اضلاع کی خبریں 8.10.2013
Posted on October 9, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
مہنگائی پر سیاست چمکانے والے اپنے ماضی پر نظر ڈالیں ‘خواجہ طارق جاوید نائیک
گوجرانوالہ (جی پی آئی) راہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)وسابقہ ڈپٹی میئر خواجہ طارق جاوید نائیک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملکی ترقی اورقوم کی بہتری کے لئے جو اہداف طے کئے ہیں اس میں وہ ضرور کامیاب ہوں گے۔ مسلم لیگ ن نے قوم کو پہلے کبھی مایوس کیا اور نہ اب کرے گی۔ مشرف اور پیپلز پارٹی کے کرپٹ دور میں پاکستان کو پچاس سال پیچھے دھکیل دیا گیا۔عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ہر سطح پر مشکلات میں مبتلا کیا گیا’ مہنگائی کے نام پر سیاسی دکانداری چمکانے والی سیاسی جماعتیں اپنے ماضی پر نظر ڈالیں تو انہیں شرمندگی کے سوا کچھ نظر نہیں آئے گا، پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام کو اندھیروں اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ تحریک انصاف کی صوبہ خیبر پختونخوا میں کارکردگی بھی عوام کے سامنے ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بزم لاثانی پاکستان ضلع لاہور کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا
لاہور (جی پی آئی) بزم لاثانی پاکستان ضلع لاہور کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ عرس مبارک حضرت پیر سید جماعت علی شاہ لاثانی و نقش لاثانی بارے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس لاثانی قرآن محل دلاور روڈ چاہ میراں میں منعقد ہوا جس میں پرنسپل ادارہ تعلیمات قرآن پاکستان علامہ بشیر احمد مجددی نقشبندی، احمد حسن، رانا ذیشان، ڈاکٹر خالد محمود نجمی، مرزا محمد یوسف بیگ اور دیگر شرکاء نے بھر پور شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت بزم لاثانی پاکستان کے ضلع لاہور کے صدر منیر احمد نقشبندی نے کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی بھیکاریوں بارے روک تھام مثبت قدم ہے۔ شہزاد انجم بیگ
لاہور (جی پی آئی) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کا بھیکاریوں بارے روق تھا م مثبت قدم ہے کیونکہ بھیک مانگنے والے بھیک کی آڑ میں متعدد جرائم بھی کرتے ہیں اکثر بھیکاری منشیات جیسی لعنت میں بھی مبتلا ہوتے ہوئے ایڈز ہیپاٹاٹس جیسے مرض بھی پھیلاتے ہیںان خیالات کا اظہار سیف چائلڈ فائونڈیشن کے صدر شہزاد انجم بیگ نے کیا انہوں نے کہا کہ پروفیشنل بھیکاری حق دار لوگوں کا نہ صرف حق مارتے ہیں بلکہ موقع ملنے پر مختلف قسم کی وارداتیں بھی کرتے ہیں بھیک کی آڑ میں معاشرے کا نقصان کرتے ہوئے بچوں کو اغوا بھی کرتے ہوئے لوگوں کو خوشیوں سے محروم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈی سی او لاہور نسیم صادق کا بھیکاریوں کے خلاف کاروائی انتہائی ضروری قدم ہے اس سے معاشرے میں تبدیلی آئے گئی عوام بھی پروفیشنل بھیکاریوں کی روق تھام کے لیئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے پر نظر رکھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رائٹ ٹو انفارمیشن آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 19 اے کے خلاف ہے، ق لیگ پنجاب
پھر بیٹی : شوہر کا خوف، ماں نے جڑواں بیٹیوں کو نہر برد کر دیا، عدالت کے حکم پر 6 افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ درج دو ملزمان گرفتار
لاہور ( جی پی آئی) پھر بیٹی، شوہر کا خوف،ماں نے جڑواں بیٹیوں کو نہر برد کر دیا۔عدالت کے حکم پر 6 افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ درج دو ملزمان گرفتار، ماں لاپتہ۔ سوشل میڈیا تنظیم اور عالمی شہرت یافتہ نیوز ایجنسی ‘میڈیا ڈور’کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ کے نواحی قصبہ عملی کے سہاگ میں آسیہ بی بی زوجہ غلام فرید کے ہاں دو جڑواں بیٹیوں کی پیدائش ہو ئی، پیدائش کے فوراًبعد خاوند سے مبینہ ناراضگی کی بنا پر آسیہ بی بی نے دونوں نومولود جڑواں بیٹیوں کو اپنے رشتہ داروں سے ملکر نہر سہاگ میں پھینک دیا جس سے دونوں بچیاں ہلاک ہوگئیں۔ اطلاع ملنے پر مرنیوالی بچیوں کے والد غلام فرید نے ایڈیشنل سیشن جج دیپالپور کی عدالت میں رٹ دائر کی جس پر عدالت نے ملزمہ ماں آسیہ بی بی، اسکے رشتے داروں سمیرا بی بی، محبوب علی، شاہنواز اور غلام نبی کے خلاف زیر دفعہ 302,201,148,149 ت پ مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ تھانہ حویلی لکھا میں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، پولیس نے دو ملزمان غلام نبی اور محبوب علی کو گرفتار کر لیا ہے تاہم قاتل ماں ابھی تک لاپتہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت متاثرین زلزلہ کی بحالی تک امداد جاری رکھے گی، بلوچ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا : شہباز شریف
لاہور (جی پی آئی) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے آج یہاں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات نے ملاقات کی اور وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے زلزلہ متاثرین بلوچستان کیلئے 2 کروڑ 18 لاکھ روپے مالیتکے چیک دیئے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے مختلف یونیورسٹیوں کی جانب سے ایک کروڑ 38 لاکھ، سابق ایم این اے زاہد اقبال نے 50 لاکھ، مسعود اقبال نے 20 لاکھ اور جلال الدین رومی نے 10 لاکھ روپے کے چیک پیش کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات دینے والوں کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ مشکل کی گھڑی میں بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی مددکرنا ہمارا دینی و قومی فریضہ ہے۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی بڑھ چڑھ کر امدادکی ہے۔ میری اپیل پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے صاحب ثروت حضرات، تاجر، صنعتکار اور بزنس مین بلوچ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔ مخیر حضرات بلوچ بہن بھائیوں کی امداد کیلئے کارخیر میں مزید بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور فراخدلی سے عطیات دیں تاکہ مصیبت زدہ بلوچ بہن بھائیوں کو ان کے گھروں میں دوبارہ آباد کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی مدد کا کام قومی جذبے کے ساتھ جاری ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد کیلئے لسبیلہ میں رابطہ دفتر قائم کیا گیا ہے جبکہ رحیم یار خان میں بیس کیمپ بنایا گیا ہے۔ متاثرین کی امداد کیلئے میرا ہیلی کاپٹر امدادی اشیاء متاثرہ علاقوں میں پہنچا رہا ہے جبکہ ضروری اشیاء اور ادویات کے ٹرک روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ علاقوں میں پہنچائے جا رہے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت متاثرین زلزلہ کی بحالی تک امداد جاری رکھے گی اور بلوچ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آواران میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ عوام کے عطیات سے بلوچستان میں سوات کی طرح جدید ہسپتال بنایا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دفاع وطن جرم نہیں، صلاح الدین قادر کو سزائے موت قابل مذمت ہے: چودھری شجاعت حسین
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے متحدہ پاکستان قومی اسمبلی کے سپیکر فضل القادر چودھری کے صاحبزادے اور بنگلہ دیش کے رکن پارلیمنٹ صلاح الدین قادر چودھری کو بنگلہ دیش کے جنگی ٹربیونل کی طرف سے سزائے موت دینے کے فیصلے کی بھی مذمت کی ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے ان اقدامات سے وہ گڑھے مردے اکھاڑ کر اپنے ہی ملک کے مستقبل کو خراب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سزائوں کے بارے میں بین الاقوامی طور پر بھی یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ اس طریقے سے پہلے بار پرانے واقعات کو جرم قرار دینے کا نیا قانون بنا کر گذشتہ واقعات پر بھی سزا دی جا سکتی ہے یا نہیں کیونکہ یہ مسلمہ اصول ہے کہ سزا اس جرم کی دی جا سکتی ہے جس کے ارتکاب کے وقت اس کے بارے میں قانون موجود ہو۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ دفاع وطن کو جرم بنا کر سزا نہیں دی جا سکتی، صلاح الدین قادر اور پروفیسر غلام اعظم سمیت دیگر تمام رہنمائوں کی سزائیں کالعدم قرار دی جائیں اور اگر کوئی مقدمہ ہے تو بین الاقوامی عدالت قائم کر کے اس میں پیش کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید منورحسن کاچیئرمین نیب کے تقرر پر ردعمل
لاہور (جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے چیئرمین نیب کی تقرری پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے۔ ایک عرصے سے حکومت اوراپوزیشن میں چیئرمین نیب کے تقرر پر اتفاق نہیں ہو پا رہا تھا، اب اگر دونوں جماعتیں ایک فرد پر متفق ہوئی ہیں تو آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ چیئرمین نیب خود کو اس عہدے کا اہل ثابت کر پاتے ہیں یا نہیں۔ ان کے رویے سے بہت جلد یہ معلوم ہو جائے گا کہ وہ اپنا کردار نبھانے میں کس حد تک مخلص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیئرمین نیب نے سابقہ حکمرانوں کی کرپشن کے مقدمات کھول کر ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت قومی خزانے میں جمع کروا دی اور موجودہ حکومت کو کرپشن کا موقع نہ دیا تو قوم سمجھے گی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں، لیکن اگر انہوں نے سابقہ چیئرمین کی طرح ڈنگ ٹپائو پالیسی اپنائی تو وہ اپنے عہدے سے وفا نہیں کر پائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گردوں سے پہلے مولانا فضل الرحمان کو اپنے ہتھیار ڈالنے چاہیں
اسلام آباد (جی پی آئی) پچاس جماعتی گرینڈ الائنس کی چیئرپرسن اور تحریک مساوات کی چیئر پرسن مسرت شاہین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان خود اچھے نشانہ باز ہیں دوسروں سے بندوقیں رکھنے کی بات کس منہ سے کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں سے پہلے مولانا فضل الرحمان کو اپنے ہتھیار ڈالنے چاہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صحافیوں کے ایک وفد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں خبر چلی کہ مولانا فضل الرحمان سیکورٹی کے بغیر دوستوں کے ہمراہ کسی پہاڑی پر نشانے لگاتے پائے گئے۔ جب ان کے اپنے شوق ایسے ہیں تو اب وہ کون سی اعتدال پسندی عام کرنا چاہتے ہیں۔ کل تک خود بندوق کے زور پر شریعت کے نفاذ کی باتیں کرنے والے آج ہتھیار ڈالنے کی تلقین کر رہے ہیں۔ طالبان سے مذاکرات کامیاب بنانے کیلئے تمام جماعتوں کی مشاورت ضروری ہے۔ حکومت کامیاب مذاکرات کیلئے چھوٹی جماعتوں کو بھی ساتھ لیکر چلے۔