اضلاع کی خبریں30.03.2013

پاکستان کی صنعتی یونٹس مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں:محمد فیصل میر

اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان پیپلز پارٹی شیرپائوکے فیڈرل کونسل ممبر محمد فیصل میرنے پاکستان میں ظالمانہ اور ناروا لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری طور پر بند کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ 16گھنٹے لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور پاکستان کی صنعتی یونٹس مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اس شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش کی بدولت عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور وہ احتجاج پر مجبور ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ بھر میں طویل ترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس نے نہ صرف عوام کی نیندیں حرام کررکھی ہیں بلکہ پاکستان کے اقتصادی ڈھانچے کو شدید جھٹکا لگا ہے اور پاکستان میں صنعتیں بند اورکاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں اور آج یہ لوگ بحران کی ذمہ داری وفاقی حکومت کے سر ڈال کراپنے آپ کو اس مسئلہ سے مبرا قرار دے رہیں ہیں جبکہ یہ لوگ وفاقی حکومت میں شریک اقتدارہونے کے باوجودصوبے کے اس اہم مسئلے کو وفاقی حکومت کے ساتھ حل کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے جاری بحران پر قابو پانے کی بجائے اس کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے جس کی توقع ایک عوامی حکومت سے کسی صورت نہیں کی جاسکتی محمد فیصل میرنے کہا کہ حکومت بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے عملی کوششیں کرے تاکہ عوام کے اشتعال،تشویش اور بے چینی کاخاتمہ ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع میںجمعیت علماء اسلام ف کو شدید دھچکہ،
اسلام آباد(جی پی آئی)سا بق وفاقی وزیر اور این اے 27سے قومی اسمبلی کے امیدوار سلیم سیف اللہ خان نے شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیف اللہ برادران کے سیا ست کا مقصد مروت قوم کی خدمت کرنا ہے اورلکی مروت میں جتنی ترقیاتی کام سیف اللہ برادران نے کیے ہیں ان کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔شمولیتی جلسوں میں جمعیت علماء اسلام ف حاجی دلئی خان بمعہ اپنے خاندان اور سینکڑوںساتھیوں سمیت اور اصلاحی کمیٹی کے ارکان نے سیف اللہ برادران کی آئندہ انتخابات میں بھر پور حما یت کا اعلان کر دیا۔ سلیم سیف اللہ خان نے کہا کہ لکی مروت میں ترقیاتی کاموں کا سہرا سیف اللہ برادران کے سر پر ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے مخالفین کو لکی مروت میں کوئی امیدوار ہیں نہیں مل رہا اورامپورٹڈ امیدواروں کو یہاں آزمانے کی کوشش کر رہے ہیں جن کو مروت قوم پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمیعت علماء اسلام ف کے ملک عمران جو پی کے 75کے صوبائی امیدوار ہیں کی ڈگری پہلے ہی8 200 کے انتخابات میں جعلی قرار دے دی جا چکی ہے جس پر آرٹیکل 62اور 63کا اطلاق ہوتا ہے اور انتخابات کے اہل ہی نہیں ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ملک عمران کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے تا کہ وہ لوگ اسمبلیوں میں نہ پہنچ سکے جنہوں نے قوم کے ساتھ جھوٹ بولا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرم تنگی ڈیم کی تعمیر پر انتخابات سے پہلے ہی کام شروع ہو جائے گاجس کی تعمیر میںسابق وزیر اعلی اکرم خان درانی نے جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈالی تھی جس سے خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع میں توانائی، آبپاشی اورآبنوشی کے مسائل کا خاتمہ ہو جائے گااور ترقی کا دور دورہ ہو جائے گا۔انہوں نے مروت قوم سے اپیل کی کہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کر کے محب وطن اورمحب قوم ارکان کو اسمبلیوںمیں بھیجے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے: چودھری پرویزالٰہی، چودھری شجاعت حسین
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ دریں اثناء دونوں قائدین نے سابق وفاقی وزیر برائے قومی آہنگی اکرم مسیح گل کی قیادت میںایک وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت میں رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا گیا مگر ن لیگ کی حکومت کے دوران گوجرہ اور بادامی باغ کے سانحات جیسے کئی واقعات ہوئے جس سے پوری دنیا میں پاکستا ن کو شرمندگی اٹھانا پڑی۔ انہوںنے مزید کہاکہ ہم بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں اور تمام مذاہب اور تہذیبوں کا احترام کرتے ہیں۔ پاکستان کی تعمیرو ترقی میں مسیحیوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان میں مسیحیوں کا کردار قابل فخر رہا۔ اس موقع پر اکرم مسیح گل نے کہاکہ ایسٹر کا تہوار ایثار و قربانی کا درس اور تمام مذاہب کیلئے امن کا پیغام دیتا ہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ مسیحی برادری چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کی شکر گزار ہے کہ انہوںنے سانحہ بادامی باغ پر دلی ہمدردی کا اظہار کیا، جوزف کالونی کا دورہ کیا اور متاثرین کے دکھوں کے مداوے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے امداد کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔ اکرم مسیح گل نے مسیحی برادری سے اپیل کی کہ وہ موجودہ الیکشن میں ایسی جماعتوں کو نظر انداز کردیں جنہوںنے اقلیتوں کا استحصال کیا اور مسیحی برادری کی جائیدادوں پر قبضہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے نگراں حکومت اور قومی ادارے ہر ممکن اقدامات کریں:ثروت اعجاز قادری
لاہور (جی پی آئی) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجا ز قادری نے کہا ہے کہ انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے نگراں حکومت اور قومی ادارے ہر ممکن اقدامات کریں ۔جمہوری سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے عوام اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔حکمران قانون کی بالادستی کو ہر حال میں یقینی بناکرعوام کے حق رائے کودبانے والوں سے کوئی رعایت نہ برتے۔ عوام کی حق رائے پر ڈاکہ ڈال کرعوام دشمن قوتیں اقتدار میں آکر عوام کے حقوق غصب کرتی ہیں۔مہنگائی بے روز گاری، دہشتگردی ،کرپشن میں اضافہ غلط پالیسیوں اور مصلحت پسندی کا شاخسانہ ہے۔پاکستان سنی تحریک انتخابات میں حصہ اقتدار کیلئے نہیں مظلوم غریب عوام کے حقوق کے حصول اور ان کی آواز کوا یوان بالا تک پہنچانے کیلئے لے رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی آفس داتا دربار میں پاکستان سنی تحریک کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے والے متوقع امیدواروں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ انتخابات کا بنیادی مقصد ریاستی مسائل حل کرنے کیلئے نئے راستے کھولنا ہوتا ہے اب عوام اپنے بیلٹ کی طاقت سے عوام کے حقوق غصب کرنے والوں کو ہمیشہ کیلئے مسترد کردیں۔کارکنان ذمہ داران عوام میں ووٹ کی اہمیت اور شعور کو اجاگر کریں۔60فیصد خاموش طبقہ جو ووٹ نہیں ڈالتا ان پر بھاری ذمہ داری ہے کہ ملک میں انقلاب لانے کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال ہر حال میں یقینی بنائیں ۔عوام دشمن قوتیں اقتدار تک اسی وجہ سے پہنچ جاتی ہیں کہ ملک کی اکثریت عوام ووٹ کاسٹ نہیں کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا واحد ایٹمی ملک ہے اسلام و ملک دشمن قوتیں پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتی یہ وجہ ہے کہ دہشتگرد نت نئے حربے استعمال کر کے ملک کو کمزور کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں ۔پاکستان سنی تحریک خدمت سب کیلئے سلوگن کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے کراچی سمیت ملک بھر میں پاکستان سنی تحریک کے سیکڑوں نامزد امیداواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیںانہوں نے کہا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ کالعدم تنظیمیں نام بدل کر انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں ملکی سلامتی کے اداروں کو اس طرف توجہ دینی چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کاروزنامہ” خبریں” کے ایڈیٹررپورٹنگ محمد ابراہیم لکی کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور(جی پی آئی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے روزنامہ ”خبریں” کے ایڈیٹررپورٹنگ محمد ابراہیم لکی کے والد عبد الحق کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور دکھ کااظہار کیاہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میںنجم سیٹھی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبروتحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ن لیگ نے عوام کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا:پرویز رفیق
لاہور(جی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ پنجاب کے صدر پرویز رفیق نے کہا ہے کہ ن لیگ نے عوام کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا پانچ سال تک پنجاب میں عوام کے حقوق سلب کئے گئے، ان کو مظالم کا سامنا کرنا پڑا، ان کے مسائل حل کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام پانچ سال تک در بدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے۔ عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی، ان کے مسائل میں اضافہ ہوتا
گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ ن نے جمہوریت کی خاطر بہت کچھ قربان کیا ہے:اللہ رکھا چوہدری
لاہور(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے جمہوریت کی خاطر بہت کچھ قربان کیا ہے یو سی 48 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اس نے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ، پنجاب میں پانچ سال مثالی انداز میں عوام کی خدمت کی ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ پنجاب کے عوام ہمارے دور حکومت کو یاد کر رہے ہیںکیونکہ ہم پنجاب میں ٹھوس اقدامات کر کے عوام کے مسائل حل کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمہوریت عوامی رائے پر یقین رکھتی ہے جبکہ آمریت ون مین شو ہے:عابد حسین صدیقی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ جمہوریت عوامی رائے پر یقین رکھتی ہے جبکہ آمریت ون مین شو ہے انہوں نے کہا کہ ایک آدمی ملک کے مفاد میں کیسے فیصلے کر سکتا ہے، ایک آدمی کی سوچ محدود ہوتی ہے۔ قوم کی اجتماعی سوچ سے ہی ملک کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ جمہوری قوتوں کے اور حکومت میں بہت فتوحات ہوئی ہیں، عوامی رائے کبھی غلطی پر نہیں ہوتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جوزف کالونی بادامی باغ میں مسیحی برادری کے گھر جلائے جانے کا واقعہ انسانیت سوز
فعل ہے،نجم سیٹھی
لاہور(جی پی آئی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ جوزف کالونی بادامی باغ میں مسیحی برادری کے گھر جلانے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور کوئی بھی مذہب ایسے انسانیت سوز واقعہ کی اجازت نہیں دیتا۔بربریت کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ایسے واقعات کی مستقبل میں روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ معاشرے میں تحمل، برداشت اور امن کے فروغ کے لئے تمام طبقات کو اپنافعال کردار ادا کرنا ہوگا۔صوبہ پنجاب میں آئندہ کسی صورت بھی ایسا واقعہ برداشت نہیں کیاجائے گا۔وہ آج ایوان وزیراعلیٰ میں جوزف کالونی بادامی باغ میں ہونے والے امدادی کاموں سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سیکرٹریز داخلہ، قانون، مواصلات و تعمیرات، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ایڈیشنل آئی جیز، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جوزف کالونی بادامی باغ کے واقعہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج متاثر ہوا ہے،ایسے افسوسناک واقعات کسی صورت قابل برداشت نہیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بین المذاہب ، ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس مقصد کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے اور اقلیتوں کو پاکستان میں دیگر شہریوں کی طرح مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے تمام اقلیتی باشندے برابر کے شہری ہیں اور ان کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوںنے کہاکہ مسیحی برادری نے قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان کے عمل میں بھرپور حصہ لیاہے اور پاکستان میں فروغ تعلیم کے حوالے سے بھی مسیحی تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب میں ایسے واقعات کے سدباب کے لئے موثر اور ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے اور اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایاجائے۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو واقعہ بادامی باغ کے ضمن میں درج ہونے والے
کیس پر ہونے والی پیش رفت کے سلسلے میں بریفنگ دی گئی جبکہ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے اجلاس کو بتایاکہ جوزف کالونی بادامی باغ میں 268خاندانوں میں 5لاکھ روپے فی خاندان مالی امداد تقسیم کی جاچکی ہے۔ متاثرہ گھروں کی تعمیر ومرمت کے بعد تمام متاثرہ خاندان اپنے گھروں میں آباد ہو چکے ہیں جبکہ ایک گھر جو مکمل تباہ ہوگیا تھا اس کی تعمیر و مرمت کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جوزف کالونی میں مستقل پولیس چوکی بھی قائم کردی گئی ہے اور پولیس کا گشت بھی یقینی بنایاگیاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی) سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے کہ عوام عام انتخابات میں کرپشن مافیا کو ہر گز ووٹ نہ دیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ پرویز مشرف کے مارشل لاء کے خلاف مسلم لیگ ن نے طویل جدوجہد کی اور اس جدوجہد کی وجہ سے ہی جمہوریت بحال ہوئی مگر پیپلز پارٹی نے جدوجہد ضائع کر دی، پیپلز پارٹی کے قائدین نے عوام کی خدمت کرنے کی بجائے اپنی جیبیں بھری۔ عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نگران حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے امریکا کو خط لکھے’ سید منورحسن
لاہور(جی پی آئی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے امریکا کو لکھا جانے والا خط اتنا ہی موثر ثابت ہوسکتا ہے جتنا سابقہ حکومت کی جانب سے لکھا جانے والا ہوسکتا تھا۔عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے صدر ‘وزیراعظم اور آرمی چیف نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو ادا کرنا چاہیے تھا۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہے مگر اس کے ساتھ سوتیلی
بیٹی جیسا سلوک کیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی اور ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی’ سیکریٹری نسیم صدیقی’سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اورڈائریکٹر پبلک ریلیشن سرفراز احمد بھی موجود تھے۔سید منور حسن نے کہا کہ میں جب بھی کراچی آتا ہوں تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ سے اظہار یکجہتی اور دکھ درد بانٹنے کیلئے ان سے ملاقات کیلئے ضرور آتا ہوں ہمارا دکھ مشترک ہے۔ سابقہ حکومت نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا نہیں کیا’ جو کام حکومت کے کرنے کا ہے وہ پاکستان کے 18 کروڑ عوام ملکر بھی نہیں کرسکتے۔ نگران حکومت بھی آئینی اور قانونی حکومت ہے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں اس کا خط لکھنا بھی کارآمد ثابت ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں سید منورحسن نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سے مذاکرات جاری ہیں کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور انتخابی گہما گہمی کی وجہ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کی رفتار سست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے موقع پر مبارکباد
لاہور(جی پی آئی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری سمیت پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ایسٹر مسیحی برادری کا ایک مذہبی تہوار ہے اور میں اس موقع پر مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نگران وزیراعلیٰ نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ مسیحی برادری کی تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں خدمات لائق تحسین ہیں۔ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام ہم سب کی مشترکہ
ذمہ داری ہے اور میں مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کے تہوار پر مبارکباد دینے کے ساتھ انہیں یقین دلاتا ہوں کہ صوبے میں اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور ان کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ بحیثیت قوم ہم سب پاکستانی ہیں اور یہ ملک ہم سب کا ہے جسے ہم نے مل کر امن و آشتی اور پیار و محبت کا گہوارہ بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کے جائز حقوق دے کر پاکستان کو عالمی برادری میں باوقار مقام دلایا جا سکتا ہے۔ نجم سیٹھی نے اپیل کی کہ مسیحی برادری ایسٹر کی دعائیہ سروس میں پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وال چاکنگ کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایاجائے،وزیراعلیٰ
لاہور(جی پی آئی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہترسے بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے۔ الیکشن کے پرامن ا نعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیںگےـعام انتخابات میں ووٹرز کو اپنے حق رائے دہی کے استعما ل کے لئے پر امن ماحول یقینی بنائیںگےـ نگران حکومت شفاف ، آزانہ اور منصفانہ بنانے کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کرے گیـعام انتخابات کا پرامن اور غیر جانبدارانہ انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کریںگےـان خیالات کا اظہار انہوںنے آج ایوان وزیراعلی میں امن وامان اور سکیورٹی سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاـسیکرٹری داخلہ ، انسپکٹر جنرل پنجاب، ایڈیشنل آئی جیز ، کمشنر لاہو رڈویژن ، ڈی سی او لاہور ، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جیز کے علاوہ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کیـنگران وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی اور ا من وامان کے چیلنج کو ناممکن نہیں سمجھتے ـنگران حکومت سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہےـ نگران وزیراعلی نے ہدایت کی کہ انتخابی مہم کے دوران ریلیوں ، جلوسوں اور جلسوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائےـشہریوں کی جان مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہےـ پولیس عوام کو
پرسکون ماحول کی فراہمی اور جرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیںبروئے کار لائےـانہوںنے کہاکہ وال چاکنگ کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائےـصوبہ بھر میں نفرت اور اشتعال پھیلانے والے بینرزاور پوسٹرزفوری طو رپر اتارے جائیںـ انہوںنے کہاکہ تیزرفتار ترقی اور معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے امن و امان بے حد ضروری ہے۔ قیام امن کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائے گا۔اس موقع پر انسپکٹرجنرل پولیس نے صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیف الیکشن کمشنر اور آزاد عدلیہ 11مئی کو شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں:جماعت اسلامی
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ،چیف الیکشن کمشنر اور آزاد عدلیہ پربھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ 11مئی کو شفاف ،آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائیں۔عوام پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں سے تنگ آچکے ہیں اور ملک میں”تبدیلی”چاہتے ہیں۔جماعت اسلامی کی دیانتدار،باکردار اور جراتمند قیادت ملک میں بہتری لاسکتی ہے۔عوام آئندہ الیکشن میں”کرپشن فری”پاکستان بنانے کے لئے جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو کو ووٹ دیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور اقتدار میں مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لئے کچھ نہیں ہوا۔پیپلز پارٹی کی حکومت نے روٹی،کپڑا اور مکان کا دلفریب نعرہ لگا کر عوام کو بے وقوف بنایا اور سبز باغ دکھا کر اقتدار پر قبضہ کیا۔ اس کے بعد عوام پر مہنگائی،غربت،بیروزگاری اور بدامنی کے بار بار بم گرائے ۔اس وقت ملک کی40فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبو رہے۔آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک نے ہماری معیشت پر قدغن لگا رکھی ہے اور اسے اپنے ظالمانہ شکنجے میں جکڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی ایک بڑی وجہ حکمرانو ں کی شاہانہ اور بے تحاشا اخراجات ہیں جوکہ کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ایوان
صدر اور وزیر اعظم ہا ئوس نے غیر ضروری اخراجات کرنے کے اگلے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ایک طرف ظالمانہ لوڈ شیڈنگ نے معیشت کو تباہ اورعوام کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے جبکہ دوسری جانب روز مرہ کی اشیاء ضرورت آٹا،گھی، دال، چاول، چینی، سبزیاں، فروٹ سب کچھ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے لوگ خودکشیاں کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ملک میں سالانہ اربوں روپے کی کرپشن لمحہ فکریہ ہے۔کرپشن ناسور کی شکل اختیار کرچکی ہے اور یہ ملکی وسائل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے اور قومی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سینئر صحافی محمد ابراہیم لکی کے والد کے انتقال پر جماعت اسلامی پنجاب کے رہنمائوں کا اظہار تعزیت:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر،سیکر ٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ،جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمران الحق نے سینئر صحافی محمد ابراہیم لکی کے والدعبد الحق کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔(آمین)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میری ڈگری بالکل درست ثابت ہو چکی ہے:ثمینہ خاور حیات
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی سابق رکن پنجاب اسمبلی و مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ق شعبہ خواتین ثمینہ خاور حیات نے کہاہے کہ میری ڈگری بالکل درست ثابت ہو چکی ہے، چند لوگ افواہیں پھیلا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں یہ لوگ ماضی میں بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے سازشیں تو ہر دور میں ہوتی رہی، ہر دور میں ہونے والی سازشیں ناکام ہوئی آئندہ بھی ناکام ہوں
گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور پورے ملک میں حکومت بنائے گی اور پہلے کی طرح اب بھی عوام کی خدمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے عوام کو جو زخم لگائے ہیں ان پر مسلم لیگ ق ہی مرہم پٹی کرے گی، عوام کے مسائل عوام کی دہلیز پر حل کریں گے۔ ہم عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے تھے اور آئندہ بھی عوام کی طاقت سے ہی بر سراقتدار آئیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی جمہوری جماعت ہے:شمسہ یوسف
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی شمسہ یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی جمہوری جماعت ہے آئندہ انتخاب یں پھر ابھر کر سامنے آئے گی اور لوٹ کھسوٹ کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پانچ سال تک بہترین طریقے سے عوام کے مسائل حل کئے ہیں عوام کی مشکلات حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ، مسلم لیگ ن نے میرٹ کی بالا دستی قائم کی، میرٹ کو فروغ دیا، پنجاب میں انصاف کا بول بھالا ہوا ہے اور عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ عوام کو آمریت کے دور سے نجات دلائی ہے۔ مسلم لیگ ن آئندہ انتخاب میں کامیاب ہو کر پھر عوام کی بھرپور طریقے سے خدمت کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم انسٹیٹیو ٹ اور سلطان باھُو فورم کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی ”حضرت سلطان باھُو کانفرنس ”لاہور میں اختتام پذیر
لاہور(جی پی آئی)مسلم انسٹیٹیو ٹ اور سلطان باھُو فورم کے زیرِ اہتمام سہ روزہ بین الاقوامی ”حضرت سلطان باھُو کانفرنس ”لاہور میں اختتام پذیر ۔کانفرنس کے تیسرے دن بانی مسلم انسٹیٹیوٹ حضرت سلطان محمد علی نے صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے
کہا کہ حضرت سلطان باھُو کی فارسی کی ایک سو چالیس کے قریب کُتب پر ابھی صرف ابتدائی کام ہوا ہے جبکہ آپ کے پنجابی کلام پر بہت کام ہوا ہے۔جس طرح علامہ اقبال کے فلسفہ کو سمجھنے کیلئے اردو کلام کافی نہیں بلکہ فارسی سمجھنا ضروری ہے اسی طرح حضرت سلطان باھُو کے فلسفہ کو سمجھنے کیلئے آپ کی فارسی کُتب کو سمجھنا ضروری ہے۔آپ کے کلام میں ھُو کی پکار آپ کو عالمی ادب میں نمایاں حیثیت دیتی ہے۔ھُو فقط ایک ردیف نہیں بلکہ ایک مکمل نظام ہے اور جو اسے صحیح پڑھتا ہے وہ منزل پا لیتا ہے۔ سابق سیکرٹری جنرل برائے امورِ خارجہ اکرم ذکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربّ العالمین اوررحمة للعالمین کو ماننے والے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے انسانوں اور اُن کے جان و مال کی حفاظت کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔انسان کی رُوح کا تعلق اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہے ہمیں اِس رشتہ کو ضائع کرنے کی بجائے بحال کرنا اور اِس کی اہمیت کو سمجھنا ہے ۔تمام انسانوں کے مابین یہی تعلق اصل رشتہ پیدا کرتا ہے اوراولیاء کی یہی تعلیمات دُنیا میں امن کی ضامن ہوسکتی ہیں۔سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ،جسٹس (ر)جاوید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور یہاں فرقہ واریت کا جواز نہیں بنتا بلکہ یہاں روحانی جمہوریت کا قیام ہونا چاہئے۔ہمارے آج کے مسائل کا حل صوفیاء کی تعلیمات پر عمل کرنے میں پوشیدہ ہے۔ حضرت سلطان باھُو نے شریعت کو مکمل طور پر اپنایا اور متوازن عقیدے کا درس دیا جس میں شریعت اور طریقت ساتھ ساتھ ہیں۔علا مہ اقبال نے عشق کو اصل بنیاد قرار دیا ہے اور یہی صوفیاء کی بھی تعلیمات ہیں۔ہماری یونیورسٹیز میں تقابلِ ادیان کا شعبہ لازمی ہونا چاہئے تا کہ ہم دوسرے مذاہب کو سمجھیں اور اسلام کی بھی اصل روح سے آشنا ہوں ۔معروف قانون دان سینیٹر ایس ایم ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ دراصل اقوامِ عالم کے اشتراک کا نامکمل خلاصہ ہے۔مکمل خلاصہ یعنی برداشت، احترام اور انسان دوستی حضرت سلطان باھُو کے کلام میں ملتا ہے۔ اُن کی تعلیمات میں قول و فعل کا تضاد نہیں ملتا اور اسی وجہ سے انہوں نے شہرت پائی۔قائداعظم کے قول و فعل میں بھی تضاد نہ تھا اور اسی وجہ سے اُن کی زبان نہ جاننے کے باوجود اُن کی بات میں اثر تھا۔اسلام کی ابتدا پڑھو سے ہوتی ہے اور ہمارے معاشرے
کے مسائل کا حل تعلیم دوست معاشرے میں پوشیدہ ہے۔حضرت سلطان باھُو کی علم کی حدود بہت وسیع ہیں اور اگر ہمیں اُن کی تعلیمات سے کچھ حاصل کرنا ہے تو ہمیں تعلیم کو عام کرنا ہو گا۔صدر شعبہ تحقیق و پبلی کیشنز حضرت سلطان باھُو کونسل ،پروفیسر ڈاکٹر سلطان الطاف علی نے حضرت سلطان باھُو کی تعلیمات اُجاگر کرنے کیلئے مسلم انسٹیٹیوٹ کی کاوشوں کو سراہا۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان لاالٰہ الا اللہ کے نظریے پر معرضِ وجود میں آیا تھا اور یہی اس کا اصل مقصد ہے۔اُنہوں نے کہاکہ حضرت سلطان باھُو نے افلاطون اور ارسطو سمیت شریعت کے مقابلے میں آنے والے تمام نظریات کی نفی کی اور نفاذِ دین کی تعلیم دی۔آپ کے نظریات کے دو اہم پہلو آدمیت اور وجدان ہیں۔ہمیں اپنے مسائل کے حل کیلئے سیرت النبی ۖ پر عمل کرنا ہے تا کہ فرقہ واریت اور دیگر فروعی اختلافات کا خاتمہ ہواور یہی حضرت سلطان باھُو کاپیغام ہے۔چیئر مین مسلم انسٹیٹیوٹ ،صاحبزادہ سلطان احمد علی نے مسلم انسٹیٹوٹ کے متعلق تعارفی پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کا مقصد غیر جانبدارانہ اور آزادانہ تحقیق اور مکالمہ کے ذریعے آج کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے ۔آج اِنسانیت کو سب سے بڑا خطرہ بذاتِ خود انسان سے ہے۔خلائی اور ایٹمی ہتھیار انسان کی تباہی کے لئے بنائے گئے ہیں۔ آج کی کانفرنس کا مقصد ہمیں در پیش سماجی، معاشرتی، معاشی اور دیگر مختلف الانواع مسائل کا حل حضرت سلطان باھُو کی تعلیمات کی روشنی میں تلاش کرنا ہے۔اسی سلسلے میں کانفرنس کے مختلف سیشنز میں مختلف موضوعات کیلئے ملکی و غیر ملکی سکالرز، محققین اور دانشوروں کو مقالہ جات پیش کرنے کی دعوت دی گئی۔نوجوانوں کے سوالات کے جواب میں انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کو محض انٹرٹینمنٹ کی بجائے اپنا اصل تشخص دُنیا کے سامنے لانے کیلئے استعمال کرنا چاہئے۔ڈاکٹر ظہور احمد اظہرصدر ہجویری چیئر پنجاب یونیورسٹی لاہورنے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہما ری نوجوان نسل کو بہت الجھے ہوئے مسائل کا سامنا ہے اور ان کا واحد حل اولیائے کاملین کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے۔ حضرت سلطان باھُو نے دِل کو انسان کا مرکز قرار دیا ہے اور اس میں فقط اللہ کی طلب ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ہندو شناس تھے اور انہوں نے ہمیں ہندوئوں کی
سازشوں سے آگاہ کیا اور ہماری راہنمائی کی۔انہوں نے دارالارقم کو تربیت گاہ قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیا۔ ناظمِ اعلیٰ اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین دربار حضرت سلطان باھُو، الحاج محمد نواز قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سلطان باھُو نے 140کتب تحریر کیں ، آپ کی تعلیمات کا بنیاد ی مرکزانسانِ حقیقی یعنی انسان کا رُوحانی وجود ہے اور اس کی بیداری کیلئے قلبی ذکر اللہ ضروری ہے ، ہمیں اپنی مادی فطرت پر روحانی فطرت کو غالب کرنا ہے تا کہ معاشرہ مستحکم رہ سکے۔کانفرنس میں معروف تجزیہ نگار،مختلف یونیورسٹیز کے پروفیسرز اور طلبا، صوبائی و قومی اسمبلیوں کے ممبران، مختلف تحقیقی ادارہ جات کے ممبران اور صحافیوں کی بڑی تعداد سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔یاد رہے کہ کانفرنس کے پہلے دو دن کے سیشنز کا اہتمام اسلام آباد میں کیا گیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی بزنس فورم پنجاب کے ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس آج 31مارچ کو منصورہ میں ہوگا
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان بزنس فورم پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کا ایک اہم اجلاس 31مارچ بروز اتوار منصورہ میں10بجے صبح منعقد ہوگا۔اجلاس میں پنجاب بھر کے چیپٹرز کے ذمہ داران و عہدیداران اجلاس میں شرکت کریں گے۔اجلاس میں سالِ نو کی تنظیم ِنو کے علاوہ سالانہ منصوبہ عمل اور اس کے اہداف بھی طے کیے جائیں۔اجلاس میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ خصوصی طور پر شرکت کریں گے اور انتخابی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر گجرات سید وقار جاوید نقوی کی والدہ محترمہ قلیل علالت کے بعد انتقال کر گئیں

گوجرانوالہ (جی پی آئی ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر گجرات سید وقار جاوید نقوی کی والدہ محترمہ قلیل علالت کے بعد انتقال کر گئیں مرحومہ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ان کے آبائی گائوں امین پور سیداں میں سپردخاک کر دیا گیا نما ز جنازہ میں سابق اراکین اسمبلی وکلاء صنعتکاروں تاجروں اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی مرحومہ کی روح کو ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی آج صبح آٹھ بجے انکی رہائش گاہ واقع گلی حوالدار والی دھلے گوجرانوالہ میں ادا کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف کے سوا کوئی اورملک کو مسائل کے گرداب سے نہیں نکال سکتا :غلام دستگیر خان
گوجرانوالہ(جی پی آئی)سینئر راہنما مسلم لیگ ن غلام دستگیر خان نے کہاہے کہ نواز شریف کے سوا کوئی اورملک کو مسائل کے گرداب سے نہیں نکال سکتا ، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان ہم وطنوں کو صدائیں دے رہا ہے،کارکن الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کے لئے گلی محلوںمیںپھیل جائیں ،ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے عملی جدوجہد کرنا ہوگی،بلال قدرت بٹ پر حملہ بزدلی اور انتہائی قابل مذمت ہے ،ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی ،بے روزگاری،دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے ہوئے عوام کے پاس آئندہ الیکشن ان تمام مصیبتوں سے چھٹکارے کا بہترین موقع بن کر آرہا ہے، زرداری ٹولے کے ظلم وستم کے مارے ہو ئے عوام 11مئی کوملک کی تقدیر بدلنے کا تہیہ کر کے گھروں سے نکلیں اورپولنگ سٹیشنوں پر جاکر مکروفریب،جھوٹ اور لوٹ کی سیاست کااپنے ووٹ کے ذریعے قلع قمع کر کے رکھ دیں،انہوں نے کہا کہ چوروں لٹیروں نے پاکستان کے تمام بڑے ادارے لوٹ کرملکی معیشت کو تباہ کن صورتحال سے دوچار کر دیا ہے،اپنی عیاشیوں کے لئے اندھا دھند قرضے لے لے کر ملک کے بچے بچے کو غیروں کا مقروض بنادیا گیا ہے، پاکستان کو غلام بنائے رکھنے کے لئے ہمارے دشمنوں
نے سونامی خان کی شکل میں عوام کو ورغلا نے منصوبہ بنایا ہے، عوام اغیار کی سازشوں اورصورتحال کی نزاکت کا صحیح ادراک کریں اور نواز شریف کی میڈ ان پاکستان قیادت کو ایک بار پھر وزیر اعظم منتخب کر کے ملک دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملا دیں،انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے راہنما بلال قدرت بٹ پر ہونے والا حملہ انتہائی بزدلانہ حرکت اور سخت قابل مذمت ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتارکر کے قرار واقعی سزا دی جائے،اس موقع پر انجینئر خرم دستگیر خان،غلام قادر خان ،حاجی عبدالرئوف مغل،اشرف علی انصاری،رانا انتظار احمد،محمد اسحاق اولکھ ایڈووکیٹ سمیت مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ میں آج ڈویژن کا نمائندہ کنونشن منعقد کیا گیا
گوجرانوالہ (جی پی آئی)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ میں آج مورخہ 30-03-13کو گوجرانوالہ ڈویژن کا نمائندہ کنونشن منعقد کیا گیا جسمیں گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام صدوروسیکرٹری صاحبان نے شرکت کی ۔صدرات صدر گوجرانوالہ بارچوہدری عرفان سعید نے کی اور نظامت کے فرائض سیکرٹری بار رانا وقاص حسن خاں نے ادا کیے۔ کنونشن میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا کہ ہائیکورٹ کے بیچ کا قیام ناگزیر ہے اور یہ ہمارا حق ہے اور اپنا حق لے کر رہیںگے اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریع نہیں کیا جائے گا اور کوئی روکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور یہ بھی متفقہ طور پر منظور کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ اس سلسلہ میں جو بھی قدم اُٹھائے گی پوری ڈویژن اُس کے ساتھ ہو گی اور اُس کے ہمقدم ہوگی۔اس سلسلہ میں کل مورخہ31-03-13کو بوقت 02:30بجے تمام ڈویژنل بار کے صدور اور سیکرٹری صاحبان کی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ لاہور سے ملاقات ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ(ن) کے راہنما و امیدوار پی پی 96 عامر یعقوب وڑائچ ایڈووکیٹ نے کہاکہ الیکشن میں قوم میاں نواز شریف کاساتھ دے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) مسلم لیگ(ن) کے راہنما و امیدوار پی پی 96 عامر یعقوب وڑائچ ایڈووکیٹ نے کہاکہ الیکشن میں قوم میاں نواز شریف کاساتھ دے تو یقیناپاکستان ترقی یافتہ ممالک کی دوڑ میں شامل ہو جائیگا، ان خیالات کا اظہار کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے الیکشن میں ہم پر اعتماد کیا تو حلقہ پی پی 96 کو گوجرانوالہ کامثالی حلقہ بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پیپلزپارٹی کی عوام دشمن پالیسیوں سے عاجز آ چکے ہیں اور اب میاں برادران کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں، عامر یعقوب وڑائچ نے کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پنجاب سمیت پورے ملک سے کلین سویپ کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ ایوب الیاس نے کہا ہے کہ ہمارے منشور کا عنوان ”مضبوط معیشت، مضبوط پاکستان” ہے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ ایوب الیاس نے کہا ہے کہ ہمارے منشور کا عنوان ”مضبوط معیشت، مضبوط پاکستان” ہے، ہمارا سیاسی ویژن اقتصادی خود مختاری کے فلسفہ کے گرد گھومتا ہے، آج کی دنیا میں قوموں کی سلامتی، استحکام اور ترقی کی ضمانت مضبوط اور پائیدار معیشت کے ذریعہ ہی فراہم کی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ غربت، بیروزگاری، مہنگائی، توانائی کا بحران، بدامنی، انتہا پسندی اور قومی بے توقیری ان سب کا علاج معیشت کی مضبوطی اور ترقی سے جڑا ہے۔ خواجہ ایوب الیاس نے کہا کہ ہم دنیا میں وقوع پذیر ہونیوالی تبدیلیوں سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، پیپلزپارٹی نے معاشی طور پر ملک تباہ کردیا ہے، مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر سرمایہ کاروں کا اعتمادبحال کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امیر جماعت اسلامی زون پی پی 92 چودھری رضوان چیمہ نے کہا ہے کہ بلال قدرت بٹ ایک منجھے ہوئے اور جرأت مند سیاستدان ہیں
گوجرانوالہ (جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی زون پی پی 92 چودھری رضوان چیمہ نے کہا ہے کہ بلال قدرت بٹ ایک منجھے ہوئے اور جرأت مند سیاستدان ہیں، ان پر حملہ در اصل انتخابات سے پہلے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی سازش ہے تاکہ لوگ ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے نہ نکلیں اور بین الاقوامی قوتوں کی خواہش کے مطابق ایک معلق پارلیمنٹ وجود میں آسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ روڈ پر منعقدہ انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بلال قدرت بٹ پر حملہ شرمناک اور انتخابات سے پہلے امن و امان کے خلاف ایک سازش ہے اور ہم قاتلوں کی گرفتاری تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی حلقہ پی پی 93کے نامزد امیدوار شاہد منیر گوندل نے کہا ہے کہ علاقہ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ اولین ترجیح ہوگی
گوجرانوالہ (جی پی آئی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 93کے نامزد امیدوار شاہد منیر گوندل نے کہا ہے کہ علاقہ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ اولین ترجیح ہوگی حلقہ پی پی 93کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا اور عوامی محرومیوں میں اضافہ کیا گیا لیکن منتخب ہونے کے بعد ہم علاقہ کی تقدیر بدل دینگے اگر عوام نے اعتماد کیا تو انشاء اللہ عوامی اعتماد پر پورا اترتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹریٹ پی پی 93 میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہی حقیقی معنوں میں اسلامی انقلاب لاسکتی ہے اور وہ دن دور نہیں جب جماعت اسلامی برسراقتدار آکر لٹیروں اور ملک تباہ کرنیوالوں کا احتساب کریگی اور ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کریگی۔ اس موقع پر رہنما جماعت اسلامی ادریس ناز،عمران گجر سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی
موجود تھی۔