بدین (عمران عباس) محکمہ روینیو میں دیگر اضلاع کے ملازمین کو بھرتی کرنے کے خلاف مقامی ملازمین کا احتجاج جاری، تفصیلات کے مطابق ڈی سی آفیس بدین اور اس کے ماتحت دفاترمیں مختلف محکمہ جات میں 46 سے زائد ضلع بدین کے علاوہ دیگر اضلاع کے نوجوانوں کو اسسٹنٹ جونیئر کلرک، کوٹار، نائب قاص اور دیگر عہدوں پر ملازمتیں دینے کے خلاف گزشتہ روز بھی روینیو اتحاد بدین کے رہنماؤں علی نواز سموں ، سلیم میمن، اللہ بچایو قمبرانی اور اللہ بخش خاصخیلی کی سربراہی میں ڈی سی آفیس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دیا گیا۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ کمشنر آفیس حیدرآباد اور بورڈ آف روینیو میں بیٹھی کرپٹ مافیا نے بھاری رشوت لیکر دیگر اضلاع سے 46 سے زائد افراد بدین کے متعلقہ محکمہ میں ملازمتوں پر بھرتی کیا ہے جس کے باعث نا صرف مقامی بیروزگار نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالہ جارہا ہے بلکہ سالوں سے کام کرنے والے سینئر ملازمین کی سینیارٹی بھی متاثر ہورہی ہے، انہوں نے الزام لگائے ہوئے مزید کہا کہ جعلی بھرتیوں کے انکشافات کے بعد متعلقہ محکموں میں بیٹھے افسران خاموش رہنے کے لیئے دھمکیاں دے رہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ان جعلی ملازموں کو بدین سے نکالا نہیں گیا تو ضلع بھر کی روینیو دفاتر میں تالا بندی کرکے احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔