مرکز اور سینکڑوں گھروں کی تین دن سے بجلی بند، عوامی احتجاج اور باربار دفتر چکر لگانے پر بھی کسی نے بجلی چالو کرنے کی کوشش نہ کی۔ انجمن تاجران بیرون ایمن آبادی گیٹ کے صدر ڈاکٹر آغا علی حیدر، نائب صدر حاجی ارشد علی، جنرل سیکرٹری سفارش علی باجوہ اور فنانس سیکرٹری عدنان شہزاد سمیت دیگر تاجران اور شہریوں نے صورتحال پر سخت احتجاج
کرتے ہوئے نگران وزیراعظم میر ہزار خاں کھوسو اور گیپکو اعلیٰ افسران سے کام چور گیپکو اہلکاروں کا محاسبہ کرتے ہوئے بجلی فوری چالو کروانے کی اپیل کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ تین دن سے لوگوں کے گھروں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اتنا پانی بھی نہیں کہ وہ ہنڈیا ہی پکا سکیں جبکہ سینکڑوں دکانوں کا کاروبار تین دن سے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مکمل بند ہے۔ اس اندھیر نگری پر جتنا بھی احتجاج کیا جائے کم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی کے ضلعی راہنما و سابق ٹائون ناظم رائو اکرام خاں نے کہا ہے کہ آمدہ انتخابات میں پیپلزپارٹی ہی انتخابات جیت کر ایک بار پھر حکومت قائم کرے گی
گوجرانوالہ (جی پی آئی) پیپلزپارٹی کے ضلعی راہنما و سابق ٹائون ناظم رائو اکرام خاں نے کہا ہے کہ آمدہ انتخابات میں پیپلزپارٹی ہی انتخابات جیت کر ایک بار پھر حکومت قائم کرے گی، صدر زرداری کا ایران اور چین سے کیا گیا معاہدہ آنے والے وقتوں میں ملکی ترقی کیلئے اہم زینہ ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے چودھری مشتاق گجر، رانا محمد فیاض، میاں معراج و دیگر نے بھی خطاب کیا، رائو اکرام خاں نے کہا کہ نے کہاکہ عوام پیپلزپارٹی کیساتھ ہے جبکہ جیل کے خوف سے ڈیل کرکے بھاگنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، ملک کو دلیر قیادت کی ضرورت ہے، مچھروں سے خوفزدہ لوگ پاکستان کی قیادت کے اہل نہیں ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک و قوم نے پیپلزپارٹی اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رکھا اور آمدہ انتخابات میں پیپلزپارٹی پورے ملک سے بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سٹی نائب صدر پیپلزپارٹی و امیدوار حلقہ این اے 96 خواجہ انوار احمد شیخ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخاب میں کامیاب ہو کر جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) سٹی نائب صدر پیپلزپارٹی و امیدوار حلقہ این اے 96 خواجہ
انوار احمد شیخ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخاب میں کامیاب ہو کر جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے، جمہوری نظام کے استحکام کیلئے بہت کچھ قربان کرنا پڑتا ہے، پیپلزپارٹی نے دبائو کے باوجود بھی جمہوری نظام کے تسلسل کو برقرار رکھا، جمہوری نظام کے لئے دنیا نے پیپلزپارٹی کے کردار کی تعریف کی، وہ صادق روڈ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ کن حالات میں پیپلزپارٹی نے اقتدار سنبھالا اور کس طرح عوام کی خدمت کی،جمہوری نظام کی کامیابی سے پاکستان کے عوام مطمئن ہیں،پیپلزپارٹی نے پانچ سال عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امیر جماعت اسلامی زون پی پی 92 چودھری رضوان چیمہ نے کہا ہے کہ چند مفاد پرست خاندانوں نے سیاست پر قابض ہوکر معاشرے میں لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی زون پی پی 92 چودھری رضوان چیمہ نے کہا ہے کہ چند مفاد پرست خاندانوں نے سیاست پر قابض ہوکر معاشرے میں لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے اور ملک میں حلال کی روزی کمانا مشکل ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ روڈ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوںنے کہا کہ ملک وقوم کا درد رکھنے والے تمام لوگوں کوظلم وجبر کے خلاف اٹھ کھڑے ہو نا چائیے اور غلط لوگوں کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر کرنے کے لئے میدان میں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتدار پر مسلسل قابض رہنے والے مفاد پرست عناصر کی وجہ سے ہمارا پورا معاشرہ اس طرح بگاڑ کا شکا ر ہو گیا ہے، انہوں نے کہاکہ پوری قوم کی یہ حسرت ہے کہ ملک کو موجودہ بگاڑ اور افراتفری سے نکال کر اسے درست سمت پر گامزن کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ (ن) کی آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد معیشت کی مضبوطی توانائی کے بحران اور امن و امان کی صورتحال پر قابو پانا اہم ترجیحات میں شامل ہوگا
گوجرانوالہ (جی پی آئی) مسلم لیگ (ن) کلچرل ونگ کے صدر چودھری اصغر علی منہاس نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد معیشت کی مضبوطی توانائی کے بحران اور امن و امان کی صورتحال پر قابو پانا اہم ترجیحات میں شامل ہوگا لہٰذا عوام عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کے نامزد کردہ امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میاں عارف ٹائون میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس سے قاری عمران منشائ، نبیل منہاس، یعقوب مغل و دیگر نے بھی خطاب کیا، اصغر منہاس نے کہا کہ ملک میں اس وقت میاں نواز شریف ہی وہ واحد سیاسی شخصیت ہیں جن کے پاس موجودہ دور کے تمام بڑے مسائل کا حل موجود ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنہ قادنیت ک خاتمے کیلئے اکابرین اہلسنت نے تاریخی کردار ادا کیا ہے:مولانا محمد اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنہ قادنیت ک خاتمے کیلئے اکابرین اہلسنت نے تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔ختم نبوت اور ناموس رسالت کے مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے۔قادیانی فتنہ کی اسلام و ملک دشمن سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے گا۔قانون تحفظ ناموس رسالت میں تبدیلی قبول نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام جامع مسجد فیض مدینہ میں منعقدہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صاحبزادہ محمد دائود رضوی،مفتی محمد حسین صدیقی،مفتی غلام نبی جماعتی،الحاج سرفراز احمد تارڑ،پیر عمار سعید سلیمانی،قاری غلام سرور حیدری،قاری محمد اعظم چشتی،حافظ محمد رفیق قادری،حافظ محمد یعقوب فریدی،قاضی محمد یعقوب رضوی،حافظ آصف علی اویسی،عبدالمجید کیلانی،محمد نعمان صدیقی،مولانا محمد
عارف چشی اور دیگر نے خطاب کیا۔مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ پاکستان میں دشمنان اسلام کا بنیادی ہدف دستور پاکستان سے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دئیے جانے کی شق کا خاتمہ اور تعلیمی نصاب سے اسلامی تعلیمات کا اخراج ہے،تعلیمی نظام اغیار کے ہاتھوں کھلونا بن چکا ہے سنی اتحاد کونسل آئین سے اسلامی شق کے خاتمے اور نصاب سے قرآنی آیات کے اخراج پر مزاحمت کریگی۔انہوں نے کہا کہ سانحہ بادامی کی آڑ میں قانون ناموس رسالت پر تنقید برداشت نہیں کریں گے۔این جی اوز پاکستان میں شاتمان رسول کی سرپرستی کر رہی ہیں۔جب تک شمع رسالت کے پروانے موجود ہیں ان مذموم سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترقی و خوشحالی والا روشن پاکستان صرف چند ہفتوں کی دوری پر ہے:خرم دستگیر خان
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے ،ترقی و خوشحالی والا روشن پاکستان صرف چند ہفتوں کی دوری پر ہے، پاکستان کو سیاسی نابالغان اور اناڑی کھلاڑی نہیں چلا سکتے عوام آئندہ الیکشن میں قیام پاکستان جیسے جذبے کوبروئے کار لا کر پوری دلجمعی سے ووٹ ڈالیں،ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والا ٹولہ عوام سے ووٹ مانگنے کے قابل نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھلے میں نوتعمیر شدہ گلیوں کے افتتاح کے موقع پر ڈیرہ قمر سہیل بٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا، انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لے کر جانے کی صلاحیت صرف مسلم لیگ ن کے پاس ہے میاں نواز شریف ،غربت مہنگائی لوڈشیڈنگ کو شکست دے کر ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے جہاں ہر شہری عزت والا روزگار کما سکے گا،انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم ایک ہو جائے اور 11مئی کو مسلم لیگ ن کے حق میں تاریخی فیصلہ دے کر جھوٹ اور لوٹ کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کر دے،اس موقع پرٹکٹ ہولڈر پی پی93چوہدری اشرف علی انصاری نے کہا کہ نواز شریف ملک کی بقاء سلامتی اور خوشحالی کے ضامن ہیں،پاکستان کی ترقی کے لئے نواز شریف کو وزیر اعظم بنا نا
ضروری ہے،تقریب سے قمر سہیل بٹ،شوکت بٹ،مہر طارق حویلی والے،عابد بٹ،صفدر گوگا،نذیر حسین انصاری،انور بٹ،احسان اللہ صادق مغل،میاں مصدق حسین،مقصودچوہان ،طارق نعیم بٹ، انشاء بٹ نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
12اپریل کو لیاقت باغ میں جلسہ عام اسلامی انقلاب کیلئے سنگ میل ہوگا’پروفیسر عبد الستار حامد
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر پروفیسر حافظ عبد الستار حامد نے کہا ہے کہ12اپریل کو لیاقت باغ گوجرانوالہ میں تاریخ ساز جلسہ تحریک نفاذ اسلام میں سنگ میل کی حیثیت کا حامل ہوگا۔مرکزی جمعیت اہلحدیث کا ہر کارکن صرف اور صرف اس ملک میں نفاذ اسلام کے لئے خالص جدو جہد کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مرکزی جمعیت اہلحدیث گوجرانوالہ سٹی کے عہدے داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کی تاریخ میں23مارچ،30مارچ اور18اپریل کی بہت اہمیت ہے۔ ماہ اپریل میں حضرت علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید نے موچی دروازے میں ایک تاریخ ساز جلسہ کر کے ملکی سیاسیات میں اہلحدیثوں کی قوت کو منوایا تھا، ان شاء اللہ اسی تاریخ کو دہراتے ہوئے گوجرانوالہ میں لیاقت باغ میں جلسہ عام کریں گے۔ اس موقع ناظم اعلیٰ پنجاب میاں محمود عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سیاسی و معاشی استحکام صرف اور صرف نفاذ اسلام سے وابستہ ہے، اس لئے ہر کارکن کو اپنی جدو جہد خالصتاََ اسلامی نفاذ کے لئے کرنی چاہئے۔مرکزی جمیعت اہلحدیث سٹی کے امیر پروفیسرسعید کلیروی اور ناظم اعلیٰ حافظ عمران عریف نے اس موقع پر قائدین جمعیت کو یقین دہانی کروائی کہ ہم مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے قائد علامہ ساجد میر کی قیادت میں ملک میں اسلامی نظام کی جدو جہد مرتے دم تک کرتے رہیں گے۔ اس جلسہ عام کو ان شاء اللہ کامیاب بنانے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اولیاء اللہ نے محبت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا درس دیا:پیر تبسم بشیر
بڈیانہ(جی پی آئی)اولیاء اللہ نے محبت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا درس دیا۔ مسلمان کے لئے عشقِ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سرمایۂ حیات اور باعثِ نجات ہے ۔صوفیائے امت نے اپنے ماننے والوں کو شدت پسندی ،قتل انسانیت سے دور کر کے محبتوں کو فروغ دیا ۔خانقاہی نظام میں کبھی کوئی قتل و غارت گری، دہشت گردی اور نفرت نظر نہیں آئے گی ۔ احترامِ انسانیت سے ہی قوموں کی اصلاح و فلاح ممکن بنائی جا سکتی ہے ۔حضورِ غوثِ اعظم رضی اللہ عنہ نے قوم کو علم و تحقیق ،فکر و نظر ، عمل و اصلاح سے سر بلندی عنایت فرمائی ۔صوفی شعراء بابا فرید، خواجہ فرید ،شاہ حسین ،بلھے شاہ، واصف بڈیانوی اور وارث شاہ رحمة اللہ علیہم جیسے اشخاص نے اپنی شاعری کو ذریعہ تبلیغ دین بنایا ۔کرسی سے دور مگر اپنے اللہ کے حضور یہ حضرات اولیاء تا قیامت عوام کی محبتوں کا مرکز رہیں گے ۔آج پاکستانی قوم کو آنے والے الیکشن میں بھی اولیاء اللہ کے ماننے والوں کو سپورٹ کر کے ملک کی تقدیر بدلنی ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی امیر عالمی تنظیم اہلسنت پنجاب و سربراہ اتحاد تنظیمات اہلسنت علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے واصفی آستانہ بڈیانہ شریف پر منعقدہ ماہانہ محفل گیارھویں شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل پاک سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین واصفی آستانہ بڈیانہ شریف حضرت پیر محمد ظہور واصف بڈیانوی نے کہا قوم مسلم کی تقدیر سنوارنے کے لئے اولیاء امت کے کردار کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان کا حصول بھی اولیاء اللہ کی محنتوں کا ثمر ہے ۔امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری رحمة اللہ علیہ کی قیادت میں علماء و مشائخ نے قائد اعظم رحمة اللہ علیہ کے ہاتھ مضبوط کئے۔ آج پھر صوفیاء کرام کی فکر کو فروغ دے کر ملک و ملت کی محرومیوں کو دور کرنا ہو گا۔ محفل پاک سے علامہ محمد سرور سلہریا، محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ ،صوفی اللہ دتہ واصفی ،خلیفہ محمد عدنان واصفی، خلیفہ محمد تنویر واصفی سمیت علماء کرام نے خطابات جبکہ معروف ثناء خواںمحمد نسیم حسان نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک و ملت کو نظام مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ضرورت ہے:پیر تبسم بشیر اویسی
ظفروال(جی پی آئی)ملک و ملت کو نظام مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ضرورت ہے ۔محمد عربی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے کائنات کو وہ نظام دیا جس میں امیر و غریب ،ادنیٰ و اعلیٰ اور افسر و ماتحت کے لئے یکساں حقوق موجود ہیں۔پاکستان کو کبھی آمریت اور کبھی نام نہاد جمہوریت نے لوٹا ہے ۔ عوام ہر دور میں مسائل سے دو چار رہے ۔ آج ملک و قوم دہشت گردی اور مہنگائی سمیت لوڈ شیڈنگ جیسے عذاب سے پریشان ہے ۔نظام مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں حکمران عوام کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں۔عدل و انصاف کی بالا دستی ہوتی ہے ۔آج پاکستان پر چند خاندانوں کا تسلط ہے ۔چہرے بدلے جاتے ہیں مگر نظام فرسودہ ہی رہتا ہے ۔عوام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک میں نفاذِ نظامِ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صدا بلند کرنے والوں کو ووٹ دے ۔وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لئے ووٹ کا استعمال بھی انتہائی ضروری ہے ۔سیاست نہیں ریاست بچانے والے بھی بہتی گنگا میں نہا گئے ۔ آج بقائے پاکستان کی جنگ جاری ہے جو عوام کو ووٹ سے جیتنی ہے ۔ فرقہ واریت اور شدت پسندی سے نکل کر ہمیں” ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے ”کا نعرہ مستانہ بلند کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے ملک شانِ مصطفےٰ کے زیر اہتمام درمان میں فکری و تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا قائد اعظم رحمة اللہ علیہ کو بھی نوجوانوں سے بڑی امیدیں تھیں جو قیام پاکستان کی صورت میں پوری ہوئیں۔ اب بقائے پاکستان اور نفاذِ نظام مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے لئے بھی نوجوان نسل کو میدانِ عمل میں اترنا ہو گا۔ پاکستان کا مقدر اسلام ہے ۔ہماری نجات و کامیابی اسلام سے ہے ۔مسائل و طن کا حل اسلام میں ہے ۔اس موقعہ پر علمائے کرام اور مذہبی جماعتوں کے علاقائی ذمہ داران بھی موجود تھے۔