اضلاع کی خبریں 24.7.2013
Posted on July 25, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
حکومت کالعدم مذہبی جماعتوں کے سامنے بے بس اور لاچار ہو چکی ہے: محمد اکرام بابر
گوجرانوالہ(جی پی آئی)پا کستان سنی تحریک کے ضلعی صدر محمد اکرام بابر نے کہا ہے کہ حکومت کالعدم مذہبی جماعتوں کے سامنے بے بس اور لاچار ہو چکی ہے۔ مسجد پر قبضہ اور سنی تحریک راولپنڈی کے دفتر پر حملے کی شدید مزمت کرتے ہیں۔چیف جسٹس آف پا کستان کالعدم جماعتوں کی دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کا نوٹس لیں۔بعض مذہبی جما عتیں ملک میں خانہ جنگی کی صورت حال پیدا کرنا چا ہتی ہیں۔ زخمی ہو نے والے کارکنان کی جرائت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ اسلام کے جڑواں شہر راولپنڈی میں موجود کالعدم دہشت گردوں کو قابو کرنے میں ناکام ہیں تو ملک بھر میں امن کیسے بحال کروائیں گے؟ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گذشذ شتہ رات راولپنڈی میں جامع مسجد البشیر اہلسنت و جماعت حنفی بریلوی پر قبضہ کر نے اور سنی تحریک کے دفتر پر حملہ کرنے والوں کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔محمد اکرام بابر نے کہاکہ اہلسنت کو انتقام اور پر تشدد کاروائی کیلئے اکسایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اس سے قبل کے راولپنڈی آگ اور خون کی ندی میں نہلا جائے دہشتگردوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائیں۔پولیس انتظامیہ راولپنڈی شدت پسند وں اور انتہا پسندوں کے سامنے ہتھیار ڈال چکی ہے۔سنی تحریک کے دفتر پر حملہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جایئے۔جبکہ جماعت رضائے مصطفی پا کستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، علامی تنظیم اہلسنت کے مر کزی ناظم اعلیٰ صاحبزادہ محمد ضیاء اللہ قادری،انجمن طلبہ اسلام کے رہنما چوہدری محمد اقبال ہنجراء ،پا کستان سنی فورس کے قائمقام سربراہ صاحبزادہ محمد عدیل عارف مہر،جماعت اہلسنت کے ضلعی امیر ٍمولانا محمد رفیق احمد رضوی ،جمعیت علماء پا کستان کے سکر ٹری اطلاعات مولانا الحاج محمد اکبر نقشبندی،سنی علماء کونسل کے رہنما مولانا محمد منشاء قادری و دیگر نے کہا ہے کہ مساجد پر قبضہ کرنے اور سنی تحریک کے دفتر پر حملہ کرنے والوں کے خلاف پولیس فوری قانونی کاروائی عمل میں لائے۔اہلسنت کے خلاف جاری شدت پسندی کا چیف جسٹس فوری نوٹس لیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غاصبوں اور ظالموں سے لڑنے کا درس ہمیں وراثت میں ملا ہے:مولانا صفدر گھمن قاسمی
گوجرانوالہ (جی پی آئی)جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا صفدر گھمن قاسمی نے کہا ہے کہ غاصبوں اور ظالموں سے لڑنے کا درس ہمیں وراثت میں ملا ہے، آقا دوجہاں ۖ نے معرکوں میں سرداروںاور ظالموں کا غرور خاک میں ملا کر ہمیں ظلم کیخلاف ڈٹنے کا درس دیا تھا، ہمارے حکمران آج امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم پستی کی طرف جا رہے ہیں، اللہ، رسول اور قرآن سے ناطہ جوڑنے میں کامیابی کا راز مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راہوالی میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا صفدر گھمن قاسمی کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مسلمان ممالک میں ہونے والے مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟ انہوں نے کہا کہ عوام ماہ رمضان میں کشمیر، فلسطین ودیگر ملکوں میں ظلم کے شکار مسلمان بھائیوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت ہر شعبہ ہا ئے زندگی میں عوام کی بہتری کے لئے اقداما ت کر رہی ہے:حاجی نواز چوہان
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ حکومت ہر شعبہ ہا ئے زندگی میں عوام کی بہتری کے لئے اقداما ت کر رہی ہے ، واسا ملازمین کو صفائی اور نکاسی آب کے مسئلہ کو حل کرکے عوام کوحل فوری ریلیف دینا ہوگا، بلاتفریق حلقہ کے مسائل کا حل میری ذمہ داری ہے، انشاء اللہ میں خود ہرجگہ حاضر ہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکلر روڈ، بیرون ایمن آبادی دروازہ تا کچا درازہ و اندرون محلہ تکیہ معصوم شاہ میں حالیہ مون سون بارشوں میں صفائی اور پانی کے نکاس کی ناگفتہ بہ صورتحال کی شکایات پر واسا اہلکاران کو احکامات دینے کے بعد موقع پر موجود شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نواز چوہان نے علاقہ کے لوگوں کو یقین دلایا کہ مسلم لیگ ن گوجرانوالہ شہر کو صاف و شفاف بنانے کا عزم کئے ہوئے ہے تاکہ بروقت خسرہ اور ڈینگی کی وبائوں سے بچا جا سکے۔ موقع پر واسا ملازمین نے جدید مشینری کے ذریعے صفائی کا عمل شروع کر دیا۔ اس موقع پر خواجہ خالد، حاجی عظمت اللہ، تنویر بٹ، غوری، عمران بٹ، خواجہ اشرف، ملک عمران، عبدالوحید، عبدالرشید، ملک عمیر، احتشام بٹ، تنویر بھٹی، بابا افضل، محمد اسلم ودیگر اہل علاقہ نے حاجی نواز چوہان کا علاقہ میں صفائی کی انتہائی تکلیف دہ صورتحال کا ازخود نوٹس لینے پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنی تائید کی یقین دہانی کروائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غر یب عوام کو سحر ی اور افطاری میں اندھیروں میں رہنے کی عادت ڈال دی ہے :علامہ یوسف اعوان
لاہور (جی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رُکن اسلامی نظر یاتی کو نسل پیر علامہ یو سف اعوان نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ پر سیاست کر نے والوں نے غریب عوام کو سحر ی اور افطاری میں اندھیروں میں رہنے کی عادت ڈال دی ہے بد ترین لوڈ شیڈنگ کے باعث غریب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے غریب عوام کو ریلیف دینے کے منصوبے بنائے ہیں مگر مسلم لیگ ( ن) غر بت کا نہیں بلکہ غریبوں کا ہی خاتمہ کرنے لگی ہے اور پاکستانی عوام سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے دعویٰ کرنے والوں کا انجام جو ہو گا وہ پوری قوم جانتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے اقتدار کا وقت بہت جلد ختم ہو نے والا ہے کیونکہ عوام کو حقائق سے گمراہ کرنے والوں کو بڑی شکست ہو گی اور پاکستان مسلم لیگ ( ن) ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال با ہر کرئے گی تاکہ پاکستان خوشحال ہو سکے۔
ا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری نثار علی خان کی منصورہ میں سیدمنورحسن سے ملاقات
لاہور(جی پی آئی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رانا تنویر احمد اور راجہ شہباز کے ہمراہ منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر محمد کمال اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ بھی موجود تھے۔ ملاقات قریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی جس کے بعد دونوں رہنمائوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی ۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہماری منصورہ میں آمد اور سید منورحسن صاحب سے ملاقات کا اولین مقصد تو اپنے صدارتی امیدوار کے لیے حمایت حاصل کرنا تھا، دوسرا اہم معاملہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا تھا جو قبل ازیں عمران خان کے برطانیہ چلے جانے پرملتوی ہو گئی تھی اور اب عید الفطر کے بعد اس کا انعقاد متوقع ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے امیر جماعت اسلامی کو اس پر بریف کیاہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کی بڑی پارٹیوں کے قائدین کو اس میں مدعو کر کے قومی پالیسی بنائی جائے جس کے مطابق ہم آئندہ ملک کو لے کر چلیں۔ آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے کے حوالے سے بھی ہم نے امیر جماعت اسلامی سے مشاورت کی ہے۔ تیسرا مقصد کراچی کے حالات کے حوالے سے سیدمنورحسن سے مشاورت کرنا تھی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کراچی میں اثر و رسوخ کے حوالے سے بڑی اور نمایاں جماعت ہے۔ کراچی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے آئندہ بھی جماعت اسلامی سے میٹنگز جاری رہیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کو دہشتگردی سے نجات دلانے کے لیے تمام پارٹیوں کو مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنانا ہوگاجس کے لیے وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ 23 سال کے پیدا کردہ مسائل کو بجلی کابٹن دباکر حل نہیں کیا جاسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی نے کہاکہ بنگلہ دیشی حکومت جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو غیر انسانی سزائیں دے رہی ہے۔ پاکستانی حکومت اور عوام جانتے ہیں کہ پروفیسر غلام اعظم اور ان کے ساتھیوں کو صرف پاکستان کو ٹوٹنے سے بچانے اور پاکستانی فوج کا ساتھ دینے کے جرائم کی سزائیں دی جارہی ہیں۔ ہم بنگلہ دیش کی آزادی اور خود مختاری کا احترام کرتے ہیں اور اس مسئلے کو بنگلہ دیش کا اندرونی مسئلہ قرار دیتے ہیں لیکن بنگلہ دیشی حکومت کو جماعت اسلامی کے رہنمائوں کے خلاف اپنے رویے پر نظر ثانی کرنی چاہیے ۔ہم بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔حکومت پاکستان کو ان کو دی جانے والی غیر انسانی سزائوں پر سخت تشویش ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ ہم نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی باقی قید پاکستان میں کاٹنے کے سلسلہ میں امریکی حکومت سے درخواست کی ہے ۔ امید ہے امریکی حکومت چند دنوں تک اس پر کاروائی کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایک ناتواں اور بے گناہ خاتون پر جرائم کا پہاڑ لاددیا گیاہے ۔اس موقع پرسیدمنورحسن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ سے مختلف قومی مسائل پر بات ہوئی ہے ۔ مسلم لیگ ن نے صدارتی امیدوار کے لیے حمایت مانگی ہے جس پر ہم نے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ جماعت میں مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ سیدمنور حسن نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت سے عوام نے جو توقعات باندھی تھیں اور جس کارکردگی کی امید لگائی تھی وہ تو ابھی تک پوری نہیں ہوئی۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔ لوگوں کو رمضان میں بھی حکومت سے کوئی ریلیف نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اس کے اصل اسباب کا کھوج لگانے اور دہشتگردوں کا ناطقہ بندکرنے کے لیے حکومت کو ذہنی طورپر تیار ہونا ہوگا۔ موجودہ حکومت اگر یہ کام کرتی ہے تو قوم ان سے تعاون کرے گی۔ دہشتگردی کی موجودگی میں ملکی معیشت بہتر ہوسکتی ہے نہ مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل پر قابو پایا جاسکتا سکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو بنگلہ دیش، مصر کے بارے میںقوم کے سامنے اپنی حکمت عملی کا اظہار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی بالادستی قبول کرنے اور اس سے تعلقات بڑھانے کے حکومتی اقدامات پر قوم کے اندر تشویش پائی جاتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بلدیاتی انتخابات پارٹی بیس پر ہونے چاہئیں :لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخابات پارٹی بیس پر ہونے چاہئیں ۔ عام انتخابات کے نتائج قوم کے سامنے ہیں جیتنے والی پارٹیاں ہی ایک دوسرے پر دھاندلی اور مینڈیٹ چرانے کے الزامات لگار ہی ہیں ۔ آنے والے دنوں میں مزید حقائق قوم کے سامنے آئیں گے کہ کس پارٹی کو کیسے مینڈیٹ نصیب ہوا۔ ملک میں مہنگائی ، بجلی کی لوڈشیڈنگ مسلسل بڑھ رہی ہے پنجاب میں طویل مدت سے حکومت میں رہنے والوں کو بارش کے پانی میں تصویریں بنوانے پر شرم سے ڈوب مرناچاہیے۔ وار آف ٹیرر سے نکلنے کے لیے پاکستان آزاد و خود مختار ملک کی حیثیت سے قومی پالیسیاں ترتیب دے اور قومی قیادت مل بیٹھے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی جانب سے چوہدری محمد صدیق کی رہائش گاہ پر سینئر صحافیوں ، کالم نویسوں اور اینکر پرسنز کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ ساجد انور، نذیر احمد جنجوعہ، امیر العظیم، مولانا عبدالحق ہاشمی، محمدانور نیاری، قیصر شریف، محمد انور گوندل ، چوہدری محمد صدیق، عبدالحفیظ احمد و دیگر موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہواہے۔ نام نہاد جمہوری حکومتیں بلدیاتی انتخابات کروانے کو تیار نہیں ہوتیں جس پر سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لیناپڑا۔ بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب عوام کا حق ہے جسے حکومتیں اپنی مقبولیت کا بھانڈا پھوٹنے کے خوف سے غصب کیے رکھتی ہیں۔ امن عامہ کی صورتحال ناگفتہ بہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جاری دہشتگردی کے آسیب نے اندرونی قومی سلامتی، معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ دو مرتبہ آل پارٹیز کانفرنس اور پارلیمنٹ سے منظور کی گئی قرار دادوں کو ردی کی ٹوکری کی نذر کر دیا گیا۔ موجودہ حکومت کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ دہشتگردی کی نام نہاد جنگ سے نکلنے کا اعلان کر دے اور قومی مسلمہ اصولوں پر از سر نو داخلہ خارجہ پالیسیاں ترتیب دے ۔ قومی قیادت بھی وقت و حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے قومی فیصلوں پر درد مشترک قدرمشترک کارویہ اپنائے۔ جماعت اسلامی ملک کی بہتری کے لیے کیے جانے والے فیصلوں پر ساتھ دے گی ۔انہوں نے کہاکہ آج بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت بھارتی ایما پر اور مصر میں فوجی طاقت سے جمہوری حکومت پر امریکی و یورپی ممالک کی ایما پر شب خون مارا گیا ہے۔ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنمائوں کو موت کی سزا پاکستان سے وفادار کے جرم میں میں دی گئی۔ ہم تمام کالم نویسوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بنگلہ دیش او مصر میں بربریت کے خلاف آواز حق بلند کی ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ موجودہ حکومت کا بھارت سے دوستی اور تجارت کرنے کارویہ پاکستان کے لیے سود مند نہیں اس سے پاکستانی اور کشمیری عوام و قیادت کو منفی پیغام پہنچاہے ۔ حکومت کو عجلت میں اندھی گلی کی طرف نہیں جاناچاہیے ۔ حکومت بھارت سے دوستی کا رویہ ترک کرے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ سفر عمرہ و زیارت حرمین الشریفین سے آج واپس پہنچ گئے ہیں
لاہور (جی پی آئی)ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ سفر عمرہ و زیارت حرمین الشریفین سے آج واپس پہنچ گئے ہیں ۔ سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض، جدہ، دمام ، الجبیل، ابہا، خمس اور مشیط میں پاکستانی بھائیوں کے بڑے بڑے اجتماعات اور افطار پارٹیوں سے خطاب کیا اور پاکستان و عالم اسلام کے حالات پر روشنی ڈالی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انفراسٹرکچر کی ترقی کے بغیر معیشت کے فروغ کا خواب پورا نہیں ہوسکتا: شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)پنجاب حکومت اور چین کی بین الاقوامی کمپنی چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن کے درمیان آج یہاں رنگ روڈ لاہورکے ویسٹرن لوپ کی تعمیر سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئےـ پنجاب حکومت کی جانب سے چیئرمین رنگ روڈ اتھارٹی نے دستخط کئے جبکہ چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن کی نمائندگی ڈائریکٹر اوورسیز کارپوریشن نے کیـ وزیر اعلی محمد شہباز شریف، صوبائی وزیر ہائوسنگ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، ڈی جی ایل ڈی اے، چیئرمین رنگ روڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھےـ معاہدے کے تحت چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن ملتان روڈ مراکہ سے نیازی انٹرچینج تک رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے نیلامی کے عمل میں حصہ لے گیـمراکہ سے نیازی انٹرچینج پیکیج تک26 کلومیٹر طویل حصے کو ویسٹرن لوپ کا نام دیا گیا ہےـچائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن ویسٹرن لوپ کی تعمیر کیلئے ماہرین کی فراہمی کے علاوہ منصوبہ بندی اور ڈیزائننگ بھی کرے گیـوزیراعلی محمد شہباز شریف نے مفاہمتی یادداشت پردستخط کی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہپاکستان خصوصا پنجاب میں توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبو ںمیں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیںـ پنجاب حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات اور سہولیات فراہم کر رہی ہےـ انفراسٹرکچر کی ترقی کے بغیر معیشت کے فروغ کا خواب پورا نہیں ہوسکتاـ پنجاب حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مواصلات و تعمیرات کے شعبے کیلئے خطیر رقم مختص کی ہےـ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ لاہور کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے اور اگلے مرحلے میں ملتان روڈ مراکہ سے نیازی انٹرچینج تک ویسٹرن لوپ کو مکمل کیا جائے گاـ چین کی بین الاقوامی کمپنی کی جانب سے رنگ روڈ کے ویسٹرن لوپ کی تعمیر میں دلچسپی خوش آئند ہےـ وزیراعلی نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیںـ اس موقع پر چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن کے عہدیداروں اور ماہرین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیںـ پنجاب میں رنگ روڈ پراجیکٹ، مونوریل اور میٹرو پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیںـ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول میسر ہے اور ہمیں پنجاب آ کر دلی خوشی ہوئی ہےـ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف کی طرف سے غیرملکی سرمایہ کاروں سے متعلق معاملات میں ذاتی دلچسپی لینے سے ان کی زبردست حوصلہ افزائی ہوئی ہےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سرکاری محکموں کی استعدادکار بڑھانے کیلئے جامع ادارہ جاتی نظام وضع کیا جائے،شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تیز رفتار ترقی کیلئے سرکاری اداروں کی استعدادکار بڑھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ سرکاری اداروں میں روایتی تاخیر سے نہ صرف منصوبوں کی پیداواری لاگت میںاضافہ ہوتا ہے بلکہ عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے جامع ادارہ جاتی نظام وضع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کی سب کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی جو اس ضمن میں7روز میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔وہ آج پنجاب میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور سرکاری اداروں کی استعدادکار بڑھانے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین رنگ روڈ اتھارٹی، وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ صوبے میں تیز تر ترقی یقینی بنانے کیلئے انفراسٹرکچر اور سماجی شعبوں کے اداروں میں جدید تقاضوں کے مطابق تبدیلیاں لانا ہوں گی۔ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے حوالے سے سرکاری محکموں کو ذمہ داری سے فرائض سرانجام دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈگورننس اور شفافیت یقینی بنائے بغیر ترقی اور عوام کی خوشحالی کا عمل آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔ اس تناظر میں محکموں کی کارکرکردگی بہتر بنانے اور جامع ادارہ جاتی نظام وضع کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی سب کمیٹی اس بارے میں تفصیلی جائزہ لے کر جامع سفارشات تیار کرے جس کے بعد حکومت ٹھوس حکمت عملی تیار کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ میگا پراجیکٹس کے آغاز سے تکمیل تک کیلئے روایتی طریقہ کار کی جگہ جدید بزنس ماڈل تیار کیا جائے تاکہ ایک طرف قومی وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جاسکے تو دوسری جانب ان منصوبوں کے زیادہ سے زیادہ ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔